تلنگانہ : جگتیال کے صحافی ضمیر الدین کی نعش اور کار ندی سے برآمد، بعد نماز جمعہ سینکڑوں پُرنم آنکھوں کے ساتھ سپر دلحد

تلنگانہ: جگتیال کے صحافی ضمیرالدین کی نعش اور کار ندی سے برآمد
بعد نماز جمعہ سینکڑوں افراد کی موجودگی میں بادیدہء نم سپردِ لحد
مختلف سیاسی قائدین نے کیا تعزیت اور افسوس کا اظہار

جگتیال:15۔جولائی(سحرنیوزڈاٹ کام)

بالآخر وہی ہوا جس کا تین دنوں سے خوف و اندیشہ تھا۔ریاست تلنگانہ کےجگتیال ضلع میں شدید بارش کے دؤران اپنی صحافتی خدمات کی انجام دہی کے دؤران کار سمیت سیلابی پانی میں بہہ جانے والے تلگو چینل این ٹی وی سے وابستہ جواں سال صحافی محمدضمیر الدین(35 سالہ) کی نعش آج تین دن کے بعد راماجی پیٹ کے نواح میں ندی کے پودوں میں دستیاب ہوئی اور ساتھ ہی تلاشی ٹیم نےندی سے ان کی کار بھی برآمدکرلی۔اس واقعہ کی اطلاع عام ہوتےہی متوفی کے افراد خاندان کے ساتھ ساتھ ریاست کی صحافتی برادری میں غم و اندوہ کی لہر دؤڑگئی ہے۔قواعد کے تحت جائے مقام پر ہی پنچنامہ کے بعد نعش کو ورثا کے حوالے کردیا گیا۔

این ٹی وی چیانل سےوابستہ جواں سال صحافی محمدضمیرالدین 12 جولائی کی رات ساڑھے آٹھ بجے 9 مزدوروں کےسیلابی پانی میں پھنس جانے کے بعد بچاؤ ٹیموں کی جانب سے انہیں بحفاظت نکالے جانے کے کوریج کے بعد براہ رائیکل منڈل کےبھوپتی پور واپسی کے دؤران ایس سی کالونی کے قریب سیلابی پانی سے لبریز بریج عبورکرنے کی کوشش میں سیلاب کے پانی کے بہاؤ میں کارسمیت بہہ گئے تھے۔جبکہ حادثہ کے وقت اس کار میں موجود ایک صحافی کار سے چھلانگ لگاکر محفوظ رہے۔

گزشتہ تین دنوں سے محمدضمیرالدین کا سراغ نہ مل پانے کے باعث ان کے افراد خاندان اور صحافتی برادری شدید کرب کا شکار اور اندیشوں کا شکار تھی۔محمدضمیر الدین کے پسماندگان میں والدہ محترمہ کے بشمول بیوہ اور دو بچے ہیں۔

محمدضمیر الدین کی نماز جنازہ آج بعد نماز جمعہ مسجد اسلامیہ،اسلام پورہ جگتیال میں ادا کی گئی۔بعدازاں مسجد مقبرہ سےمتصلہ قدیم قبرستان میں سینکڑوں سوگوار نمناک آنکھوں کی موجودگی میں محمدضمیر الدین کو درد و الم و بے قراری کی شدت کے ساتھ سپر دلحد کردیا گیا۔اس موقع پر افراد خاندان،رشتہ داروں،صحافتی برادری،محکمہ پولیس کے علاوہ دیگر محکمہ جات کے عہدیداران اور نوجوانوں کی کثیر تعداد موجود تھی۔

رکن قانو ن ساز کونسل وسینئر کانگریس قائد مسٹر ٹی جیون ریڈی،رکن اسمبلی جگتیال ڈاکٹر ایم سنجے کمار،صدر نشین ضلع پریشدداوا وسنتا سریش،بی جے پی قائدین مورا پلی ستی،رویند راؤ،کانگریس قائد بنڈہ شنکر کے علاوہ دیگر پارٹیوں کے قائدین اور کارکنان نماز جنازہ سے لیکر تدفین تک موجود رہے۔

نعش اور کار کی دستیابی کی اطلاع کے بعد مقامی رکن اسمبلی ڈاکٹر سنجے کمار،رکن قانون ساز کونسل ٹی۔جیون ریڈی،ضلع کلکٹر جی۔روی،ضلع ایس پی محترمہ سندھو شرما،ایڈیشنل ایس پی سومیش کمار،ڈی ایس پی آر۔پرکاش کے علاوہ دیگر عہدیداروں نے جائے مقام پر پہنچ کر اس اندوہناک واقعہ پر شدید افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ضلع جگتیال ایک جواں سال، قابل ومتحرک صحافی کی خدمات سے محروم ہوگیا۔انہوں نے محمدضمیر الدین کے افراد خاندان سے تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے تیقن دیا کہ متوفی کے افراد خاندان کو سرکاری طورپر امداد کے لیے حکومت سے فوری اور موثر نمائندگی کی جائے گی۔

تلگو نیوز چینل این ٹی وی کے انتظامیہ نے بھی اپنے صحافی سے محروم ہوجانے پر شدید دکھ اور غم کا اظہار کیا ہے۔اطلاع ہے کہ چینل کے انتظامیہ نے محمدضمیرالدین کے افراد خاندان کو پانچ لاکھ روپئے کی امداد کا فیصلہ کیا ہے۔

این ٹی وی سے وابستہ صحافی محمدضمیرالدین کی اس حادثاتی موت کی اطلاع پر ریاستی وزیرصحت ٹی۔ہریش راؤ،رکن قانون ساز کونسل محترمہ کے ۔کویتا،تلگودیشم پارٹی سربراہ چندرابابو نائیڈو،صدر تلنگانہ بی جے پی و رکن پارلیمان کریم نگر بنڈی سنجے کمار،صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی و رکن پارلیمان ملکاجگیری ریونت ریڈی،رکن اسمبلی حضورآباد ایٹالہ راجندر کے علاوہ ریاستی اور ضلعی پریس کلبس نے تعزیتی پیامات جاری کرتےہوئے اپنے شدید دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ساتھ ہی صحافیوں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ خدمات کے دؤران اپنی جانوں کے تحفظ کا بھی خیال رکھیں۔جواں سال صحافی محمدضمیرالدین کی موت ایک سانحہ سے کم نہیں۔

ادارہ سحر نیوز ڈاٹ کام مرحوم کے تمام پسماندگان سے تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے ان کے دکھ اورغم میں برابر کا شریک ہے۔اور دعاگوہے کہ اللہ رب العزت تمام پسماندگان کو صبر جمیل عطافرمائے۔ 

جگتیال میں صحافی محمدضمیرالدین کی اس ناگہانی حادثہ میں موت پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے آج چارمینار کے قریب ساؤتھ زون حیدرآباد کے مختلف صحافیوں نے موم بتیاں رؤشن کرکے تعزیت کا اظہار کیا۔ان صحافیوں نے حکومت تلنگانہ سے مطالبہ کیا کہ متوفی صحافی محمدضمیرالدین کے افراد خاندان کو مالی مدد دی جائے ساتھ ہی ایک فرد کو سرکاری ملازمت فراہم کی جائے۔ ساؤتھ زون حیدرآباد کے ان صحافیوں نے تمام سیاسی جماعتوں سے اپیل کی کہ وہ اس دکھ اور غم کی گھڑی میں محمدضمیرالدین کے افراد خاندان کی مالی مدد کے لیے آگے آئیں۔