وزیر فینانس تلنگانہ ہریش راؤ سڑک حادثہ میں محفوظ
حیدرآباد/سدی پیٹ:20۔جون(سحرنیوزڈاٹ کام)
وزیر فینانس تلنگانہ ٹی۔ہریش راؤ آج رات ایک سڑک حادثہ میں محفوظ رہے۔
آج وزیراعلیٰ کے سی آر کے سدی پیٹ دؤرہ کے اختتام کے بعد ٹی۔ہریش راؤ بذریعہ سڑک اپنے اسمبلی حلقہ سدی پیٹ سے حیدرآباد واپس ہورہے تھے کہ کونڈہ پاک منڈل کی بندھارم درگاہ کی کمان کے قریب یہ حادثہ پیش آیا۔
اس حادثہ کی تفصیلات کے مطابق وزیر فینانس کی گاڑیوں کے قافلہ کی پہلی گاڑی کے سامنے اچانک جنگلی خنزیروں کے آجانے سے ڈرائیور نے کار کو اچانک بریک لگادیا جس کی وجہ سے اس کار کے پیچھے چل رہی وزیر فینانس کے پائلٹ کی کار کے ڈرائیور نے بھی بریک لگادئیے جس کے باعث وزیر فینانس ٹی۔ہریش راؤ جس کار میں سوار تھے وہ کار پائلٹ کی گاڑی سے ٹکراکر رک گئی۔
اس اچانک پیش آنیوالے حادثہ میں قافلہ کی پہلی گاڑی میں سوارشخص زخمی ہوگیا جسے فوری اسپتال روانہ کردیا گیا۔اس حادثہ میں وزیر فینانس کی گاڑی کے اگلے حصہ کو نقصان پہنچا۔
حادثہ میں محفوظ وزیر فینانس ٹی۔ہریش راؤ بعدازاں دوسری کار میں سوار ہوکر حیدرآباد کے لیے روانہ ہوگئے۔