اب بارش کے موسم میں وائرس اور بیکٹیریا دونوں سے لڑنا ہے،عوام موسمی امراض سے چوکس رہیں
بازاری غذا کے استعمال میں احتیاط لازمی،گرم اور تغذیہ بخش غذا کو ترجیح دیں
تلنگانہ ہیلتھ ڈائرکٹر ڈاکٹر سرینواس راؤ کے عوام کو مختلف مشورے
حیدرآباد: 12۔جولائی (سحرنیوزڈاٹ کام)
ریاستی ڈائرکٹر ہیلتھ ڈپارٹمنٹ تلنگانہ ڈاکٹر جی۔سرینواس راؤ نے ریاست کے عوام کو بارش کے دؤران موسمی امراض سے چوکس رہنے اور ان سے تحفظ کے لیے تمام احتیاطی اقدامات کرنے کا مشورہ دیا ہے۔
آج میڈیا سے بات کرتے ہوئے ریاستی ڈائرکٹر ہیلتھ ڈپارٹمنٹ تلنگانہ ڈاکٹر جی۔سرینواس راؤ نے کہا کہ گزشتہ ایک ہفتہ سے ریاست میں شدید بارش کا سلسلہ جاری ہے اور عوام کو چوکس رہنے کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ اب کورونا وائرس کے ساتھ ساتھ موسمی امراض سے بھی لڑنا ہے۔انہوں نے کہا کہ اب بیکٹیریا اور وائرس کے باعث موسمی امراض میں اضافہ ہوتا ہے وہیں سانپ کاٹنے کے واقعات بھی پیش آتے ہیں۔
ریاستی ڈائرکٹر ہیلتھ ڈپارٹمنٹ تلنگانہ ڈاکٹر جی۔سرینواس راؤنے انکشاف کیاکہ جاریہ سال ریاست میں 1,184 ڈینگی بخارکےکیس درج ہوئے ہیں۔ان میں 516 ڈینگی کے کیس حیدرآباد میں اب ماباقی کیس ضلع کریم نگر کے علاوہ دیگر اضلاع میں ریکارڈ کیے گئے ہیں۔
ریاستی ڈائرکٹر ہیلتھ ڈپارٹمنٹ تلنگانہ ڈاکٹر جی۔سرینواس راؤ نےبتایاکہ ریاست میں ملیریا کے کیس بھی درج ہورہے ہیں۔ان میں 115 ملیریا کے کیس بھدرادری ضلع میں،ملگ میں 113،نلگنڈہ میں پانچ،بھوپال پلی میں چار،آصف آباد میں تین کیس درج کیے گئے ہیں۔انہوں نےانکشاف کیا کہ ریاست میں ماہ مئی میں چکن گنیا کے تین کیس ریکارڈ ہوئے ہیں۔جبکہ جاریہ ماہ ریاست میں 6.000 دست و قئے کے کیس درج ہوئے ہیں وہیں جاریہ سال ٹائیفائیڈ کے کیس بھی زیادہ ریکارڈ کیے گئے ہیں۔
ریاستی ڈائرکٹر ہیلتھ ڈپارٹمنٹ تلنگانہ ڈاکٹر جی۔سرینواس راؤ نے عوام کو مشورہ دیا کہ موسمی و دیگر امراض سے محفوظ رہنے کے لیے تغذیہ بخش غذا کا استعمال کریں۔اور ساتھ ہی گرم غذا کو ترجیح دیں،صاف شفاف پانی کا استعمال کریں یا پھر پانی کو اُبالنے کے بعد ٹھنڈا کرکے پئیں۔ انہوں نے کہا کہ بیماریوں سے تحفظ کے لیے لازمی ہے کہ تمام طرح کے احتیاطی اقدامات پرسختی کے ساتھ لازمی طور پرعمل کیا جائے۔
انہوں نے عوام کو مشورہ دیا کہ دست و قئے اور بخار کی علامات پر فوری ڈاکٹرس سے رجوع ہوں۔
انہوں نے عوام کو مشورہ دیا کہ بازاروں میں کھلے عام فروخت کی جانے والی غذائی اشیاءکے استعمال میں احتیاط کریں اوربالخصوص پانی پوری اور دیگر چیزیں کھانے سے قبل صفائی کا خاص خیال رکھیں۔انہوں نےکسی بھی بیماری کی علامت کو معمولی نہ سمجھنے کا مشورہ بھی دیا۔
ریاستی ڈائرکٹر ہیلتھ ڈپارٹمنٹ تلنگانہ ڈاکٹر جی۔سرینواس راؤ نے عوام کو مشورہ دیا کہ بخار کی علامت پر فوری تشخیص کروالیں اوراس کے لیے ریاست کے تمام سرکاری ہسپتالوں میں درکارسہولتیں فراہم ہیں جہاں ہر قسم کا ٹسٹ کیا جائے گا۔بالخصوص موسمی امراض کے پیش نظر تمام سرکاری ہسپتالو ں اور ہیلتھ سنٹرس میں طبی سہولتوں کی فراہمی کو یقینی بنایا گیا ہے۔
انہوں نے حاملہ خواتین کومشورہ دیا ہےکہ زچگی سےایک ہفتہ قبل ہی ہسپتالوں میں داخل ہوکر موثر علاج و نگہداشت کو یقینی بنائیں۔ڈاکٹر جی۔سرینواس راؤ نے بالخصوص حاملہ خواتین،زچگی ہونے کے بعد والی خواتین اور نومولودوں کے ساتھ ساتھ ضعیف افراد اور بچوں کےلیےاحتیاطی اقدامات کا مشورہ دیا ہے۔
ریاستی ڈائرکٹر ہیلتھ ڈپارٹمنٹ تلنگانہ ڈاکٹر جی۔سرینواس راؤ نے بخار اور کھانسی سے متاثر ہونے والے افراد کو اپنے مکانات میں ہی قورنطین میں رکھنے کا مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ عوام ماسک کا استعمال لازمی طور پر کریں۔


