کانپور : پولیس نے بیوپاری کی ترکاری اور ترازو ریل کی پٹریوں پر پھینک دیا، اٹھانے کے دوران ٹرین کی ٹکر، 20سالہ سبزی فروش اپنے دونوں پیروں سے محروم

سوشل میڈیا وائرل قومی خبریں

کانپور میں پولیس نے بیوپاری کے ٹماٹر اور ترازو ریل کی پٹریوں پر پھینک دئیے
اٹھانے کے دوران ٹرین کی ٹکر،20 سالہ سبزی فروش اپنے دونوں پیروں سے محروم

کانپور: 03۔ڈسمبر(سحرنیوزڈاٹ کام /ایجنسیز)

چند ریاستوں میں اکثر عوام پر بیجا ظلم و ستم کی اطلاعات ان دنوں عام ہیں۔کہیں کسی موٹرسیکل راں کوعوام کےدرمیان پہ در پہ تھپڑ مارے جاتے ہیں،تو کہیں مجمع کے سامنے نوجوانوں کوکھمبوں سے باندھ کر پیٹا جاتاہے،کہیں پولیس حراست میں نوجوانوں کی پٹائی کرتے ہوئے اس کا ویڈیو بناکر سوشل میڈیا پر وائرل کیا جاتا ہے،تو کہیں کھلے عام جوتے اور گھونسے مارے جاتےہیں۔جبکہ کسی بھی جرم کا فیصلہ کرنے اور سزاء دینے کا حق صرف عدالتوں اور ججوں کو ہوتا ہے۔پولیس کا صرف اتنا کام ہوتا ہے کہ ثبوتوں کے ساتھ ملزموں کو عدالتوں تک لے جائے۔!!

ایسے میں ریاست اتر پردیش کے کانپور سےایک انتہائی دل شکن ویڈیو وائرل ہوا ہے۔جس میں دیکھاجاسکتاہےکہ پولیس اور وہاں موجود چند افراد ایک شدید زخمی لڑکے کو ٹرین کی پٹریوں سےاٹھا رہے ہیں جو ٹرین کی ٹکر کے بعد اپنے دونوں پیروں سے محروم ہوگیا ہے۔

کانپورکےکلیان پورعلاقہ کی جی ٹی روڈ پر یہ واقعہ جمعہ کی شام پیش آیا ہے۔عینی شاہدین کےمطابق اندرا نگر پولیس اسٹیشن کے انچارج شاداب خان اور ہیڈ کانسٹیبل راکیش اچانک ریلوے ٹریک کے قریب موجود چھوٹے بیوپاریوں کا قبضہ ہٹانے پہنچ گئے تو وہاں موجود غریب بیوپاریوں میں افراتفری پھیل گئی اور انہوں نے وہاں سے بھاگنے کی کوشش کی۔

"ریل کی پٹریوں سےاپنے دونوں پیروں سےمحروم عرفان کواٹھاتےہوئے اور اس واقعہ کےایک عینی شاہد کابیان یہاں دیکھا اورسناجاسکتاہے۔ 

اسی دؤران ایک عینی شاہدمحمد شانو نےمیڈیا کوبتایا کہ ارسلان عرف لڈو (ارسلان) 15 سالہ بھی وہاں ٹماٹر فروخت کررہاتھاکہ ان پولیس والوں نے ارسلان عرف لڈو کے ٹماٹر اور ترازو کو اٹھاکر قریب ہی موجود ٹرین کی پٹریوں پرپھینک دیا۔بےبس ومجبور ارسلان جو کہ ٹیمپو ڈرائیورسلیم احمد کا بیٹا ہے پولیس کی جانب سے پھینکےگئے اپنے ٹماٹر اور ترازو اٹھا رہاتھاکہ اچانک ایک تیز رفتارٹرین اسے ٹکر دیتے ہوئے گزر گئی۔جس کے باعث یہ کمسن لڑکا اپنے دونوں پیروں سے محروم ہوگیا۔

ان دونوں پولیس عہدیداروں کی غیر انسانی حرکت کی مذمت کرتےہوئے مقامی افراد نےمیڈیا کوبتایا کہ اس واقعہ کو دیکھنے کے باؤجود بھی انہوں نے زخمی ارسلان کی کوئی مدد نہیں کی اور نہ ہی اس کوہسپتال روانہ کیا۔بلکہ وہ فوری وہاں سے چلے گئے۔کنٹرول روم کواطلاع دئیے جانے کے بعد دیگر پولیس عہدیدار وہاں پہنچ گئے اور ٹرین کی ٹکر سے شدید زخمی عرفان کو ایل ایل آر ہسپتال کو منتقل کیا۔

ارسلان کے والدسلیم احمدنے بتایا کہ ان کے بیٹے کی دونوں ٹانگیں موقع پر ہی کٹ گئیں اور وہ صرف 20 سال کا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر پولیس اس علاقے کو صاف کروانا ہی چاہتی تو قانون کے تحت بنا کسی ظلم کیے بیوپاریوں کو وہاں سے روانہ کرسکتی تھی۔

دوسری جانب ڈی سی پی ویسٹ وجئے دُھل نے کہاکہ ارسلان عرف لڈو ریلوے ٹریک کے قریب سبزیاں بیچ رہا تھا۔پولیس کے وہاں پہنچنے پر اس نے وہاں سے بھاگنے کی کوشش کی اور اسی دؤران اس کا ترازو ریل کی پٹریوں پر گرگیا جسے اٹھانے کی کوشش کررہا تھا کہ ٹرین کی زد میں آگیا۔انہوں نے بتایا کہ ہیڈ پولیس کانسٹیبل راکیش کو اس کےغیر ذمہ دارانہ رویے پر خدمات سے معطل کر دیا گیا ہے۔اور اس معاملے کی مزید تفتیش کی جاری ہے۔

وہیں مقامی لوگوں نے الزام عائدکیاہےکہ مقامی پولیس ہر دکاندارسے روزانہ 50 روپے وصول کرتی ہے اور اس کےباوجودانہیں اس طرح بھگایا جاتا ہے۔جس پر ایڈیشنل ڈی سی پی لکھن یادو نے اس الزام کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ اس علاقے کو صاف کروانا پولیس کی معمول کے مطابق کارروائی تھی۔تاہم انہوں نے تیقن دیاکہ اس سارے معاملہ کی تحقیقات کی جائیں گی اور قصور وار پائے جانے پر پولیس عہدیداروں کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔

سوشل میڈیا پر اس دل شکن واقعہ اور عینی شاہدین کے بیانات کے ویڈیوز دیکھ کر صارفین شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ان دونوں پولیس والوں کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کررہے ہیں۔جو غریب بیوپاریوں کے ساتھ ایسا برتاؤ کرتے ہیں اور ان کی وجہ سے ایک لڑکا اپنی دونوں ٹانگوں سے ہمیشہ کے لیے محروم ہوگیا۔

چند سوشل میڈیاصارفین کی جانب سے متاثرہ عرفان کی مالی مدد کی بھی اپیل کرتے ہوئے ان کا بینک اکاؤنٹ دیا گیا ہے۔انسانیت کا درد رکھنے والے افراد اس خاندان کی مدد کرسکتے ہیں۔

نامور ایوارڈ یافتہ فلم ساز و صحافی "ونود کاپری "نےبھی ٹوئٹر پر اپیل کی ہے کہ انسانی بنیادوں پر اپنے دونوں پیروں سے معذور ہوچکے اس کمسن لڑکے عرفان اور اس کے غریب خاندان کی مالی مدد کی جائے۔اس اپیل پرمشتمل ایک ویڈیوسوشل میڈیا کی متحرک شخصیت”ڈرنک جرنلسٹ” نے بھی انسٹا گرام پر شیئر کیا ہے۔جس میں متاثرہ خاندان کا بینک اکاؤنٹ نمبر اور دیگر تفصیلات موجود ہیں۔

” اپنے دونوں پیروں سے محروم ارسلان کے بینک اکاؤنٹ کی تفصیلات "

 

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے