تلنگانہ کے وزیر اقلیتی بہبود کوپولا ایشور کے ہاتھوں تانڈور میں 20 کروڑ کی لاگت سے تعمیر کردہ اقلیتی اقامتی اسکول،جونیئر کالج اورمینارٹی کامن سرویس سنٹر کا افتتاح

تلنگانہ میں اقامتی اسکولز اور کالجوں کا قیام وزیراعلیٰ کے سی آر کا کارنامہ
وزیر اقلیتی بہبود کوپولا ایشور کے ہاتھوں تانڈور میں 20 کروڑ کی لاگت سےتعمیر کردہ
اقلیتی اقامتی اسکول و جونیئر کالج اور مینارٹی کامن سرویس سنٹر کی عمارتوں کا افتتاح
ایم ایل سی،ایم ایل اے،سیکریٹری ٹمریز،ضلع کلکٹر،ضلع ایس پی اور دیگر کی شرکت

وقارآباد/تانڈور:20۔جولائی(سحرنیوزڈاٹ کام)

وزیر تلنگانہ برائے اقلیتی بہبود وایس سی ڈیولپمنٹ کوپولا ایشور نے کہاہے کہ تلنگانہ کے سرکاری اسکولوں،اقلیتی اقامتی اسکولز و کالجوں اور گروکلس میں دی جانے والی کارپوریٹ طرز کی تعلیم سارے ملک کی ریاستوں کے لیے ایک مثال ہے۔انہوں نے کہا کہ ریاست میں اقلیتی اقامتی اسکولوں،کالجوں اور دیگر طبقات کے لیے گروکلس کا قیام وزیراعلیٰ کے۔چندراشیکھرراؤ کی اختراع ہے اور یہ وزیراعلیٰ کا ناقابل فراموش کارنامہ ہے۔

ریاستی وزیر برائے اقلیتی بہبود و ایس سی ڈیولپمنٹ کوپولا ایشور آج وقارآبادضلع کے تانڈور میں مقامی رکن اسمبلی پائلٹ روہت ریڈی کی زیر صدارت منعقدہ تقریب سے خطاب کررہے تھے۔

قبل ازیں ریاستی وزیر نے تانڈور میں حیدرآباد روڈ پر راجیو گروہا کالونی کے قریب 18 کروڑروپئے کے مصارف سے تعمیر کردہ تلنگانہ اقلیتی اقامتی اسکول اور جونیئر کالج(برائے طالبات)اور ایک کروڑ 40 لاکھ روپئے کےصرفہ سے تعمیرشدہ "مینارٹی کامن سرویس سنٹر” کی عمارتوں کا افتتاح انجام دیا۔

جبکہ ریاستی وزیر برائے اقلیتی بہبود وایس سی ڈیولپمنٹ کوپولا ایشور نے تانڈور میں ایک کروڑ روپئے کے صرفہ سے امبیڈکربھون کی تعمیرکے لیے، 53 لاکھ روپئے کے صرفہ سے گورنمنٹ ڈگری کالج کی حصاربندی کے کاموں کے لیے اور یالال منڈل میں 50 لاکھ روپئےکےمصارف سے امبیڈکر بھون کی تعمیر کے لیے سنگ بنیاد رکھا۔

اس موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ریاستی وزیر برائے اقلیتی بہبود وایس سی ڈیولپمنٹ کوپولا ایشور نے کہاکہ وزیراعلیٰ کے سی آر نے ریاست میں تمام طبقات کی یکساں تعلیمی ترقی کی غرض سے اقامتی اسکولوں کے قیام اور معیارتعلیم کو بلندیوں پر پہنچادیا ہے۔انہوں نے کہا 6سال کے دؤران ریاست میں 204 گروکلس کے قیام کے ساتھ ساتھ انہیں کالج کی سطح تک ترقی دی گئی۔

انہوں نے کہاکہ فی طالب علم سالانہ ایک لاکھ 20 ہزار روپئے خرچ کرتے ہوئے انہیں کارپوریٹ طرز کی تعلیم فراہم کی جارہی ہے۔اور اس کے بہترین نتائج بھی حاصل ہورہے ہیں اور طلبہ بہترین تعلیمی مظاہرہ کرتے ہوئے بیرون ممالک اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے روانہ ہورہے ہیں۔ریاستی وزیر نے کہا کہ طلبہ کو بیرون ممالک تعلیم حاصل کرنے کے لئے بھی مالی مدد فراہم کی جارہی ہے۔اس کا سہرا بھی وزیراعلیٰ کے سی آر کے سر جاتا ہے۔

ریاستی وزیر برائے اقلیتی بہبود وایس سی ڈیولپمنٹ کوپولا ایشور نے اپنے خطاب میں کہاکہ ریاستی حکومت کی جانب سے ماضی میں موجود 10 اسٹڈی سنٹرس کی تعداد کو بڑھاتے ہوئے ہر ضلع میں چار اسٹڈی سنٹرز کے قیام کویقینی بنایا گیا۔اب ریاست میں جملہ 132 اسٹڈی سنٹرز قائم کیے گئے ہیں جن سے استفادہ کرتے ہوئے بیروزگار نوجوان روزگار کے حصول میں مصروف ہیں اور یہ سب ریاست میں تعلیمی ترقی کی ایک مثال ہیں۔

اس تقریب سےخطاب کرتےہوئے ریاستی چیئرمین ٹی ایس ای ڈبلیو آئی ڈی سی راؤلا شریدھرریڈی نے کہاکہ ریاستی حکومت تعلیمی ترقی کے لیے تمام اقدامات کرنے میں مصروف ہے۔اور منا اوورو۔منا بڈی پروگرام کے تحت کارپوریٹ طرز کی تعلیم کی فراہمی کی جارہی ہے۔

رکن قانون ساز کونسل ڈاکٹر پی۔مہیندرریڈی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جب وہ وزیرٹرانسپورٹ تھے تب ان کی جانب سےحکومت سے موثر نمائندگی کے ذریعہ حلقہ اسمبلی تانڈور کے لیے دو ہزار کروڑ روپئے منظور کرواکرمختلف ترقیاتی کاموں کا آغاز کیا گیاتھااب اسی فنڈز سے ترقیاتی کام تکمیل کوپہنچ رہے ہیں۔

رکن اسمبلی تانڈور پائلٹ روہت ریڈی نے اس تقریب سے اپنے میں کہا کہ گزشتہ 15 سال سے زیر التواء مختلف ترقیاتی کاموں کو مکمل کرتے ہوئے تانڈور کو تمام محاذوں پر ترقی دی جارہی ہے۔انہوں نے کہا کہ تانڈور کی ترقی کے لیے مزید اقدامات کیے جائیں گے اور اس سلسلہ میں وہ وزیراعلیٰ کے سی آر سے تحریری نمائندگی کرچکے ہیں۔

اس تقریب میں ریاستی سیکریٹری تلنگانہ مینارٹی ریسیڈنشیل ایجوکیشنل انسٹیٹیوشنس سوسائٹی(ٹمریز ) بی۔شفیع اللہ آئی ایف ایس،جوائنٹ سیکریٹری محمد لیاقت حسین،ضلع کلکٹر وقارآباد محترمہ کے۔نکھیلا،ضلع ایس پی نندیالا کوٹی ریڈی آئی پی ایس،ڈسٹرکٹ مینارٹی ویلفیئر آفیسر سدھارانی کے علاوہ

صدرنشین بلدیہ تاٹی کونڈا سواپنا پریمل،نائب صدرنشین بلدیہ پٹلولا دیپانرسملو،صدرٹاؤن ٹی آر ایس ایم اے نعیم افو،مقامی مسلم قائدین اور ذمہ داران،صدرزرعی مارکیٹ کمیٹی وٹھل نائیک،ایم پی پی یالال منڈل بالیشورگپتا،صدر اردو گھر و شادی خانہ تانڈور عبدالرزاق،نائب ایم پی پی رمیش یالال منڈل،ٹی آر ایس ارکان بلدیہ شوبھارانی،معراج بیگم،نیرجابال ریڈی،راگھویندرا،سنگیتا ٹھاکر،پرنسپل اقلیتی اقامتی اسکول و کالج(گرلز) تانڈورمحترمہ محبوب فاطمہ،عائشہ النسا پرنسپل اقلیتی اقامتی اسکول(بوائز) تانڈور،پروین بیگم پرنسپل اقلیتی اقامتی کالج (بوائز)کوڑنگل،محمدمحبوب پرنسپل اقلیتی اقامتی اسکول(بوائز)کے علاوہ دیگر پارٹی قائدین بھی شریک تھے۔