ہم جئیں گے اور مریں گے اے وطن تیرے لیے!
منہ میں سگریٹ اور ہاتھوں میں دشمن کی بچھائی ہوئی بارودی سرنگ
یوکرین کے ایک بہادر شہری کا ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل
نئی دہلی: 28۔فروری
(سحرنیوز/سوشل میڈیا ڈیسک)
روس کی جانب سے یوکرین پر تھوپی گئی جنگ کا سلسلہ جاری ہے۔یوکرین کے شہروں کی تباہی اور وہاں بے قصور شہریوں کی ہلاکتوں کی اطلاعات کا سلسلہ بھی جاری ہے۔وہیں افواہوں اور جھوٹ کے ذریعہ یوکرین کے عوام کے حوصلوں کو توڑنے کی کوشش بھی کی جارہی ہے اور یہ کسی بھی جنگ کے دؤران حملہ آور ملک کی جانب سے استعمال کیا جانے والا نفسیاتی حربہ ہوتا ہے۔اسی لیے تو کہا جاتا ہے کہ محبت اور جنگ میں سب جائز ہے!!یہ بھی سچ ہے کہ جنگ کا سامنا کرنے والے ملک کی قیادت اور فوج کے لیے سب سے بڑی طاقت جنگ زدہ ملک کے عوام کی تائید ہوتی ہے!
سوشل میڈیا پر یوکرین کے کئی مختلف ویڈیوز اور تصاویر وائرل ہیں۔دو دن قبل میڈیا میں ایسی اطلاعات عام ہوئی تھیں کہ کہ یوکرین کے صدر ویلادیمیر زیلنسکی یوکرین چھوڑکر فرار ہوگئے ہیں۔لیکن اس کےفوری بعد یوکرینی صدر نے اپنے تمام اہم وزرا اور عہدیداروں کے ساتھ ایک ویڈیو جاری کرتے ہوئے ان افواہوں کی تردید کردی۔جبکہ یوکرینی صدر ویلادیمیر زیلنسکی کا الزام ہے کہ روس کا نشانہ وہ اور ان کا خاندان ہیں جنہیں وہ ختم کرنا چاہتا ہے!!۔اور یوکرین پر قبضہ روس کا منصوبہ ہے!!
انٹرنیشنل میڈیا اطلاعات کے مطابق یوکرین کی سڑکوں پر روسی فوج سے مقابلہ کے لیے یوکرینی صدر ویلادیمیر زیلنسکی کی اپیل کے بعدعوام بھی سڑکوں آگئی ہے۔اسی دؤران یوکرین میں 250 سے زائد شہریوں کی ہلاکتوں کی اطلاعات بھی ہیں۔یوکرینی صدر ویلادیمیر زیلنسکی کی کئی ایسی تصاویر بھی سوشل میڈیا میں عام ہوئیں جس میں وہ فوجی لباس میں فوج کے ساتھ سڑکوں پر ہیں!اگر واقعی یہ تصاویر سچ ہیں تو پھر یوکرینی صدر کا یہ جذبہ وہاں کی فوج اور عوام کے لیے ایک اچھا پیغام ہے۔
سوشل میڈیا پر ایسے ویڈیوز بھی وائرل ہوئے ہیں جن میں دیکھا جاسکتا ہے کہ یوکرینی شہری روسی ٹینکوں کے سامنے تنہا کھڑے ہوکر ان کو روک رہے ہیں۔
https://www.instagram.com/reel/CaggR8WJMzG/?utm_source=ig_web_copy_link
بتایا جارہا ہے کہ یوکرینی صدر ویلادیمیر زیلنسکی کا حوصلہ اب بھی ٹوٹا نہیں ہے اور وہ عوام کے ساتھ مل کر روس جیسی بڑی طاقت سے ٹکرا رہے ہیں۔جبکہ نیٹو کے علاوہ دنیا کے دیگر ممالک یوکرین کو تسلی اور وعدوں و اعلانات پر لٹکائے ہوئے نظر آرہے ہیں!!
سوشل میڈیا پر ایک ایسا ویڈیو وائرل ہوا ہے جسے دیکھ کر عام انسان کے تو کیا خود جنگ لڑنے والے فوجیوں کے ہوش ہی اڑجائیں!
یوٹیوب پر” WarLeaks-Military Blog ” (وارلیکس۔ملٹری بلاگ) نامی یوٹیوب چینل پر ایک اس ویڈیو کو اپ لوڈ کرتے ہوئے بتایا گیا ہے کہ”اس شخص کو روس کی جانب سے بچھائی گئی بارودی سرنگ (یا دھماکو مادہ) سڑک سے اپنے ننگے ہاتھوں سے بارودی سرنگ اٹھاتے ہوئے دیکھا جا سکتاہے۔جو ایک "اینٹی ٹینک مائن” معلوم ہوتی ہے۔اینٹی ٹینک بارودی سرنگوں کو عام طور پر دھماکہ کرنے کے لیے انتہائی زیادہ دباؤ کی ضرورت ہوتی ہے اور اس کا اوپر کا حصہ کھول کر پھٹنے سے محفوظ بنایا جا سکتا ہے۔
یہ ویڈیو یوکرین کا بتایا گیا ہے کہ کیسے ایک شہری دیدہ و دلیری کا مظاہرہ کرتے ہوئے انتہائی بے خوفی کے ساتھ اپنے منہ میں سگریٹ دبائے ہوئے سڑک پر بچھائی گئی بارودی سرنگ کو اٹھاکر جنگلاتی علاقہ میں پھینکنے کے لیے جارہا ہے۔تاکہ یہ باردوی سرنگ سڑک پر گاڑیوں کے گزرنے کے دؤران نہ پھٹے اور نہ اس سے یوکرینی شہری ہلاک ہوں!
بتایا جارہا ہے کہ اس قسم کے بارودی سرنگ کو پھٹنے سے روکنے کے لیے صرف فوج ہی ضائع کرسکتی ہے!اگر یہ گاڑیوں کے گزرنے سے پھٹ جائے تو بہت زیادہ تباہی اور جانی نقصان لازمی طور پر ہوتا ہے۔تاہم اس یوکرینی شخص نے اس بارودی سرنگ کو آرام کے ساتھ سڑک سے اٹھاکر ضائع کردیا اور ایک بڑی تباہی کو روک دیا۔
یوٹیوب پر اس ویڈیو کو اب تک 18،34،166 ناظرین دیکھ چکے ہیں۔جبکہ 25،000 ناظرین نے لائیک اور 4،844 نے کمنٹ کرتے ہوئے اس شخص کے اس جذبہ کی سراہنا کی ہے۔وہیں کمنٹ میں کسی نے لکھا ہے کہ یہ منظر یوکرین کے دارالحکومت خارکیف کا ہے!

