ورنگل ضلع کے مختلف مقامات پر ٹی آرایس کا احتجاج، عائد کردہ جی ایس ٹی برخاست کرنے کا مطالبہ

ورنگل ضلع کے مختلف مقامات پر ٹی آر ایس کا احتجاج،عائدکردہ جی ایس ٹی برخاست کرنے کا مطالبہ
گورنمنٹ چیف وہپ ونئے بھاسکر اور رکن اسمبلی آروری رمیش کی مرکزی حکومت پر تنقید
ورنگل: 20۔جولائی (سحرنیوزڈاٹ کام)

رکن اسمبلی و صدر ٹی آر ایس پارٹی ورنگل ضلع،وردھنا پیٹھ آروری رمیش نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئےہندوستان کی اب تک کی تاریخ میں پہلی مرتبہ روزمرہ کی غذائی اجناس،پکوان گیس،پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں کے آسمان چھونے اور پھر اس پر مرکزی حکومت کی جانب سے دوبارہ مختلف اشیائے ضروریہ پر ٹیکس عائدکیے جانے پرسخت برہمی کا اظہار کیا۔

کارگزار صدر ٹی آر ایس پارٹی و ریاستی وزیر بلدی نظم ونسق و انفارمیشن ٹکنالوجی کے ٹی آر کی ہدایت پر ضلع ورنگل کےمختلف ڈویژنس اور منڈلس میں مرکزی حکومت کی جانب سے غذائی اجناس پر ٹیکس(جی ایس ٹی) عائد کیے جانے کے خلاف ٹی آر ایس پارٹی قائدین، کارپوریٹرس اور کارکنوں کی جانب سے راستہ روکو احتجاج اور دھرنا پروگرام منظم کیا گیا۔اس احتجاج کے دؤران مظاہرین نے مودی کو ہٹاؤ، دیش کو بچاؤ کے علاوہ بی جے پی کو ہٹاؤ دیش کو بچاؤ کے نعرے لگائے۔

اسی طرح ہنمکنڈہ ضلع میں بھی گورنمنٹ چیف وہپ ونئے بھاسکر کی قیادت میں مختلف ڈویژنس میں دھرنا پروگرام منظم کیا گیا۔اس موقع پر آروری رمیش نے اپنے خطاب میں مرکزی حکومت پر زور دیا کہ وہ ہوش کے ناخن لے اور بڑھتی مہنگائی کو دیکھتے ہوئےاس مخالف عوام فیصلہ کو فوری طور پر واپس لے اور عوام کی راحت رسانی کے لیے مہنگائی پر قابو پانے کے لیے فوری اقدامات کو یقینی بنائے۔

ٹی آر ایس پارٹی مینارٹی سل صدر جناب نعیم الدین نے بھی ہنمکنڈہ چوراستہ پر جی ایس ٹی کے خلاف دھرنا منظم کیا اور مرکزی حکومت سے مطالبہ کیا کہ روز مرہ استعمال میں آنیوالی چیزوں مثلاً دودھ،پنیر،چاول اور آٹاسمیت کئی اشیائے ضروریہ پرعائد کردہ جی ایس ٹی کےفیصلہ کو فوری طور پر واپس لیا جائے۔رکن اسمبلی نرسم پیٹھ،سینئر ٹی آر ایس مینارٹی قائد محمدنعیم الدین کے علاوہ دیگر قائدین اور کارکنوں کی بڑی تعداد نے اس مرکزی حکومت کے خلاف منظم کردہ دھرنا اور راستہ روکو احتجاج میں شرکت کی۔