ٹی۔20 ورلڈکپ سیمی فائنل میں پاکستانی ٹیم کی شکست کے بعد ایک ننھے ٹی وی ناظر کی بےچینی،غصہ اور رونے والا ویڈیو سوشل میڈیا پروائرل

ٹی۔20 ورلڈکپ سیمی فائنل میں پاکستانی ٹیم کی شکست کے بعد
ایک ننھے ٹی وی ناظر کی بےچینی،غصہ اور رونے والا ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل

نئی دہلی: 13۔نومبر(سحرنیوزڈاٹ کام/ایجنسیز)

دوبئی میں جاری ٹی۔20 ورلڈ کپ میں لگاتار پانچ میچ جیت کر پاکستانی کرکٹ ٹیم سیمی فائنل تک پہنچی تھی۔

لیکن سیمی فائنل کے دوسرے میچ میں آسٹریلیا نے اسے پانچ وکٹوں سے شکست دے دی جس کے بعد جہاں پاکستانی کرکٹ ٹیم کو شدید مایوسی کا سامنا کرنا پڑا وہیں پاکستانی کرکٹ مداحوں کے ساتھ ساتھ دنیا بھر میں پھیلے ہوئے بالخصوص برصغیر کے کھیل شائقین بھی مایوس ہوگئے۔

سیمی فائنل میں پاکستانی کرکٹ ٹیم کی شکست کے بعد پاکستانی کرکٹ شائقین کے برہمی اور مایوسی والے کئی ویڈیوس سوشل میڈیا پر وائرل بھی ہوئے اور ہیاش ٹاگ کے ذریعہ کہیں خوشی اور کہیں غم کا اظہار کیا گیا۔کیونکہ کھیل بھی اب مذہبی لبادہ اوڑھ چکا ہے!

جبکہ کھیلوں، کھلاڑیوں، فنکاروں، ادیبوں، شاعروں، پنچھیوں، ندیوں اور ہوا کے جھونکوں کا کوئی ایک ملک یا مذہب نہیں ہوتا اور یہ سرحدوں کی قید سے آزاد ہوتے ہیں!

خیر یہاں بات ہورہی ہے ایک ننھے کرکٹ شائق کی جو کہ پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان کھیلے جانے والے سیمی فائنل میچ کا ٹی وی پر مشاہدہ کرتے ہوئے بے چین اور غصہ میں نظر آتا ہے اور ٹی وی کے سامنے جاکر اپنی بے چینی کا اظہار بھی کرتا ہے اور آخر میں یہ کمسن پاکستانی کرکٹ ٹیم کی ہار پر رو پڑتا ہے۔

وہاں موجود اس کمسن لڑکے کے دو رشتہ دار اسے سمجھانے کی کوشش بھی کرتے ہیں لیکن وہ ایک جگہ ٹِکنے کے لیے تیار نظر نہیں آتا۔

https://www.instagram.com/tv/CWJawTHPXl5/?utm_source=ig_web_copy_link

ان دنوں اس ننھے کرکٹ شائق کا ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہے۔

انسٹاگرام پر اس ویڈیو کو سابق پاکستانی کھلاڑی شعیب اختر نے  پوسٹ کرتے ہوئے لکھا ہے کہ” ایسا ہوتا ہے جب آپ کی ٹیم اچھا کھیلتی ہے تو شائقین آپ سے جڑ جاتے ہیں۔اسی لیے یہ ورلڈ کپ ہمارے لیے بہت اہم تھا”۔

انسٹاگرام پر شعیب اختر کے اس ویڈیو کو اب تک 6,23,790 انسٹاگرام صارفین نے دیکھا ہے جبکہ 1,08,278 نے لائیک کیا ہے اور اس ویڈیو پر  3,934 انسٹا گرام صارفین نے دلچسپ کمنٹس بھی کیے ہیں۔