ورلڈ باکسنگ چمپئن نکہت زرین حیدرآباد پہنچ گئیں، ایرپورٹ پر سرکاری سطح پر فقیدالمثال استقبال

ورلڈ باکسنگ چمپئن نکہت زرین حیدرآباد پہنچ گئیں
ایرپورٹ پر سرکاری سطح پر فقیدالمثال استقبال

حیدرآباد:27۔مئی(سحرنیوزڈاٹ کام)

نکہت زرین جن کا تعلق ہندوستان کی ریاست تلنگانہ کے نظام آباد شہر سے ہے۔نے 19مئی کو استنبول،ترکی میں منعقدہ فلائی ویٹ فائنل میں تھائی لینڈ کی جیتپونگ جوٹاماس کو یکطرفہ انداز میں 0-5 سےشکست دے کر خواتین کی عالمی چمپئن شپ میں 52 کلوگرام کے زمرہ میں سونے کاتمغہ حاصل کرتے ہوئے ملک،قوم اور ریاست کا سر فخر سے اونچا کردیا تھا۔

اس طرح نکہت زرین میری کوم،سریتا دیوی،جینی آر ایل اور لیکھا کے سی کےبعد عالمی چیمپئن شپ میں طلائی تمغہ جیتنے والی صرف پانچویں ہندوستانی خاتون باکسر بن گئیں۔چار سال بعد 25 سالہ نکہت زرین نے ہندوستان کو یہ عالمی تمغہ واپس لایا۔اس سے قبل 2018 میں ایم سی میری کوم چیمپئن بنی تھیں۔

عالمی خطاب اپنے نام کرنے کے بعد آج شام نکہت زرین حیدرآباد پہنچ گئیں۔جہاں ایرپورٹ پر ریاستی وزرا،ارکان پارلیمان،مختلف کھلاڑیوں،اعلیٰ سرکاری عہدیداروں اورعوام کی بڑی تعداد نے ان کا فقیدالمثال استقبال کیا۔نکہت زرین کو جلوس کی شکل میں شمس آباد ایرپورٹ سے ایل بی اسٹیڈیم لے جایا جارہا ہے۔جہاں انہیں سرکاری سطح پر تہنیت پیش جائے گی۔

ایرپورٹ پہنچنے پر ریاستی وزرا سرینواس گوڑ اور پرشانت ریڈی نے ان کا والہانہ استقبال کیا۔اور ان کے ساتھ حیدرآباد پہنچیں شوٹر ایشا سنگھ کو گلدستے پیش کرتے ہوئے مبارکباد دی۔

یاد رہے کہ نکہت زرین کی جانب سے ورلڈ باکسنگ چمپئن شپ میں گولڈ میڈل حاصل کرنے پر وزیراعظم نریندر مودی اور وزیراعلیٰ تلنگانہ کے۔چندراشیکھرراؤ کے علاوہ بشمول اداکار سلمان خان، ملک اور ریاست کی کئی اہم شخصیتوں،فلم اداکاروں،وزرا اور دیگر نے مبارکباد دی تھی کہ نکہت زرین نے ملک کا سر فخر سے اونچا کردیا۔

وہیں ریاست کے عوام اس انتظار میں ہیں کہ متوسط طبقہ سے رکھنے والی نکہت زرین کی جانب سے انجام دئیے گئے اس کارنامہ اور ریاست تلنگانہ کے عوام کا سر بلند کیے جانے پر ریاستی حکومت کی جانب سے انعام و اکرامات کا کب اعلان کیا جائے گا اور کیا کیا اعلان کیے جائیں گے؟

چونکہ ریاستی وزیراعلیٰ کے۔چندراشیکھرراؤ گزشتہ ایک ہفتہ سے شمالی اور جنوبی ہند کے دؤرہ میں مصروف تھے تو ایسا کوئی اعلان نہیں کیا تھا۔امکان ہے کہ آج ایل بی اسٹیڈیم حیدرآباد میں منعقدہ اس تہنیتی تقریب میں یا پھر ریاستی وزیراعلیٰ کی جانب سےبہت جلدنکہت زرین پر انعامات کا اعلان کیا جائے گا!!

جبکہ صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی ریونت ریڈی پہلے ہی نکہت زرین کے لیے پانچ لاکھ روپیوں کے نقد انعام کا اعلان کرچکے ہیں ریونت ریڈی 23 مئی کو نکہت زرین کے والدین محمدجمیل احمد اور والدہ پروین سلطانہ سے ملاقات کرتے ہوئے انہیں مبارکباد پیش کرچکے ہیں۔

عام متوسط طبقہ اور قدامت پسند خاندان سے تعلق رکھنے والی نکہت زرین نے دسویں جماعت تک نظام آبادکے نرملا اُدیہ کانوینٹ اسکول (برائے طالبات) میں تعلیم حاصل کیں۔بعدازاں انہوں نے کاکتیہ انسٹیٹیوٹ نظام آباد سے انٹر میڈیٹ اور ڈگری کی تکمیل کی۔نکہت زرین نظام آباد کےمحلہ پھولانگ پیدا ہوئیں۔نکہت زرین اپنی چار بہنوں میں تیسرے نمبر کی ہیں۔ان کی دو بڑی بہنیں ڈاکٹر ہیں۔ان کے والد جناب جمیل احمد اور والدہ محترمہ پروین سلطانہ اپنی چھوٹی دختر افنان زرین کے ساتھ خلیجی ملک میں مقیم تھے۔بعدازاں والدین کے خلیجی ملک سے واپس ہونے کے بعد یہ خاندان حیدرآباد کے منی کونڈا میں مقیم ہوگیا۔