ٹی آر ایس پارٹی میں چند نئے فقیر آگئے ہیں : صدرٹی آرایس یالال منڈ ل کا ریمارک

ٹی آر ایس پارٹی میں چند نئے فقیر آگئے ہیں : صدرٹی آرایس یالال منڈ ل کا ریمارک
رکنیت سازی مہم میں،ایم ایل سی اور ایم کی موجودگی میں دو گروپس اُلجھ پڑے 

تانڈور۔ 12۔فروری (سحر نیوزڈاٹ کام )

حلقہ اسمبلی تانڈور کے یالال منڈل کے ٹی آرایس پارٹی صدر سدرالہ سرینواس کی جانب سے مقامی ایم ایل اے اور ایم ایل سی کی موجودگی میں     ” پارٹی میں چند نئے فقیر آگئے ہیں ” کے ریمارک پر پارٹی کے دوگروپس آپس میں الجھ گئے، اس پارٹی اجلاس میں جم کر ہنگامہ آرائی اور بحث و مباحثہ کے مناظر دیکھے گئے۔

رکن اسمبلی اور رکن قانون ساز کونسل کی موجودگی میں سدرالہ سرینواس اور بالیشور گپتا کے درمیان بحث کا منظر

ان دونوں گروپس کے درمیان شدید بحث اور ایک دوسرے کے خلاف انتہائی اہانت آمیز الفاظ کے تبادلہ سے پھر ایک مرتبہ واضح ہوگیا کہ یہاں ٹی آرایس پارٹی میں سب کچھ ٹھیک نہیں ہے!

آج 12 فروری سے ریاست میں ٹی آرایس پارٹی کی رکنیت سازی مہم کا آغاز ہوا ہے اسی کے تحت آج یالال منڈل میں بھی رکنیت سازی کے آغاز کی غرض سے تانڈور کے مضافات میں موجود ایس وی آر فنکشن ہال میں پارٹی کی جانب سے ایک اجلاس منعقد کیا گیا جس میں پائلٹ روہت ریڈی رکن اسمبلی تانڈور اور ڈاکٹر پی۔ مہندرریڈی رکن قانون ساز کونسل متحدہ ضلع رنگاریڈی و سابق وزیر ٹرانسپورٹ نے شرکت کی۔

صدر ٹی آرایس یالال منڈل سدرالہ سرینواس اجلاس میں اپنی برہمی کا اظہار کرتے ہوئے۔

تقریب کا آغاز بالیشور گپتا ایم پی پی یالال کے خطاب سے ہوا۔انکے خطاب کے بعد جب مائیک وٹھل نائیک صدر اگریکلچرل مارکیٹ کمیٹی تانڈور کو دیا گیا تو سدرالہ سرینواس صدر ٹی آرایس یالال منڈل نے مداخلت کرتے ہوئے پائلٹ روہت ریڈی رکن اسمبلی تانڈورسے سوال کیا کہ یہ اجلاس پارٹی سے تعلق رکھتا ہے تو کیا پارٹی کے منڈل صدر کو خطاب کرنے نہیں دیا جائے گا ؟

جس پر رکن اسمبلی نے منتظمین کو ہدایت دی کہ خطاب کیلئے مائیک سدرالہ سرینواس یالال منڈل پارٹی صدر کو دیا جائے جس پرصدر نشین اگریکلچرل  مارکیٹ کمیٹی تانڈور وٹھل نائیک نے کہا کہ وہ صرف دو منٹ میں ہی اپنی بات ختم کردیں گے۔

جس پر سدرالہ سرینواس ان پر بھڑک گئے اسی مسئلہ پر سدرالہ سرینواس نے ڈائس پر موجود نائب صدراگریکلچرل مارکیٹ کمیٹی تانڈور وینکٹ ریڈی پر بھی برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس اجلاس کا تعلق یالال منڈل سے ہے تانڈور سے نہیں ہے اوراس اجلاس میں آپ لوگوں کا کائی کام بھی نہیں ہے۔

جس پر اجلاس میں موجود مختلف مواضعات کے سرپنچ اور پارٹی قائدین نے رکن اسمبلی اور رکن قانون ساز کونسل سے شکایت کی جس کے بعد حالات ہنگامہ خیز ہوگئے چند سرپنچوں نے احتجاج کیا کہ پارٹی کے اجلاس میں منڈل صدر کی اہانت کیوں کی جارہی ہے اسکے بعد چند سرپنچ برہمی کا اظہار کرتے ہوئے اجلاس سے باہر نکل گئے۔

بعد ازاں پائلٹ روہت ریڈی رکن اسمبلی تانڈور اور ڈاکٹر پی۔ مہندرریڈی رکن قانون ساز کونسل نے مداخلت کرتے ہوئے دونوں گروپس کو خاموش ہوجانے کی ہدایت دی۔

جسکے بعد سدرالہ سرینواس نے اپنے خطاب کا آغاز کرتے ہوئے ریمارک کیا کہ "پارٹی میں چند نئے فقیر آئے ہیں"!! جس پر بالیشور گپتا ایم پی پی یالال نے مداخلت کرتے ہوئے کہا کہ پارٹی کے منڈل صدر ہوکراسٹیج سے اس طرح کی اہانت آمیز بات کہنا مناسب نہیں ہے۔

بالیشور گپتا نے سدرالہ سرینواس پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ صدر منڈل ٹی آرایس ہونے کے باوجود اس رکنیت سازی مہم کی تقریب کے انتظامات کا انہوں نے جائزہ تک نہیں لیا۔اس اجلاس میں پارٹی کے دونوں گروپس میں بحث و تکرار کے مناظر دیکھے گئے ،یاد رہے کہ گزشتہ ماہ تانڈور کے بلدی اجلاس میں بھی یہی مناظر دیکھےگئے تھے۔

بعد ازاں پائلٹ روہت ریڈی رکن اسمبلی تانڈور اور ڈاکٹر پی۔ مہندرریڈی رکن قانون ساز کونسل متحدہ ضلع رنگاریڈی نے مداخلت کرتے ہوئے اس معاملہ کو سرد کیا۔