حیدرآباد میں ٹریفک قواعد میں مزید سختی، اب ان دو خلاف ورزیوں پر بھی ہوں گے جرمانے

حیدرآباد میں ٹریفک قواعد میں مزید سختی
اب ان دو خلاف ورزیوں پر بھی ہوں گے جرمانے،احکام جاری 

حیدرآباد: 19۔نومبر(سحرنیوزڈاٹ کام)

حیدرآباد شہر میں ٹریفک نظام کو مزید بہتر بنانے اور ٹریفک کے آسان بہاؤ کےلیے حیدرآباد ٹریفک پولیس نے "آپریشن رسی”OperationRope#” کا آغاز کیاتھا اور اس مہم کےذریعہ ٹریفک قواعد کی خلاف ورزی کرنے والے گاڑی مالکین/گاڑی چلانے والوں پر جرمانے عائد کیےجارہے ہیں۔اس مہم کے دؤران ٹریفک سگنلز پھلانگنے والوں اور چوراہوں پر اسٹاپ لائن پار کرنے والوں پر 100 روپئے، بائیں جانب مڑنے والےمقام پر رکاوٹ کھڑی کرنے والوں پر 1,000 روپئے،پیدل چلنے والوں کےلیے رکاوٹ بننےوالی گاڑیوں کی پارکنگ پر 600 روپئے اور فٹ پاتھوں پر قبضہ کرتے ہوئے ٹریفک نظام میں خلل پیدا کرنے والوں پر بڑے پیمانے پر جرمانے عائد کیے جارہے ہیں۔

اس آپریشن رسی کی کامیابی کے بعد حیدرآباد ٹریفک پولیس نےمزید سختی برتنے اور بڑے پیمانے پر گاڑی مالکین پر جرمانے عائد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔جس کےتحت غلط رخ Wrong Side# پر گاڑی چلانے پرموٹر وہیکل قانون کی دفعات 119/177/184 کے تحت 1،700 روپئے، دو پہیوں کی گاڑیوں پر تین سواری Triple Riding# کرنے پر موٹر وہیکل ایکٹ کی دفعات 128/184 اور R/w 177 کے تحت 1،200 روپیوں کا جرمانہ عائد کرنے کا حیدرآباد ٹریفک پولیس نے آج باقاعدہ اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر جوائنٹ کمشنر آف پولیس(ٹریفک)،حیدرآباد کی جانب سے پریس نوٹ کے ذریعہ اعلان کیا گیا ہے۔جس پر 21 نومبر سےعمل کیا جائے گا۔

ساتھ ہی اس اعلان میں انکشاف کیاگیا ہے کہ سال 2020 میں غلط رخ پر گاڑیاں چلانے سے 15 اور تین سواری گاڑیاں چلانے کے باعث 24 اموات ہوچکی ہیں۔اسی طرح سال 2021 میں غلط رخ پر Wrong Side# گاڑیاں چلانے کے باعث 21 اموات اور تین سواری گاڑیاں چلانے پر 15 اموات واقع ہوئی ہیں۔اور جاریہ سال 31 اکتوبر تک ان دونوں ٹریفک خلاف ورزیوں کے باعث بالترتیب 15 اور 8 امواتیں ہوئی ہیں۔

اس سلسلہ میں حیدرآباد ٹریفک پولیس غلط رخ پر گاڑیاں چلانے اور دو پہیوں والی گاڑیوں پر تین سواری سفر کرنے والوں کے خلاف 28 نومبر سے خصوصی مہم کا آغاز کرنے جارہی ہے۔

حیدرآباد ٹریفک پولیس نے گاڑی مالکین کو متنبہ کیا ہے کہ ٹریفک پولیس کی عدم موجودگی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے اگر ٹریفک قواعد کی خلاف ورزیاں کی جاتی ہیں یا ٹریفک سگنل توڑکر گزرجاتے ہیں تو سی سی کیمروں کے فوٹیج کی مدد سے ایسے گاڑی مالکین پر جرمانے عائد کیے جائیں گے۔

حیدرآباد ٹریفک پولیس نے گاڑیاں چلانے والوں/ گاڑی مالکین کومشورہ دیاہے کہ وہ ٹریفک قواعد پر سختی کےساتھ عمل کرتے ہوئے ٹریفک نظام میں مزید بہتری پیدا کرنے میں پولیس کے ساتھ تعاون کریں۔اپنی اور دوسروں کی جانوں کےتحفظ کویقینی بنائیں۔ورنہ جرمانوں کی ادائیگی کے لیے تیار رہیں۔