حیدر آباد میں آر ٹی سی کنڈکٹر نے
بس میں پرس بھول جانے والی لڑکی کو خودکشی کرنے سے بچالیا
حیدرآباد: 26۔ڈسمبر(سحرنیوزڈاٹ کام)
تلنگانہ اسٹیٹ روڈ ٹرانسپورٹ کارپوریشن(ٹی ایس آرٹی سی) کے ایک بس کنڈکٹر نے ڈیوٹی کےدؤران اپنی ذہانت کا مظاہرہ کرتے ہوئے خودکشی کی کوشش کرنے والی ایک لڑکی کی جان بچائی۔کنڈکٹر کی جانب سے اس کی بس سے سفر کے بعد خودکشی کے ارادہ سے سکندرآباد کے جوبلی بس اسٹیشن پر اترنے والی اس لڑکی کےمتعلق اعلیٰ عہدیداروں کو فوری اطلاع دئیے جانے کے بعد اس لڑکی کو تلاش کےبعد ڈھونڈ لیا گیا بعد ازاں اس لڑکی کی کونسلنگ کی گئی اور اس کو والدین کے حوالے کردیا گیا۔
اتوار کو پیش آئے اس واقعہ کی تفصیلات کےمطابق نارائن کھیڑ بس ڈپو سے وابستہ ایک بس نارائن کھیڑ سے یادادری گٹہ جارہی تھی۔سنگاریڈی ضلع کے پٹن چیرؤ بس اسٹانڈ سے ایک لڑکی اس بس میں سوار ہوئی۔بعدازاں وہ سکندرآباد کے جوبلی بس اسٹیشن میں اتر کر چلی گئی۔تاہم یہ لڑکی بس کی سیٹ پر اپنا پرس بھول کر اتر گئی تھی۔
اس بس کے کنڈکٹر رویندر نے سیٹ کے نیچے پڑا ہوا اس لڑکی کا پرس دیکھا تو اطلاع دینے کی غرض سے اس نے اس پرس کو کھولا کہ شاید اس میں اس لڑکی کا موبائل فون یا پتہ موجود ہوگا۔لیکن جب بس کنڈکٹر رویندر نے اس پرس کو کھولا تو پریشان ہوگیا جس میں اس لڑکی کی جانب سے لکھا گیا ایک خودکشی نوٹ پایا گیا اور ساتھ ہی اس پرس میں لڑکی کا آدھار کارڈ اور 470 روپئے بھی موجود تھے۔
اس خودکشی نوٹ کو دیکھ کر پریشان بس کنڈکٹر رویندر نے اس لڑکی کا خودکشی نوٹ، تصویر اور آدھار کارڈ ٹوئٹر کے ذریعہ مینجنگ ڈائرکٹر تلنگانہ اسٹیٹ روڈ ٹرانسپورٹ کارپوریشن وی سی سجنار کو روانہ کرتےہوئے اس واقعہ سے واقف کروایا۔

جس پر وی سی سجنار نے فوری عہدیداروں کو ہدایت دی کہ اس لڑکی کو تلاش کیا جائے۔اس کے بعد سب انسپکٹر آرٹی سی دیانندنے ماریڈ پلی پولیس کی مدد سے اس لڑکی کی تلاش شروع کردی۔چند گھنٹوں بعد اس لڑکی کا پتہ لگالیا گیا۔بعدازاں ماریڈپلی پولیس نے اس لڑکی کی کونسلنگ کی اور اس لڑکی کو اس کے والدین کے حوالے کردیا گیا۔
اپنے اس اقدام کے ذریعہ خودکشی سے قبل اس لڑکی کی جان بچانےوالے بس کنڈکٹر رویندر کو چیئرمین تلنگانہ اسٹیٹ روڈ ٹرانسپورٹ کارپوریشن باجی ریڈی گوووردھن،مینجنگ ڈائرکٹر تلنگانہ اسٹیٹ روڈ ٹرانسپورٹ کارپوریشن وی سی سجنارنے مبارکباد دی ہے۔



