وقار آبادضلع میں سردی کی شدیدلہر، مرپلی میں 5 اور تانڈور میں 7 سنٹی گریڈ درجہ حرارت ریکارڈ

وقار آباد ضلع میں سردی کی شدیدلہر،مرپلی میں 5 اور تانڈور میں 7 سنٹی گریڈ درجہ حرارت ریکارڈ
دن بھر سرد ہوا کے جھونکوں سے عوام اپنے مکانات میں محصور، درجہ حرارت میں مزید گراوٹ کا امکان

وقارآباد: 09۔جنوری( سحرنیوزڈاٹ کام)

وقار آباد ضلع گزشتہ چار دنوں سے دوبارہ سردی کی شدید لپیٹ میں ہے۔ماہ ڈسمبر کے اواخر میں سردی کی شدت کے بعد درجہ حرارت میں اضافہ ہوا تھالیکن ماہ جنوری کے آغاز کےساتھ ہی دن بہ دن درجہ حرارت میں کمی واقع ہونے کے باعث عوام بالخصوص بچوں اور ضعیف افراد کا برا حال ہے۔

صبح کی اولین ساعتوں سے پھر دن بھر سرد ہواؤں کےجھکڑ کےباعث عوام اپنے مکانات میں محصور رہنے پرمجبور ہیں۔صبح 8 بجے کے بعد ہی سورج نظر آ رہا ہے اور 11 بجے دن تک بھی شدید سردی کی لہر اور دن بھر سرد ہوائیں محسوس کی جارہی ہیں۔

کل 8 جنوری کی صبح سے آج 9 جنوری کی صبح 30-8 بجے تک ضلع وقار آباد کے مرپلی میں سب سے کم 5 سنٹی گریڈ درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا ہے۔جبکہ منے گوڑہ میں 6.4 اور تانڈور میں 7 سنٹی گریڈ درجہ حرارت ریکارڈ ہوا ہے۔جو کہ جاریہ موسم سرما میں ایک ریکارڈ ہے۔

وہیں ضلع وقار آباد کے ہی دودیال میں 7.1 ڈگری، بنٹارام میں 7.6 ڈگری،مدگل چٹم پلی میں 7.7 ڈگری،وقارآباد میں 7.7 ڈگری،دؤلت آباد میں 8.1 ڈگری،یالال میں 8.5 ڈگری،پیدا امنتھل میں 8.5 سنٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

اسی طرح بشیر آباد میں 8.6 ڈگری،چوڈا پور میں8.7 ڈگری،پٹا پہاڑ میں 8.8 ڈگری،قاسم پورمیں 9 ڈگری،مدن پلی اور دوما میں 9.1 ڈگری،مومن پیٹ اور بھمرس پیٹ میں 9.2 ڈگری،مجاہد پور میں 9.5 ڈگری،دؤلہ پور اورنواب پیٹ میں 9.8 ڈگری اور پدیمول میں 9.9 سنٹی گریڈدرجہ حرارت ریکارڈ ہوا ہے۔یہ سارے مقامات آرینج زون میں شامل ہوگئے ہیں۔

جبکہ ضلع کے راپول،کوٹ پلی،پرگی ،ناگارام،دھارور اور کوڑنگل میں 10.3 تا 11.4 سنٹی گریڈ درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا ہے۔ جو ایلو الرٹ میں شامل ہیں۔

ضلع وقار آباد کے تمام مقامات پر سردی کی شدید لہرکے باعث گرم کپڑوں کا استعمال ہو رہا ہے اور لوگ شام 5 بجے کے بعد سے گھروں میں ہی رہنے کو ترجیح دے رہے ہیں ۔دکانات اور کاروباری ادارے بھی جلد بند کردئےجارہے ہیں۔سڑکوں پر چہل پہل بھی کم نظر آر ہی ہے۔

شہروں اور مواضعات میں عوام سردی کی شدت سے محفوظ رہنے کی غرض سے صبح اور شام کے اؤقات آگ تاپنے پر مجبور ہیں۔کئی مقامات پر آگ کے الاؤ کے اطراف خواتین اور بچوں کے ساتھ نوجوانوں کو بھی آگ تاپتے ہوئے دیکھا جارہا ہے۔ڈاکٹرس عوام کو صلاح دے رہے ہیں کہ ضعیف افراد،بچوں اور دل سےمتعلق امراض میں مبتلا افراد سردی سے بچاؤ کا اہتمام کریں،گرم غذاؤں اور گرم کپڑے استعمال کریں۔

 

پرنسپل سائنٹسٹ و ہیڈ زرعی ریسرچ سنٹر تانڈور ڈاکٹر سدھاکر چورات نے نمائندہ سحرنیوز ڈاٹ کام کو بتایا کہ محکمہ موسمیات کی جانب سے جاری کردہ پیش قیاسی کے مطابق ریاست اور وقارآباد ضلع میں مزید چند دنوں تک سردی کی شدت میں اضافہ کا امکان ہے۔انہوں نے بتایا کہ تانڈور کی تاریخ میں 9 ڈسمبر 2013 کو 5.8 سنٹی گریڈ درجہ حرارت ریکارڈ ہوا تھا۔ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ تانڈور میں درجہ حرارت کے 5 دگری سے کم ریکارڈ ہونے کا بہت کم امکان ہے۔اور ضلع وقارآباد میں بھی سردی کی شدت کا اتنے درجہ تک گرناممکن نظر نہیں آتا۔

انہوں نے بھی عوام کو مشورہ دیا کہ اس سردی سے تحفظ کے لیے تمام احتیاطی اقدامات کریں۔ڈاکٹر سدھاکر چورات نے بتایا کہ شہری علاقوں میں جاریہ سال کہر کی شدت کم ہے تاہم مواضعات میں کہر اور شبنم گر رہی ہے جو کہ چند فصلوں کے لیے بہتر ہوتی ہیں۔