تلنگانہ میں مزید تین دنوں تک شدید بارش کی پیش قیاسی
آج 12 گھنٹوں کے دؤران حیدرآباد میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش کا انتباہ
حیدرآباد کے لیے ایلو الرٹ اور تین اضلاع کے لیے ریڈ الرٹ جاری
حیدرآباد: 12۔جولائی (سحرنیوزڈاٹ کام)
گزشتہ پانچ دنوں سے شدید بارش نے ملک کی مختلف ریاستوں کے ساتھ ساتھ ریاست تلنگانہ میں بھی عام زندگی کو مفلوج کرکے رکھ دیا ہے۔ہر طرف سیلابی صورتحال حالات ہیں۔ذخائر آب لبریز ہوچکے ہیں۔نشیبی علاقے اور سڑکیں جھیلوں اور تالابوں کا منظر پیش کررہی ہیں۔حکومت نے شدید بارش کے پیش نظر 11 جولائی تا 13 جولائی ریاست کےتمام تعلیمی اداروں کو تعطیلات دی ہیں۔ایسے میں آج محکمہ موسمیات نے پیش قیاسی کی ہے کہ ریاست میں مزید تین دنوں تک شدید بارش کا امکان ہے۔ایسے میں ریاستی حکومت تعلیمی اداروں کی تعطیلات میں مزید توسیع کرسکتی ہے؟۔
اسی دؤران آج 12 جولائی کومحکمہ موسمیات حیدرآباد نے پیش قیاسی کی ہے کہ حیدرآباد سمیت ریاست تلنگانہ کے کئی اضلاع میں شدید بارش ہوسکتی ہے۔وہیں گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن نے محکمہ موسمیات کے حوالہ سے انتباہ جاری کیا ہے کہ حیدرآباد میں آج 12 جولائی کی صبح 30-10بجے تا رات 10 بجے تک تیز ہواؤں کے ساتھ طوفانی بارش کا امکان ہے۔
گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن(جی ایچ ایم سی)نے حیدرآباد کے عوام کو انتباہ دیا ہے کہ تیز ہواؤں کے باعث درختوں کے گرنے کا امکان زیادہ رہتا ہے اس لیے بارش کے دؤران عوام درختوں کے نیچے کھڑے نہ ہوں اور عوام چوکس رہیں۔عوام ہنگامی حالات یا شدید ضرورت پر ہی اپنے مکانات سے باہر نکلیں۔جی ایچ ایم سی کے مطابق پیش قیاسی کے بعد ڈیزاسٹر ریسپانس فورس(ڈی آر ایف ) کی ٹیمیں متحرک ہیں جو حالات سے نمٹنے کے لیے تیار ہیں۔
وہیں دوسری جانب محکمہ موسمیات حیدرآباد نے پیش قیاسی کی ہے کہ آئندہ تین دنوں کےدؤران بھی حیدرآباد سمیت ریاست تلنگانہ میں بارش کا سلسلہ جاری رہے گا اور مختلف اضلاع میں شدید اور موسلادھار بارش ہوگی۔اس سلسلہ میں محکمہ موسمیات نے اضلاع نلگنڈہ،سدی پیٹ اور سوریہ پیٹ کے لیے ریڈ الرٹ اور حیدرآباد کے لیے ایلو الرٹ جاری کیا ہے۔


