جناب اے کے خان مشیر محکمہ اقلیتی بہبود کے عہدہ کی معیاد میں
مزید ایک سال کی توسیع، چیف سیکریٹری نے جی او جاری کیا
حیدرآباد: 30۔ڈسمبر(سحرنیوزڈاٹ کام)
حکومت تلنگانہ نے جناب اے کے خان(عبدالقیوم خان) آئی پی ایس (ریٹائرڈ) مشیرمحکمہ اقلیتی بہبود کے عہدہ کی معیاد میں مزید ایک سال کی توسیع کی ہے۔
اس سلسلہ میں ریاستی چیف سیکریٹری مسٹر سومیش کمار نے جی او G.O.Rt.No.2901 مورخہ 29 ڈسمبر 2021 جاری کردیا ہے۔

یاد رہے کہ یکم جنوری 2017 کو جناب اے کے خان ((عبدالقیوم خان) آئی پی ایس،ڈائرکٹر جنرل تلنگانہ اینٹی کرپشن بیورو کے عہدہ سے ؤظیفہ حسن خدمات پر سبکدوش ہوئے تھے۔
جنہیں تلنگانہ حکومت مشیر محکمہ اقلیتی بہبود مقرر کرتے ہوئے ان کی بے داغ اور بہترین خدمات سے استفادہ کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہے۔
65 سالہ جناب عبدالقیوم خان ” اے کے خان ” کی حیثیت سے اپنی خصوصی شناخت رکھتے ہیں اور شہر حیدرآباد کو فسادات سے پاک رکھنے کے لیے ان کی خدمات بحیثیت پولیس کمشنر حیدرآباد آج بھی یاد کی جاتی ہیں۔
ایک وقت تو ایسا بھی آیا تھا کہ اس وقت کے پولیس کمشنر حیدرآباد جناب اے کے خان ساری رات پیدل پرانے شہر حیدرآباد کی گلیوں اور شاہراہوں پر گھومتے ہوئے عوام کو یہ احساس دلایا تھا کہ میں ہوں نہ! اور انہوں نے پولیس جمعیت کے ساتھ شہر میں امن و امان کی برقراری میں بہترین کردار نبھایا تھا۔
آج جہاں اے کے خان تلنگانہ مائنارٹی ریزیڈنشیل ایجوکیشن انسٹیٹیوشنس سوسائٹی (ٹمریز) کے تحت قوم کے بچوں کو تعلیم کے زیور سے آراستہ کرنے میں مصروف ہیں وہیں انہوں نے کبھی بحیثیت پولیس عہدیدار کئی رؤڈی شیٹرس،چوروں اور ڈاکوؤں کو سیدھا کیا تھا،منشیات فروشوں اور سماج دشمن طاقتوں سے نمٹا اور ٹریفک نظام کی بہتری کے لیے کئی ایک کارنامے انجام دئیے۔
جناب اے کے خان کا تعلق 1981 کے آئی پی ایس بیاچ سے ہے۔ان کا پہلا تقرر بطور تربیتی ایڈیشنل ایس پی متحدہ ریاست آندھراپردیش کے وجئے واڑہ میں عمل میں آیا تھا ان کے والد محترم ایک آئی اے ایس عہدیدار تھے۔
جناب اے کے خان نے زیادہ تر خدمات شہر حیدرآباد میں انجام دیں وہ ریاستی زبان تلگو سے واقفیت رکھنے والی شخصیت ہیں وہیں سنسکرت بھی جانتے ہیں اور ایک بہترین فٹ بال کھلاڑی بھی ہیں۔
انہوں نے متحدہ ریاست کے کئی اضلاع میں بحیثیت ایس پی بعد ازاں ڈی آئی جی،ڈی سی پی،ڈائرکٹر جنرل فائر سرویسیس،ایڈیشنل کمشنر آف پولیس ٹریفک،محکمہ سی آئی ڈی اور بطور نائب صدر و مینجنگ ڈائرکٹر اے پی ایس آرٹی سی خدمات انجام دیں۔
بہت کم لوگ اس بات سے واقف ہیں کہ شراب پی کر گاڑی چلانے پر جرمانے اور سزا کا اطلاق جناب اے کے خان کے دؤر میں ہی متعارف کیا گیا تھا اس وقت وہ کمشنر آف پولیس حیدرآباد کے عہدہ پر فائز تھے۔

