تلنگانہ: جگتیال کے دھرماسمندر ذخائرآب میں تین بہنوں کی اجتماعی خودکشی، تینوں نعشیں برآمد،خودکشی کی وجوہات کا پتہ نہیں چل پایا

جگتیال کے دھرماسمندر ذخائرآب میں تین بہنوں کی اجتماعی خودکشی کا افسوسناک واقعہ
تینوں کی نعشیں برآمد،خودکشی کی وجوہات کا پتہ نہیں چل پایا، پولیس تحقیقات میں مصروف

حیدرآباد/جگتیال: 28۔اکتوبر(سحرنیوز ڈاٹ کام)

ریاست تلنگانہ کے جگتیال میں پیش آئے ایک افسوسناک واقعہ میں دھرما سمندر ذخائر آب میں تین بہنوں نے اجتماعی خود کشی کرلی۔اس واقعہ کی اطلاع کے ساتھ ہی جگتیال میں سنسنی کی لہر دؤڑ گئی ہے بتایا جاتا ہے کہ یہ تینوں بہنیں گزشتہ تین دن سے لاپتہ تھیں۔

ان تینوں بہنوں کی شناخت جگتیال کے گاندھی نگر کی ساکن گنگا جلا، ملیکا اور وندنا کی حیثیت سے کی گئی ہے۔

اس اجتماعی خودکشی کے انتہائی اقدام کی وجوہات کا پتہ چل نہیں پایا ہے۔

خودکشی کرنے والی ان تین بہنوں میں سے دو بہنیں شادی شدہ ہیں جبکہ ایک انٹرمیڈیٹ کی طالبہ ہے۔

غوطہ خوروں کی مدد سے تلاش کے بعد تینوں خواتین کی نعشیں برآمد ہوگئی ہیں۔واقعہ کی اطلاع پر سرکل انسپکٹر پولیس جگتیال کے۔کشور نے جائے مقام پر پہنچ نعشوں کا پنچنامہ انجام دیا۔بعدازاں ان تینوں نعشوں کو بغرض پوسٹ مارٹم جگتیال کے سرکاری ہسپتال منتقل کردیا گیا۔

مہلوکین کے افراد خاندان کی شکایت پر جگتیال پولیس ایک کیس درج رجسٹر کرکے اس اجتماعی خودکشی کے واقعہ کی تمام زاویوں سے تحقیقات میں مصرف ہے۔اس افسوسناک واقعہ کی اطلاع عام ہوتے ہی عوام کی کثیر تعداد دھرما سمندر ذخائر آب پہنچنے لگی۔