مغربی بنگال میں ہاتھی کو بچانے کے لیے ٹرین ڈرائیور نے ایمرجنسی بریک لگادئیے، ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل

قومی خبریں یہاں وہاں سے

مغربی بنگال میں ہاتھی کو بچانے کے لیے ٹرین ڈرائیور نے ایمرجنسی بریک لگادئیے
سوشل میڈیا پر ویڈیو ہوا وائرل

مغربی بنگال:27۔اگست(سحرنیوزڈاٹ کام)

تیز رفتار ٹرینوں کے گزرنے کے دؤران زیادہ تر جانور، بھیڑ بکریاں اور کبھی کبھی خودکشی کی غرض سے زندگی سے مایوس انسان اچانک ٹرینوں کے سامنے آجاتے ہیں تاہم ٹرین ڈرائیورس کے لیے یہ ممکن نہیں ہو پاتا کہ ٹرینوں کو اچانک بریک لگادیا جائے کیونکہ اس سے ٹرین کی بوگیوں کے آپس میں ٹکراجانے اور اُلٹ جانے کا خطرہ زیادہ رہتا ہے!!

تاہم اگر ٹرین کی رفتار سست ہو اور ٹرین ڈرائیور چوکس ہو تو کبھی کبھار وہ حالات اور ٹرین کی رفتار کو اپنے دماغ میں رکھتے ہوئے ٹرینوں کو ایمرجنسی بریک لگاکر جانیں ضائع ہونے سے بچالیتے ہیں۔

ایسی ہی چوکسی کا مظاہر ہ کرتے ہوئے مغربی بنگال میں ایک ٹرین کے ڈرائیور اور معاون ڈرائیور نے ریلوے ٹریک کے بالکل قریب آئے ہوئے ایک ہاتھی کو دیکھ کر ایمرجنسی بریک لگاتے ہوئے ٹرین کی رفتار انتہائی دھیمی کردی اور ہاتھی کی جان بچالی جس کا ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوا ہے۔

ٹوئٹر پر علی پور دُوار جنکشن کے ڈویثرنل ریلوے مینجئر (ڈی آر ایم،اے پی ڈی جے) نے ایک ویڈیو شیئر کیا ہے کہ کس طرح ریلوے ٹریک کے قریب آ جانے والے ایک ہاتھی کو بچانے کے لیے ٹرین کے ڈرائیورس نے ایمرجنسی بریک لگاکر ہاتھی کی جان بچائی سوشل میڈیا پر ان ٹرین ڈرائیورس کے اس اقدام کی سراہنا کی جارہی ہے۔

ٹوئٹر پر علی پور دُوارجنکشن کے ڈویثرنل ریلوے مینجئر(ڈی آرایم،اے پی ڈی جے) نے پوسٹ کیے گئے اپنے اس ویڈیو کے ساتھ لکھا ہے کہ کنچن کنیا ایکسپریس 45-5 بجے شام مغربی بنگال کے ناگر کٹہ اور چلسا کے درمیان (جو کہ سلی گری سے 75 کلومیٹر کے فاصلہ پر موجود ہے) دؤڑ رہی ٹرین کے ڈرائیور ڈی۔دورائی اور ان کے معاون ڈرائیور پی۔کمار نے دور سے دیکھ لیا کہ ریلوے ٹریک کے بالکل قریب ایک ہاتھی ٹرین کی جانب رخ کرکے آہستہ آہستہ اپنے قدم بڑھارہا ہے۔

ان دونوں ٹرین ڈرائیورس نے چوکسی اور انسانی ہمدردی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹرین کو ایمرجنسی بریک لگادئیے اور ٹرین کا ہارن بجانے لگے جس کے بعد یہ ہاتھی پلٹ کر جنگل میں داخل ہوگیا اس کے بعد ڈرائیورس نے ٹرین کو مسلسل ہارن بجاتے ہوئے آگے بڑھایا۔

ایک منٹ 22 سیکنڈ کے اس ویڈیو سے اندازہ ہوتا ہے کہ اس سارے واقعہ کا ویڈیو خود اسی ٹرین کے ڈرائیور نے اپنے موبائل فون کے کیمرہ میں قید کیا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے