لڑکوں اور لڑکیوں میں بڑھتی بے راہ روی اور ارتداد،روک لگانا مسلم معاشرہ کی اجتماعی ذمہ داری
ماہ ربیع الاول میں تمام تعلقہ جات میں سیرت کوئز مقابلوں کا ہوگا انعقاد
جمعیۃ علماء ضلع وقارآباد کے ماہانہ مشاورتی اجلاس میں مختلف امور پر غور وخوص
وقارآباد/تانڈور:26۔اگست
(سحرنیوزڈاٹ کام/پریس نوٹ)
جمعیۃ علماء ضلع وقارآباد کا ماہانہ مشاورتی اجلاس مولانا محمد عبداللہ اظہر قاسمی صدر جمعیۃ علماء ضلع وقارآباد کی زیر صدارت گزشتہ رات منعقد ہوا۔ اجلاس کا آغاز حافظ محمد توفیق کی قرآت کلام مجید سے ہوا۔بعدازاں صدرجمعیتہ علماء ضلع وقارآباد نے تنظیم کی گزشتہ ماہ کی کارکردگیوں پرمشتمل رپورٹ پیش کی۔
اس اجلاس میں مسلم نوجوان لڑکوں اور لڑکیوں میں بڑھتی بے راہ روی ،ارتداد اور غیر مسلم لڑکوں سے بیاہ رچانے کے بڑھتے واقعات پر تشویش کا اظہار کیا گیا اور کہا گیا کہ اس قسم کے واقعات پورے معاشرہ کے لئے لمحہ فکریہ ہے جس کے سدباب کےلیے والدین،علماء،دانشوران،اساتذہ کو اپنے اپنے دائرہ عمل میں مؤثر کوششوں کی شدید ضرورت ہے بالخصوص والدین اور سرپرستوں کی یہ ذمہ داری ہیکہ وہ اپنے لڑکوں اور لڑکیوں کے دوستانہ ، صحبت اور دیگر مشاغل کی کڑی نگرانی کریں۔
صدر جمعیۃ علماء ضلع وقارآباد مولانا محمد عبداللہ اظہر قاسمی نے کہا کہ جمعیۃ علماء ضلع وقارآباد بھی اس بارے میں فکرمند ہے اور اس بات کا عزم کرتی ہیکہ اسکل ڈیولپمنٹ اور شخصیت سازی جیسے پروگرامز کے انعقاد اور تعلیم بالغان کے ذریعہ ممکنہ حد تک نوجوانوں میں شعور بیدار کرے گی۔
لاک ڈاؤن کے بعد جمعیۃ کے تمام مکاتب میں باقاعدہ تعلیم کا آغاز ہوچکا ہے لیکن جدید مکاتب کی توسیع رک چکی تھی اس اجلاس میں یہ فیصلہ لیا گیا کہ پدیمول منڈل میں جدید مکاتب قائم کئے جائیں جس کے لیے تمام خدام جمعیۃ نے بھرپور تعاون کا تیقن دلایا۔
جمعیۃ علماء کی جانب سے نوجوانوں کو سیرت رسولﷺ سے واقف کروانے ماہ ربیع الاول کی مناسبت سے تانڈور میں ہر سال کوئز مقابلوں کا انعقاد کیا جاتا ہے لیکن جاریہ سال تمام چاروں تعلقہ جات وقارآباد،تانڈور،کوڑنگل اور پرگی میں اس قسم کے مقابلوں اور جلسہ ہائے سیرت محسن انسانیت ﷺ کا انعقاد عمل میں لایا جائے گا جس میں امتیازی طلباء و طالبات کو مختلف انعامات سے دئیے جائیں گے۔
جمعیۃ علماء ضلع وقارآباد کی رہنمائی میں تلنگانہ اوپن اسکول سوسائٹی TOSS کے ذریعہ تعلیم ترک کرنے والے لڑکوں اورلڑکیوں کے لیے امتحانات کی تیاری و شرکت کی سہولت ہے اور کوچنگ کلاسس جمعیۃ کی جانب سے مفت فراہم کی جائیں گی۔
خواہشمند احباب سے دفتر جمعیۃ علماء ضلع وقارآباد (نزد مدرسہ نورالعلوم تانڈور) پہنچ کر جلد از جلد داخلے مکمل کرنے کی اپیل کی گئی ہے۔
موضع اینلی میں جمعیۃ علماء ضلع وقارآباد کی زیر نگرانی ایک مسجد کی تعمیر کا بہت جلد آغاز ہونے جارہا ہے۔اس اجلاس میں جمعیۃ علماء کے خدام کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔
Mashallah
Ham Sab ki zemedari hai