چیوڑلہ کے قریب سڑک حادثہ،نامعلوم گاڑی کی ٹکر سے تین کم عمر لڑکے ہلاک
حیدرآباد:27۔اگست(سحرنیوزڈاٹ کام)
حیدرآباد کے مضافات میں ضلع رنگاریڈی کے چیوڑلہ کے قریب حیدرآباد۔بیجاپور نیشنل ہائی وے پر آج رات ایک سڑک حادثہ میں تین کم عمر لڑکوں کی جائے مقام پر ہی موت واقع ہوگئی۔
بتایا جاتا ہے کہ موٹرسیکل پر سوار ان تینوں لڑکوں کی موت نامعلوم گاڑی کی ٹکر سے ہوئی ہے۔
اس حادثہ کے بعد ان تینوں مہلوکین کی شناخت جیہ وردھن، وشنو اور جیہ پرساد کی حیثیت سے کی گئی ہے جو کہ چیوڑلہ منڈل کے ایراولی موضع کے ساکن بتائے جاتے ہیں .ان تینوں مہلوکین کی عمریں 15 سال بتائی گئی ہیں۔
بتایا جاتا ہے جیہ وردھن کی آج سالگرہ تھی تو جیہ وردھن ، وشنو اور جیہ پرساد وشنوردھن کی سالگرہ منانے کی غرض سے موٹرسیکل پر موضع سے چیوڑلہ روانہ ہوئے تھے اور چیوڑلہ کی ایک بیکری سے کیک خرید کر موٹرسیکل پر اپنے موضع ایراولی واپس ہورہے تھے کہ نامعلوم گاڑی نے ان کی موٹرسیکل کو ٹکر دے دی۔
اس حادثہ میں تین کم عمر لڑکوں کی اس دلخراش موت کی اطلاع کے ساتھ ہی موضع ایراولی میں غم اور افسوس کی لہر دؤڑ گئی ہے۔اور تھوڑی دیر قبل ہی کیک لانے کی غرض سے موضع سے روانہ ہونے والے ان تینوں نوجوانوں کی ہلاکٹ کی اطلاع پر ان تینوں لڑکوں کے گھروں میں صف ماتم بچھ گئی ہے۔
اس حادثہ کی اطلاع کے فوری بعد چیوڑلہ پولیس جائے مقام پر پہنچ گئی بعد پنچنامہ ان تینوں لڑکوں کی نعشیں چیوڑلہ کے سرکاری ہسپتال منتقل کردیا گیا۔حادثہ کے بعد حیدرآباد۔بیجاپور اس مصروف نیشنل ہائی وے پر ٹریفک نظام مسدود ہوگیا تھا۔
اس سلسلہ میں چیوڑلہ پولیس ایک کیس درج رجسٹر کرکے مصروف تحقیقات ہے اور مختلف ذرائع سے ان لڑکوں کی موٹرسیکل کو ٹکر دے کر فرار ہوجانے والی نامعلوم گاڑی کی شناخت میں مصروف ہے۔
تینوں لڑکوں کی اس دلخراش موت کی اطلاع کے بعد موضع ایراولی کے علاوہ دیگر قریبی مواضعات سے لوگ چیوڑلہ کے سرکاری ہسپتال پہنچ گئے ہیں اور پولیس سے مطالبہ کیا جارہا ہے کہ ان لڑکوں کی موٹرسیکل کو ٹکر دینے والی نامعلوم گاڑی کی فوری طور پر شناخت کرتے ہوئے تحویل میں لیا جائے۔