دہلی کی فضائی آلودگی روکنے کے لیے کونسے اقدامات کیے جارہے ہیں !دو دن کا لاک ڈاؤن؟ حکومت سے سپریم کورٹ کا سوال

دہلی کی فضائی آلودگی روکنے کے لیے کونسے اقدامات کیے جارہے ہیں!!
دو دن کا لاک ڈاؤن؟ ہم بھی اپنے گھروں میں ماسک پہنے ہوئے ہیں
سپریم کورٹ میں سماعت کے دؤران معزز چیف جسٹس این وی رمنا

نئی دہلی :13۔نومبر(سحرنیوزڈاٹ کام/ایجنسیز)

دہلی اور آس پاس کے شہر زائد از ایک ہفتہ سے شدید دھویں کی لپیٹ میں ہیں۔سپریم کورٹ نے آج مرکزی حکومت سے کہاہے کہ وہ طویل مدتی اقدامات پر ہنگامی منصوبہ کو ترجیح دے۔دہلی کی آلودگی کے خلاف سپریم کورٹ میں داخل کردہ درخواست پر آج سماعت ہوئی

چیف جسٹس این وی رمنا نے کہا کہ” آپ دیکھ رہے ہیں کہ صورتحال کتنی خراب ہے! عوام کو اپنے گھروں میں ماسک پہننا پڑرہا ہے اور ہم بھی اپنے گھروں میں بھی ماسک پہنے ہوئے ہیں۔

اس سلسلہ میں چیف جسٹس این وی رمنا نے مرکزی حکومت اور ریاستوں سے پیر 15 نومبر تک اپنا جواب داخل کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے سوال کیا ہے کہ آپ ہمیں بتائیں کہ ہنگامی اقدامات کس طرز پر کرنے کا منصوبہ رکھتے ہیں؟ دو دن کا لاک ڈاؤن؟اور فضائی آلودگی کی سطح (ایر کوالٹی انڈیکس) کو کم کرنے کے لیے آپ کا کیا منصوبہ ہے؟

سپریم کورٹ کو بتایا گیا کہ پنجاب اور ہریانہ سمیت مرکز اور ریاستوں کے درمیان آج ایک ہنگامی میٹنگ منعقد کی جارہی ہے۔جس پر چیف جسٹس این وی رمنا نے کہا کہ حکومتوں (مرکز،ریاستوں) کی ذمہ داری ہے کہ وہ آگے بڑھ کراس معاملے کو دیکھیں۔اور اگلے دو تین دنوں میں اس فضائی آلودگی کو کم کرنے کے اقدامات کیے جائیں۔اور ضرورت محسوس ہو تو دو دنوں کے لیے لاک ڈاؤن نافذ کرنے پربھی غور کریں۔چیف جسٹس این وی رمنا نے کہا کہ کہا کہ موجودہ ایر کوالٹی انڈیکس 500 سے زائد ہے اس کو 200 تک لانے کے اقدامات کیے جائیں۔

دوسری جانب پوری دنیا میں فضائی آلودگی کے معاملہ میں ملک کا دارالحکومت دہلی اول نمبر پر ہے۔جبکہ مغربی بنگال کا دارالحکومت کولکاتہ چوتھے نمبر پر،ملک کی معاشی راجدھانی کی حیثیت رکھنے والا ممبئی چھٹے نمبر پر اور تمل ناڈو کا چینڈو آٹھویں نمبر پر پہنچ گیا ہے۔وہیں پاکستان کا لاہور فضائی آلودگی میں دوسرے نمبر پر ہے۔