تلنگانہ : ندی کے سیلابی پانی میں پھنسے ہوئے دو چرواہوں کو ایئرفورس کے ہیلی کاپٹر کی مدد سے بحفاظت نکال لیا گیا

تلنگانہ: ندی کے سیلابی پانی میں پھنسے ہوئے دو چرواہوں کو
ایئرفورس کے ہیلی کاپٹر کی مدد سے بحفاظت نکال لیا گیا

حیدرآباد:14۔جولائی(سحرنیوزڈاٹ کام)

ریاست تلنگانہ گزشتہ ایک ہفتہ سے شدید بارش کے باعث مکمل طور پر پانی پانی ہوگئی ہے۔شمالی تلنگانہ کے اضلاع نرمل،نظام آباد، جگتیال، عادل آباد، آصف آباد،منچریال اور پیداپلی بارش سے شدیدمتاثر ہوئے ہیں۔کئی شہری علاقے اور مواضعات سیلابی پانی میں محصور ہوگئے ہیں۔نیشنل ڈیزاسٹر ریسپانس فورس (این ڈی آر ایف)،محکمہ پولیس اور محکمہ ریونیو کی بچاؤ ٹیموں کی جانب سے سیلابی پانی میں پھنسے ہوئے لوگوں کو کشتیوں کی مدد سے محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا ہے اور یہ سلسلہ ہنوز جاری ہے۔

تین دن قبل جگتیال ضلع کےرائیکل منڈل کے بورنا پلی میں ندی کے کنارے کورو نامی علاقہ میں پھنسے ہوئے 9 زرعی مزدوروں کو نیشنل ڈیزاسٹر ریسپانس فورس نے کشتیوں کی مدد سے بچالیا تھا۔

آج منچریال ضلع کے چینور منڈل کے موضع سومن پلی کے مضافات میں بہنے والی گوداوری ندی میں پھنسے ہوئے دو چرواہوں کو انڈین ائیر فورس کے ایک ہیلی کاپٹر کی مدد سے بچا لیا گیا۔

مقامی رکن اسمبلی بالکاسمن نےریاستی وزیر بلدی نظم و نسق و آئی ٹی کے۔تارک راما راؤ(کے ٹی آر) سے دو چرواہوں کو بچانے کے لیے مدد طلب کی تھی جس کے فوری بعد ریاستی حکومت نے جائے مقام کے لیے انڈین ایئر فورس کا ایک ہیلی کاپٹر روانہ کیا۔

انڈین ایئر فورس کے عملہ نے ہیلی کاپٹر کے ذریعہ ان دونوں چرواہوں کو بحفاظت گہرے پانی سے نکال لیا گیا۔بعد ازاں بچائے گئے دونوں چرواہوں کے ساتھ ہیلی کاپٹر کو پیداپلی ضلع کے راماگنڈم میں بحفاطت اتارا گیا۔جس کے بعد سب نے راحت کی سانس لی۔

سیلابی پانی سے ہیلی کاپٹر کی مدد سے بحفاظت نکالے گئے ان دونوں چرواہوں کی شناخت سومن پلی موضع کے گٹیا اور ساریا کی حیثیت سے کی گئی ہے۔جو بکریاں چرانے کے لیے قریبی جنگل میں گئے ہوئے تھے اور سیلاب کے پانی میں پھنس گئے تھے۔یہ دونوں چرواہے حاضر دماغی کا مظاہرہ کرتے ہوئے گاؤں کے باہر اور ندی کے قریب بنائی گئی پانی کی ٹانکی پر چڑھ گئے تھے۔

تاہم گوداوری ندی کے پانی میں لگاتار اضافہ کےباعث پانی کی سطح ٹانکی کی اوپری سطح تک پہنچ گئی تھی اور کم و بیش یہ پانی کی ٹانکی سیلابی پانی میں مکمل غرق ہونے کے قریب تھی کہ ان دونوں چرواہوں کو ہیلی کاپٹر کی مدد سے بچالیا گیا۔اس سلسلہ میں رکن اسمبلی بالکاسمن نے فوری طور پر ہیلی کاپٹر فراہم کرنے پر ریاستی وزیر کے ٹی آر سےتشکر کا اظہارکیا۔ہیلی کاپٹر کے ذریعہ ان دونوں چرواہوں کو پانی میں سے بحفاظت نکالے جانے والے مناظر پرمشتمل ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہوئے ہیں۔