مکان میں کنویں کی کھدائی کے دوران دس کروڑ ڈالر مالیتی نیلم پتھروں کا ذخیرہ برآمد
سری لنکا:30۔جولائی(سحرنیوزڈاٹ کام/ایجنسیز)
پڑوسی ملک سری لنکا کے ایک مکان میں کنویں کی کھدائی کے دوران ایک بہت بڑا پتھرہاتھ لگاہے جس سے بڑی تعداد میں نیلم پتھر جڑے ہوئے ہیں اوران کی ابتدائی مالیت دس کروڑ ڈالر بتائی جاتی ہے۔
سری لنکائی حکومتی ادارے کے مطابق شاید یہ دنیا کا سب سے بڑا ذخیرہ ہے جہاں اعلیٰ معیار کے نیلم اتنی بڑی تعداد میں ایک ہی جگہ جمع دستیاب ہوئے ہیں۔

بیضوی پتھر کا کل وزن 500 کلوگرام سے زائد ہے جس پر لگ بھگ 25 لاکھ قیراط کے قیمتی پتھر جڑے ہوئےہیں۔مقامی افراد کے مطابق یہ پتھر رتنا پورا کے علاقے میں ایک مکان کے عقب میں کنویں کی کھدوائی کے دوران برآمد ہوا ہے۔ یاد رہے کہ یہ علاقہ پہلے ہی نیلم کے ذخائر کی وجہ سے عالمی شہرت حامل ہے۔
جوہریوں نے اسے ” قسمت والا نیلم ” کا نام دیا ہے جس پر لگے جواہر کی رنگت ہلکی نیلی ہے۔گھر اور پتھر کے مالک گم اج نے بتایا کہ پہلے کنواں کھودنے والوں نے انہیں بتایا کہ انہیں کچھ نایاب نیلم ملے ہیں جنہیں ” اسٹار سیفائر ” بھی کہا جاتا ہے۔گم اج کا خاندان جواہرات کے کاروبار سے منسلک ہے۔پتھر اور مٹی کے اس ڈھیر کو صاف کرکے نیلم نکالنے میں ایک سال کا عرصہ لگا ہے۔
سری لنکا میں برآمد نیلم کے ذخیرہ سے متعلق سری لنکائی نیوز چینل کا 2 منٹ طویل ویڈیو یہاں دیکھا جاسکتاہے۔
صفائی کے دوران متواتر پتھر گرتے رہے اور سب بہت بلند معیار کے تھے تاہم ان کی تصدیق اور سرٹیفکیشن کا عمل اب بھی باقی ہے۔جہاں سے یہ ذخیرہ ملا ہے اس کا نام رتنا پورا ہے جس کے معنی ” جواہرات کے شہر ” کے ہیں۔سری لنکا نے گزشتہ برس ہیرے جواہرات کی فروخت اور تراش خراش سے نصف ارب ڈالر کمائے ہیں۔
تاہم دیگر ماہرین نے کہا ہے کہ انہوں نے نیلم کا اتنا بڑا ذخیرہ پہلے کبھی نہیں دیکھا تھا۔اب بین الاقوامی ماہرین اس کا جائزہ لیں گے امکان ہے کہ نیلم کا یہ دس کروڑ ڈالر مالیتی ذخیرہ سری لنکا کی معیشت کو بہتر بنانے میں معاون ثابت ہوگا۔

