ٹیٹ امتحان،ایک منٹ کی بھی تاخیرٹسٹ میں شرکت سے محرومی کا سبب بن سکتی ہے:ضلع کلکٹر وقارآباد

ٹیٹ امتحان،ایک منٹ کی بھی تاخیر ٹسٹ میں شرکت سے محرومی کا سبب بن سکتی ہے
ضلع وقارآباد میں 24 امتحانی مراکز، 9.475 امیدواروں کی شرکت
ضلع کلکٹر وقارآباد محترمہ نکھیلا کی جانب سے جائزہ اجلاس کا انعقاد

وقارآباد: 08۔جون(سحرنیوزڈاٹ کام)

ریاست تلنگانہ میں 12 جون کو منعقد ہونے والے ٹیچرس ایلجبیٹی ٹسٹ(ٹیٹ TET#)کے انعقادکے سلسلہ میں کلکٹرضلع وقارآبادمحترمہ بی۔نکھیلا نے وقارآباد کے ڈی پی آرسی بھون میں چیف سپرنٹنڈنٹس اورمتعلقہ عہدیداروں کا اجلاس منعقد کرتے ہوئے ہدایت دی کہ ضلع میں ٹیٹ کے صاف و شفاف طریقہ سے امتحانات کے انعقاد کے لیےمنظم انتظامات کئے جائیں۔

انہوں نے کہا کہ کئی برس بعد ریاست میں ٹیٹ کے امتحانات منعقد ہونے جارہے ہیں اور ہر امیدوار کی خواہش ہوتی ہے کہ وہ ان امتحانات میں کامیاب ہوں۔امتحانات میں شرکت کرنے والے امیدواروں کےمستقبل کو دیکھتے ہوئے انہیں کسی بھی مشکلات کا سامنا درپیش نہ ہوایسے انتظامات کو یقینی بنایا جائے۔

ضلع کلکٹر نے عہدیداروں اور امیداروں کو ہدایت دی کہ امتحانات کے دؤران کوئی بھی مسئلہ پیش آئے تو سیدھے انہیں یا پھر ڈی ای او کو فون کرکے یا میسیج کے ذریعہ فوری اطلاع دی جائے۔

ضلع کلکٹر وقارآباد محترمہ بی۔نکھیلا نےعہدیداروں کوہدایت دی کہ ٹیٹ کے امتحانات کے موقع پر امیدواروں کوامتحان گاہ میں اپنے ساتھ موبائل فونس،ایپل واچ یا دیگر الیکٹرانک اشیاء لے جانے کی اجازت نہ دی جائے۔

ضلع کلکٹر نے بتایا کہ ٹیٹ کے امتحانات کے لیے ضلع وقارآباد میں جملہ 24 امتحانی مراکز قائم کیے جارہے ہیں۔فی امتحانی مرکز 240 امیدواروں کی شرکت کے حساب سے انتظامات کیے گئے ہیں۔اسی طرح ہر ایک ایک کلاس روم میں 24 امیدواروں کے لیے جگہ فراہم کی جارہی ہے۔

ضلع کلکٹر وقارآباد بی۔نکھیلا نے بتایا کہ 12 جون کو 9 بجے صبح تا دوپہر 30-12بجے منعقد ہونے والے پرچہ اول کےامتحانات میں جملہ 5,730 امیدوار شرکت کریں گے۔جبکہ اسی دن 30-2 بجے دن تا شام 5 بجے منعقد ہونے والے ٹیٹ کے پرچہ دوم کے امتحانات میں جملہ 3,745 امیدوار شرکت کریں گے۔انہوں نے بتایا کہ ان میں سات طلبہ جسمانی طورپر معذور ہیں۔

ضلع کلکٹر وقارآباد نے ٹیٹ کے ان امتحانات میں شرکت کرنے والے تمام امیدواروں کو آگاہ کیا کہ”ایک منٹ کی بھی تاخیر سے امتحانی مرکز پہنچنے والے امیدواروں کو امتحان میں شرکت کی اجازت نہیں دی جائے گی"۔اس لیےتمام امیدوار نصف گھنٹہ قبل ہی اپنے اپنے امتحانی مراکز پہنچ جائیں۔

اس اجلاس میں ڈی ای او ضلع وقارآباد رینوکا دیوی،اے سی جی ای پربھو،اے ڈی ایم اے ایم اے غنی،ڈی سی ای بی سیکریٹری اننت ریڈی کے علاوہ تحصیلداران،منڈل ایجوکیشنل آفیسرز،ہیڈماسٹرس نے شرکت کی۔