پانچ ریاستوں کے انتخابی نتائج کے رحجانات :ممتابنر جی کا تیسری مرتبہ چیف منسٹر بننا طئے،200سے زائدسیٹوں پر سبقت

پانچ ریاستوں کے انتخابی نتائج کے رحجانات: ممتابنر جی کا تیسری مرتبہ چیف منسٹر بننا طئے،200سے زائدسیٹوں پرسبقت

مغربی بنگال:2۔مئی(سحرنیوزڈاٹ کام)

ملک کی پانچ ریاستوں مغربی بنگال، آسام ،ٹاملناڈو، پدوچیری اور کیرالا میں ووٹوں کی گنتی کا عمل جاری ہے۔

مغربی بنگال کے اقتدار سے ممتابنرجی کو بے دخل کرنے کیلئے بی جے پی کی جانب سے استعمال کیے گئے سارے حربے ناکام ہوتے نظرآرہے ہیں!
بی جے پی نے مغربی بنگال پر قبضہ کیلئے اپنی پوری طاقت جھونک دی تھی یہی وجہ ہے کہ دیگر چار ریاستوں سے زیادہ عوام کی نظریں مغربی بنگال کے انتخابی نتائج پرٹکی ہوئی ہیں جہاں مرکزی الیکشن کمیشن نے حیرت انگیز طور پر 8 مرحلوں میں رائے دہی کروائی تھی اور وزیراعظم نریندرمودی نے زائد از 17 انتخابی ریالیوں سے خطاب کیا تھا۔

Picture Courtesy: The Telegraph

سہ ء پہر تین بجے تک آنیوالے انتخابی رحجانات کے مطابق ممتابنرجی کی ٹی ایم سی پارٹی مغربی بنگال میں 211 سیٹوں پر سبقت حاصل کیے ہوئے ہے جبکہ بی جے پی جس نے مغربی بنگال میں 200 سیٹوں پر کامیابی حاصل کرنے کا دعویٰ کیا تھا 78 سیٹوں پر آگے ہے۔

چیف منسٹر مغربی بنگال ممتابنرجی جنہوں نے اپنی نندی گرام کی سیٹ پر سخت مقابلہ کے باؤجود صرف اسی ایک نشست پر مقابلہ کیا تھا ننتیجہ کے رحجانات میں اپنے مخالف بی جے پی امیدوارسویندھو ادھیکاری سےپیچھے چل رہی ہیں جنہیں اب تک 79,083 ووت حاصل ہوئے ہیں جبکہ ممتابنرجی کو74,691 ووٹ حاصل ہوئے یہاں ووٹوں کی گنتی ہنوز جاری ہے۔

مغربی بنگال میں تیسری مرتبہ ممتابنرجی اور ان کی پارٹی ترنمول کانگریس (ٹی ایم سی ) کی شاندار کامیابی کی جانب بڑھتے قدموں پر ملک بھر کے اپوزیشن قائدین کی جانب سے مبارکبادیوں کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے۔ٹوئٹر پر مبارکباد دینے والوں میں صدر این سی پی شرد پوار، چیف منسٹر دہلی اروند کیجریوال، سابق چیف منسٹر اکھلیش یادو، آرجے ڈی صدر تیجسوی یادو کے علاوہ دیگر شامل ہیں۔

 

 

دوسری جانب کیرالا میں برسراقتدار ایل ڈی ایف اپنا قبضہ قائم رکھنے میں کامیاب نظر آرہی ہے وہ 144 سیٹوں میں سے 99 سیٹوں پر سبقت بنائے ہوئے ہیں یہاں بی جے پی کا دور دور تک پتہ نہیں ہے جبکہ یوڈی ایف 41 سیٹوں پر آگے ہے۔

آسام کی 126 نشستوں میں سے برسراقتدار بی جے پی اپنا اقتدار برقرار رکھنے میں کامیاب نظر آرہی ہے جہاں وہ 73 سیٹوں پر آگے ہے اور کانگریس 50 سیٹوں پر سبقت بنائے ہوئے ہے۔

ٹاملناڈو میں موجودہ برسر اقتدارآئی اے ڈی ایم کے کے اقتدار سے بے دخل ہونے کے امکانات نظر آرہے ہیں جہاں 234 سیٹوں میں سے 148 سیٹوں پر اسٹالن کی ڈی ایم کے کے امیدوار سبقت بنائے ہوئے ہیں جبکہ اے ڈی ایم کے 85 سیٹوں پر آگے ہے۔