رکن اسمبلی تانڈور پائلٹ روہت ریڈی کی سالگرہ تقریب کا بڑے پیمانے پر انعقاد
ہزاروں افراد کی شرکت،مذہبی شخصیتوں نے دعائیہ کلمات کے ذریعہ نیک تمنائیں پیش کیں
کھلاڑیوں میں دس لاکھ روپئے مالیتی کپ،ایوارڈز اور نقد رقم کی تقسیم
وقارآباد/تانڈور:08۔جون(سحرنیوزڈاٹ کام)
پائلٹ روہت ریڈی رکن اسمبلی تانڈور کی سالگرہ تقریب گزشتہ رات تانڈور کے ولیم اسکول گراؤنڈ میں بڑے پیمانے پر انتہائی دھوم دھام کے ساتھ منائی گئیں جس میں ہزاروں افراد نے شرکت کی۔پارٹی قائدین اور مقامی افراد کاکہنا ہے کہ اتنے بڑے پیمانے پراور اتنی دھوم دھام کے ساتھ آج تک تانڈور میں کسی بھی سیاسی شخصیت کی سالگرہ اتنے بڑے پیمانے پر نہیں منائی گئی!!۔
اس سالگرہ تقریب میں پارٹی قائدین کی جانب سے کرین کی مدد سے دیڑھ کنٹل وزنی پھولوں کا ہار پہنایاگیا اور ڈائس پر کیک منتقل کیا گیا۔
سینکڑوں گاڑیوں کے قافلہ کے ساتھ رکن اسمبلی پائلٹ روہت ریڈی شام دیرگئے حیدرآباد سے اپنے والد وٹھل ریڈی،والدہ پرومودنی دیوی اور اہلیہ آرتی ریڈی کے ساتھ تانڈور کے ولیم مون اسکول گراؤنڈ پہنچے۔اس تقریب سالگرہ میں ہندو،مسلم اور عیسائی رہنماؤں کی جانب سے رکن اسمبلی کی درازی عمر کے لیے دعائیں کی گئیں۔

بعدازاں رکن اسمبلی پائلٹ روہت ریڈی نے اپنے افراد خاندان اور نائب صدرنشین بلدیہ دیپا نرسملو،صدر ٹاؤن ٹی آر ایس ایم اے نعیم افو، صدر زرعی مارکیٹ کمیٹی وٹھل نائیک،ٹی آر ایس قائدین بالیشور گپتا،پٹلولا نرسملو،سرینواس چاری،صدر اردو گھرو شادی خانہ عبدالرزاق،ارکان بلدیہ مختارناز،محمد اسلم،راگھویندرا،سابق رکن بلدیہ محمدعرفان،امتیاز بابا اور دیگر پارٹی قائدین کے ساتھ کیک کاٹا۔
اس تقریب میں رکن اسمبلی کو مختلف قائدین اور نمائندوں نے سالگرہ کی مبارکباد دیتے ہوئے شال و گلپوشی کی۔اس سالگرہ تقریب میں تانڈور ٹاؤن،تانڈور،یالال،پدیمول اور بشیرآباد منڈلات سے پارٹی قائدین اور کارکنوں کے علاوہ نوجوانوں کی کثیر تعداد شریک تھی۔ولیم اسکول کاوسیع و عریض گراؤنڈ اپنی تنگ دامنی کا شکوہ کررہاتھا۔
ٹی آر ایس پارٹی قائدین کے مطابق اس سالگرہ تقریب میں زائد از 15 ہزار افراد شریک تھے۔جن کےلیے تقریب کےبعد دوفنکشن ہالوں میں طعام کا انتظام بھی کیا گیا تھا۔قبل ازیں تانڈور میں رکن اسمبلی پائلٹ روہت ریڈی کی ریالی منظم کی گئی تھی۔
اپنی اس سالگرہ تقریب سےخطاب کرتے ہوئے رکن اسمبلی نے تمام شرکا کا شکریہ ادا کیا اور اس موقع پر کہا کہ لاکھ رکاوٹوں کے باؤجود تانڈور کو ترقی دینا ان کی اولین ترجیح ہے۔انہوں نے تانڈور کے تمام رائے دہندگان کا بھی شکریہ ادا کیاکہ انہوں نےگزشتہ انتخابات میں انہیں منتخب کیا اور امید ظاہر کی کہ آئندہ بھی انہیں خدمت کا موقع دیں گے۔

اس سالگرہ تقریب میں رکن اسمبلی کے ہاتھوں روہت انامیگا کرکٹ ٹورنمنٹ میں حصہ لیتے ہوئے فائنل میچ جیتنے والی ٹیم سٹیزن کونسل ٹیم کو ٹروفی اور ایک لاکھ روپئے نقد اور ہارنے والی ٹیم کو 50ہزارروپئے نقد رقم کاانعام دیا گیا۔اس پورے کرکٹ ٹورنمنٹ میں حصہ لینے والی ٹاون اور منڈلات کی تمام ٹیموں میں 10 لاکھ روپئے مالیتی نقد انعامات تقسیم کئے گئے۔اس تقریب میں ٹی آرایس قائدین رافع خان،محبوب قریشی کے علاوہ دیگر شریک تھے۔


