قرآن فہمی اورسنہری تہذیب سے واقفیت کیلئے نوجوان اردو سیکھیں

بین ریاستی خبریں ریاستی خبریں

قرآن فہمی اورسنہری تہذیب سے واقفیت کیلئے نوجوان اردو سیکھیں
ایوانِ غزل ورنگل میں منعقدہ پروگرام سے مولانا صابرعالم کا خطاب

ورنگل:17۔مارچ (سحر نیوز ڈاٹ کام)
مولانا صابر عالم نے نوجوان نسل کو تلقین کی ہے کہ جو نوجوان اردو زبان سے ناواقف ہیں وہ اپنے وقت میں سے کچھ وقت اپنی مادری زبان اردو کیلئے بھی مختص کرتے ہوئے اردو زبان سے سیکھیں وہ ایوان غزل ورنگل میں منعقدہ " نوجوانوں نسل اور انکی ذمہ داری” کے عنوان پرمنعقدہ ایک پروگرام سے خطاب کررہے تھے۔

مولانا صابر علم نے تاسف کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آج کی زیادہ تر نوجوان نسل اردو زبان سے ناواقف ہے انہوں نے نوجوانوں سے خواہش کی کہ وہ اردو ضرور زبان سیکھیں تاکہ قرآن فہمی میں آسانی ہو اور ساتھ ہی ہماری تابناک تہذیب و تمدن سے واقف ہو سکیں۔

اپنے خطاب میں مولانا صابر عالم نے کہاکہ ہماری مقدس کتاب قرآن مجید اور اہم اسلامی کتابیں جن کا ترجمہ اردو زبان میں موجودہے وہ ہمارے لیے انتہائی نادر اور قیمتی ہے۔

مولانا نے کہا کہ قرآن کریم کا اردو ترجمہ ہی ہمارے لیے قرآن فہمی کا ذریعہ ہے ،احادیث کی کتابیں، انبیاءؑ و اولیاء کرام کےواقعات اور ان کی سوانح حیات کے علاوہ مسلمانوں کی تاریخ اور ہمارے ملک کی گنگا جمنی تہذیب جیسے بیشتر مضامین پر کی کئی ایک کتابیں اردو زبان میں موجود ہیں۔

اور ضرورت شدید ہے کہ نوجوان نسل اردوزبان سیکھے اور ان تمام کتابوں میں موجود نادرونایاب معلومات سے واقفیت حاصل کریں اور مولانا صابر عالم نے ان مسلم نوجوانوں کو تلقین کی کہ آنیوالی نسلوں تک ان معاملات کو منتقل کرنا انہی کا فرض بنتا ہے۔

اس موقع پر ایوانِ غزل کے ذمہ داران محمد اکبر محی الدین ضیاء، محمد اختر حسین، محمد حبیب الدین موظف لیبر آفیسر، ایڈوکیٹ عابد عبدالغنی ماہر، کے علاوہ انجینئر سید امیر الدین بھی موجود تھے۔