تلنگانہ میں یکم ستمبر سے تعلیمی اداروں کی کشادگی،60 لاکھ طلبہ اسکولوں میں پہنچیں گے: وزیرتعلیم سبیتا ریڈی

ریاستی خبریں ضلعی خبریں

تلنگانہ میں یکم ستمبر سےتعلیمی اداروں کی کشادگی، 60 لاکھ طلبہ اسکولوں میں پہنچیں گے
محکمہ صحت کی رپورٹ اور تمام زاویوں سے غوروخوص کے بعد ہی اسکولس کھولنے وزیراعلیٰ کا فیصلہ
اساتذہ خدمات پر رجوع،حیدرآباد کے عالیہ اسکول اور چیوڑلہ کا دؤرہ، وزیرتعلیم سبیتا اندرا ریڈی کا بیان

حیدرآباد/وقارآباد:27۔اگست(سحرنیوزڈاٹ کام)

ریاستی وزیرتعلیم پی۔سبیتا اندرا ریڈی نے کہا ہے کہ ریاست تلنگانہ میں کورونا وباء کے باعث 16 ماہ بعد یکم ستمبر بروز چہارشنبہ کو تمام سرکاری اور خانگی اسکولس و کالجس کے دوبارہ آغاز کے بعد زائداز 60 لاکھ طلباء و طالبات اسکولس اور کالجس پہنچیں گے۔

انہوں نے بتایا کہ تمام سرکاری اساتذہ کو ہدایت دے دی گئی تھی کہ وہ تعلیمی اداروں کی کشادگی سے قبل 26 اگست سے ہی خدمات پر رجوع بہ کار ہوجائیں اور اساتذہ کل جمعرات 26 اگست سے ہی خدمات پر رجوع ہوگئے ہیں۔

آج شام وزیرتعلیم پی۔سبیتا اندرا ریڈی نے گن فاؤنڈری حیدرآباد کے عالیہ ہائی اسکول کا اچانک دؤرہ کرتے ہوئے وہاں جاری صاف صفائی کے کاموں کا مشاہدہ کیا اور اسکول میں طلبہ کو دی جانے والی بنیادوں سہولتوں کا بھی جائزہ لیا اور عمارت کو رنگ و روغن کی بھی ہدیت دی۔

وزیرتعلیم پی۔سبیتااندرا ریڈی حیدرآباد کے عالیہ ہائی اسکول میں۔

اس موقع پر وزیرتعلیم پی۔سبیتا اندراریڈی نے انجنیئرس کو عالیہ ہائی اسکول میں موجود قدیم اور مخدوش عمارت کو منہدم کردینے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ اس مقام پر طلبہ کے لیے پلے گراؤنڈ کی سہولت فراہم کی جائے۔

اسکول انتظامیہ سے وزیرتعلیم نے اس اسکول میں زیرتعلیم طلبہ کی تعداد معلوم کی اور ہدایت دی کہ اسکولس کے آغاز کے ساتھ طلبہ اور اساتذہ کیلئے کوویڈ قواعد پر سختی سے عمل کرنا لازمی ہوگا اور ساتھ ہی ماسک بھی پہننا ہوگا اور سینی ٹائزر کا استعمال بھی کرنا ہوگا۔

ریاستی وزیرتعلیم پی۔سبیتا اندرا ریڈی نے عالیہ ہائی اسکول سے ہی پرنسپل سیکریٹری محکمہ تعلیمات سندیپ کمار سلطانیہ کو فون کرتے ہوئے عالیہ ہائی اسکول میں انجام دئیے جانے والے کاموں کی تفصیلات فراہم کیں۔

وزیرتعلیم نے کاموں میں مصروف عہدیداروں کو ہدایت دی کہ یکم ستمبر سے قبل عالیہ اسکول کو بھی مکمل طور پر قابل استعمال بنایا جائے اور کہا کہ ریاست کے تمام اسکولوں میں یہ کام جنگی سطح پر کیے جارہے ہیں۔ 

قبل ازیں جمعرات کی شام دیر گئے وزیرتعلیم پی۔سبیتا اندرا ریڈی نے حلقہ اسمبلی چیوڑلہ کے کوکنٹلہ میں سرکاری اسکول کی صاف صفائی کے کاموں کا اچانک جائزہ لیا۔بعدازاں میڈیا سے بات کرتے ہوئے ریاستی وزیر تعلیم پی۔سبیتا اندراریڈی نے کہاکہ کوویڈقواعد پر مکمل اور سختی کے ساتھ عمل کے ذریعہ تعلیمی ادارے کام کریں گے۔

وزیرتعلیم پی۔سبیتااندرا ریڈی موضع کوکنٹلہ، چیوڑلہ کے سرکاری اسکول کا مشاہدہ کرتے ہوئے۔

وزیرتعلیم نے کہا تمام زاویوں سے غور و خوص اور حالات کا جائزہ لینے کے بعد وزیراعلیٰ کے سی آرنے طلبہ کے مستقبل کو دھیان میں رکھتے ہوئے ریاستی محکمہ صحت کی مثبت رپورٹ کے بعد ہی یکم ستمبر سے تعلیمی اداروں کی کشادگی کا فیصلہ کیا ہے۔

وزیرتعلیم پی۔سبیتا اندراریڈی نے کہا کہ16 ماہ سے بند پڑے ہوئے تعلیمی اداروں کی صاف صفائی میں پورا انتظامیہ متحرک ہوگیا ہے۔انہوں نے طلبہ کے سرپرستوں کو مشورہ دیا کہ اسکولس کے آغاز کے بعد وہ موسمی امراض سے اپنے بچوں کے تحفظ کا بھی خیال رکھیں۔

وزیرتعلیم نے کہا کہ طلبہ کے والدین کی خواہش پر ہی تعلیمی اداروں کی کشادگی عمل میں لائی جارہی ہے اور اس دؤران خصوصی کلاسیس کا ہی نظم کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ عہدیداروں کو چاہئے کہ وہ طلبہ کے والدین اور سرپرستوں کو ہمت و حوصلہ فراہم کرتے ہوئے ان کے بچوں کو اسکولس کو روانہ کرنے کی ترغیب دیں۔

ریاستی وزیرتعلیم پی۔سبیتا اندراریڈی نے کہا کہ خانگی تعلیمی ادارے بھی اسکولس اور کالجس کی عمارتوں کے ساتھ اسکول کی بسوں کی جراثیم کش ادویہ سے صاف صفائی کرتے ہوئے سینی ٹائزر کا چھڑکاؤ کریں۔

انہوں نے کہا کہ یکم ستمبر سے اسکولوں کے آغاز کے بعد سے روزآنہ تعلیمی اور دیگر اسکولی سرگرمیوں سے متعلق رپورٹ اساتذہ، ایم ای اوز اور ڈی ای اوز کے ذریعہ محکمہ تعلیمات کے اعلیٰ عہدیداروں تک روانہ کرنا ہوگا۔

وزیرتعلیم نے کہا کہ دیہی علاقوں میں اسکولس کی صاف صفائی،جنگلی پودوں کی کٹائی،جراثیم کش ادویہ اور سینی ٹائزر کا چھڑکاؤ گرام پنچایتوں اور سرپنچوں کی ذمہ داری ہوگی جبکہ ٹاونس اور شہروں میں یہ ذمہ دار بلدیات کے میئرس ، صدور بلدیہ اور بلدی کمشنران کی ہوگی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے