سیلابی پانی میں تین ماہ کے ایک بچہ کو ٹب میں رکھ کر بحفاظت لے جایا گیا
فلم باہوبلی کامنظر،سوشل میڈیا پر ویڈیو وائرل، باہمت شخص کی ستائش
حیدرآباد: 14۔جولائی(سحرنیوزڈاٹ کام)
ملک کی چند دنوں ریاستوں بشمول ریاست تلنگانہ گزشتہ ایک ہفتہ سے شدید بارش کی لپیٹ میں ہے۔جہاں کئی بڑے اور چھوٹے پراجکٹ،ندیاں اور تالاب لبریز ہوگئے ہیں جن سے پانی کا اخراج جاری ہے۔اضلاع نرمل،عادل آباد،نظام آباد،جگتیال،منچریال،پیداپلی سمیت دیگر اضلاع اس بارش سے شدید متاثر ہیں۔جہاں عام زندگی مفلوج ہوگئی ہے اور نشیبی علاقے زیر آب آگئے ہیں۔آبادیوں کا تخلیہ عمل میں لاتے ہوئے انہیں محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا ہے وہیں عوام بھی حالات کو دیکھتے ہوئے خود سیلاب زدہ علاقوں سے محفوظ مقامات پر منتقل ہورہے ہیں۔
ایسے میں پیدا پلی ضلع کے منتھنی کا ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوا ہے جسے مشہور تلگو فلم باہو بلی کے ایک منظر سے جوڑا جارہا ہے کہ ناظرین نے ایسا منظر اس فلم میں دیکھا تھا لیکن حقیقت میں یہ منظر بارش کے سیلابی پانی میں محصور منتھنی میں دیکھا گیا۔
جہاں ایک شخص تین ماہ کے بچے کو ٹوکری میں لٹاکر اپنے سر پر اٹھاکرمحفوظ مقام پرلے گیا۔چونکہ منتھنی مکمل طور پر سیلابی پانی میں محصور ہوگیا ہے اور عوام محفوظ مقامات کو منتقل ہورہے ہیں۔
ایسے میں ایک شخص نے انتہائی بہادری کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹوکری میں تین ماہ کے بچہ کو لٹاکر اپنے سر پر اٹھالیا اور اس بچہ کی ماں اور باپ کے ساتھ گلے تک پانی میں چلتے ہوئے ماریواڈا علاقہ سے محفوظ مقام پر منتقل کردیا۔سوشل میڈیا اور میڈیا میں اس باہمت شخص کی ہمت اور حوصلہ کی زبردست سراہنا کی جارہی ہے۔
بتایا جارہا ہے کہ سیلابی پانی میں محصورمنتھنی میں کل سے برقی سربراہی بھی مسدود کردی گئی ہے۔گوداوری ندی کے قریب موجود منتھنی سمیت دیگر کئی مواضعات بھی پانی میں محصور ہوگئے ہیں جنہیں پولیس اور محکمہ مال کے عہدیداروں کی نگرانی میں بچاؤ ٹیمیں کشتیوں کے ذریعہ محفوظ مقامات پر منتقل کررہی ہیں۔

زیادہ تر فلموں پر نکتہ چینی کی جاتی ہے کہ اس میں بتائے گئے منفی پہلوؤں سے بالخصوص نوجوان طبقہ جرائم کی جانب راغب ہوتا ہے۔لیکن چند فلموں کے مناظر ایسے بھی ہوتے ہیں کہ جس سے عوام کو ایک پیغام بھی ملتا ہے۔اب فلمیں دیکھنے والوں کی اپنی سوچ پرمنحصر ہوتا ہے کہ وہ ان فلمی مناظر سے مثبت یا منفی پہلو اپنائیں!!
Telangana #TelanganaRains #Bahubali# #Manthani#

