مدھیہ پردیش کے اُجین میں چینی مانجھا فروخت کرنے والے دو افراد کے مکانات کا بلڈوزر کے ذریعہ انہدام

سوشل میڈیا وائرل قومی خبریں

مدھیہ پردیش کے اُجین میں چینی مانجھا فروخت کرنے والے
دو افراد کے مکانات کا بلڈوزر کے ذریعہ انہدام

بھوپال: 09۔جنوری (سحرنیوزڈاٹ کام/ایجنسیز)

مدھیہ پردیش کے اجین شہر میں ضلع انتظامیہ نے ممنوعہ چینی مانجھا کی فروخت میں مبینہ طور پر ملوث دو افراد کے مکانات کو بلڈوزر کی مدد سے مسمار کر دیا۔

اطلاعات کےمطابق اجین میں جن لوگوں کے مکانات منہدم کیے گئے ان کی شناخت محمد اقبال(35 سالہ) اور ہتیش بھوجانی(36 سالہ)کے طور پر ہوئی ہے۔ دونوں واقعات میں ضلع انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ان دونوں کے قبضہ سے مانجھا کے رولز کو ضبط کرکے تفتیش کی گئی تو پتہ چلا کہ ان کےمکانات کےچند حصے غیر قانونی طور پرتعمیر کیے گئے تھے۔اس لیے ان مکانات کے ان غیر قانونی حصوں کو منہدم کر دیا گیا۔محمد اقبال کا مکان 4 جنوری کو منہدم کردیا گیا جبکہ ہتیش بھوجوانی کا مکان دوسرے دن 5 جنوری کو گرا دیا گیا۔

گزشتہ دنوں اجین میں مانجھا کی کاٹ سے ایک نابالغ لڑکی سمیت دو سے زیادہ افراد زخمی ہو گئے تھے۔گذشتہ سال بھی اجین انتظامیہ نے مانجھا فروخت ہوئے پکڑےگئے تین افرادکے مکانات منہدم کر دیے تھے۔تاہم اس سال کے برعکس گذشتہ سال حکام نےواضح طور پر کہاتھاکہ مانجھا فروخت کرنے کے الزامات کے جرم میں کریک ڈاؤن کے طور پر یہ مکانات منہدم کیے گئے۔

مدھیہ پردیش کے وزیر داخلہ نروتم مشرا نے چینی مانجھا کے اس کاروبار میں ملوث دیگر افراد کو انتباہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ مدھیہ پردیش میں اس مانجھے کا کاروبارکرنے والوں کے خلاف قومی سلامتی ایکٹ NSA/Rasuka# کے تحت کارروائی کی جائے گی۔انہوں نے کھلے لفظوں میں کہا کہ ” سنکرانتی آ رہی ہے لوگ پتنگ اڑاتے ہیں،اسی لیے جو چینی مانجھا بیچتے ہیں برخوردار خبردار۔!! "

انڈین ایکسپریس کی رپورٹ کےمطابق چینی مانجھا مونوفیلمنٹ فشنگ لائن سے بنایا جاتا ہے،جسے پگھلا کر پولیمر کےساتھ ملایا جاتا ہے۔دھاگہ بنانے کے بعد اس پر کانچ کے باریک ٹکڑے لپیٹ دیے جاتے ہیں۔سال 2017 میں نیشنل گرین ٹریبونل (این جی ٹی) نے ملک بھر میں ان مانجھوں کی فروخت پر پابندی عائد کردی تھی۔

پتنگ اڑانے کےلیے استعمال ہونے والا مانجھامصنوعی تار جانوروں اور انسانوں کو یکساں نقصان پہنچاتی ہیں۔اطلاعات کے مطابق اگرچہ اس کا چینی مانجھا نام پڑ گیا ہے لیکن اس قسم کا مانجھا مقامی طور پر خاص طور پر مدھیہ پردیش اور اتر پردیش میں تیار کیا جاتا ہے۔دوسری جانب مدھیہ پردیش ان ریاستوں میں سے ایک ایسی ریاست بن کر ابھری ہے،جہاں کی بی جے پی حکومت زیادہ تر تعزیری سزا کےطور پرملزموں کےمکانات کو بلڈوزر سے منہدم کردیا کرتی ہے۔!!

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے