شیرنی نے اوپر چڑھنے میں ناکام اپنے بچوں کو گڑھے سے بحفاظت نکال لیا:سوشل میڈیا پر ویڈیو وائرل

یہ ایسا قرض ہے جو میں ادا کر ہی نہیں سکتا..!!
شیرنی نے اوپر چڑھنے میں ناکام اپنے بچوں کو گڑھے سے بحفاظت نکال لیا
سوشل میڈیا پر ویڈیو وائرل

نئی دہلی: 01۔مارچ
(سحرنیوز/سوشل میڈیا ڈیسک)

چاہے انسان ہوں یا خونخوار جانور،درندے یا پھر چرند، پرند ان کے نزدیک ہمیشہ ایک رشتہ ایسا ہوتا ہے جو بے لوث اور بنا کسی مفاد ان کی حفاظت کرتا رہتا ہے اور اس عظیم رشتہ کا نام ” ماں ” ہے۔

یہ ماں نامی ہستی دنیا کے ہر انسان،جانور اور چرند،پرند کی بنیاد ہوتی ہے۔جو کہ زمانے کے تھپیڑوں اور برے ومشکل حالات و مصائب سے اپنے بچوں کے تحفظ کے لیے ماں کچھ بھی کر گرزنے کے لیے ہمیشہ تیار رہتی ہے۔یہ الگ بات کہ یہی بچے جب سیانے اور بڑے ہوجاتے ہیں تو بہت کم اس ماں کو اس کی قربانیوں کا صلہ دے پاتے ہیں۔ویسے بھی ماں کی قربانیوں کا قرض دنیا کا کوئی انسان اتار بھی نہیں سکتا۔ بقول منور رانا؎” یہ ایسا قرض ہے جو میں ادا کر ہی نہیں سکتا”۔

سوشل میڈیا پر کئی دلچسپ ویڈیوز صارفین کو ذہنی تسکین فراہم کرتے ہیں اور بالخصوص جانوروں سے متعلق ایسے ویڈیوز بہت زیادہ دیکھے اور شیئر بھی کیے جاتے ہیں۔سوشل میڈیا کی مائیکرو بلاگر سائٹ ٹوئٹر پر Susanta Nanda@ "سسانتا نندا” جو کہ انڈین فاریسٹ سرویس(آئی ایف ایس) کے عہدیدار ہیں نے ایک شیرنی اور اس کے دو چھوٹے بچوں کا ایک خوبصورت ویڈیو پوسٹ کیا ہے۔جسے ٹوئٹر پر اب تک 47،900 صارفین نے دیکھا ہے۔

اس ویڈیو کے ساتھ سسانتا نندا آئی ایف ایس نے انگریزی کیاپشن لکھا ہے کہ” جب بھی آپ مایوس ہوں تو اپنی ماں پر بھروسہ رکھیں”

دراصل اس ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ایک شیرنی پانی کی نہر کے قریب ایک ٹیلے پر کھڑی اپنے اطراف کا جائزہ لے رہی ہے اورساتھ ہی اپنے دونوں ننھے بچوں کو دیکھ رہی ہے جو کہ شاید اتفاقی طور پر اس ٹیلے سے نیچے گڑھے میں گرگئے ہیں۔اور بار بار وہ اوپر چڑھنے کی کوشش کرتے ہوئے پھسل کر ناکام ہوجاتے ہیں۔سسانتا نندا نے یہ نہیں لکھا کہ یہ ویڈیو کس مقام اور کونسے جنگل کا ہے۔

بالآخر شیرنی نہر کی جانب بار بار دیکھ کر ٹیلے سے نیچے گڑھے میں اترجاتی ہے اسی دؤران شیرنی کا ایک بچہ وہاں سے تھوڑی دوری پر موجود پودوں میں چلاجاتا ہے۔پھر شیرنی اپنے ایک بچے کو اپنے منہ میں پکڑ کر مٹی کے ٹیلے پر چڑھ جاتی ہے۔بتایا جارہا ہے کہ شیرنی نے اسی طرح اپنے دوسرے بچے کو بھی اس گڑھے سے مٹی کے ٹیلے پر منتقل کرلیا!!