وقارآباد ضلع : بلدی ٹیکس فوری ادا کیے جائیں ورنہ جائدادیں ضبط کی جائیں گی، کمشنر بلدیہ مدھوسدھن ریڈی کا انتباہ

وقارآباد ضلع  : بلدی ٹیکس فوری ادا کیے جائیں ورنہ جائدادیں ضبط کی جائیں گی
کمشنر بلدیہ تانڈور  مدھوسدھن ریڈی کا انتباہ

وقارآباد/تانڈور:5۔مارچ(سحرنیوزڈاٹ کام )

وقارآباد ضلع کی بلدیہ تانڈور کے کمشنر مدھوسدھن ریڈی نے عوام اور بیوپاریوں کو انتباہ دیا ہے کہ بلدیہ کو ادا شدنی مختلف ٹیکس Property Tax کی رقم جلد ادا کی جائے ورنہ جائدادیں ضبط کی جائیں گی۔

آج 5 مارچ کو میڈیا سے بات کرتے ہوئے کمشنر بلدیہ مدھوسدھن ریڈی نے بتایا کہ تانڈور کے بلدی حدود میں بڑی تعداد میںعمارتوں کے ٹیکس جیسے عمارتوں کے ٹیکس اور پانی کا ٹیکس وغیر ہ کی رقم وصول شدنی ہے اور جاریہ مالی سال میں مختلف عمارتوں کے مالکین اور بیوپاریوں کی جانب سے بلدیہ تانڈور کو صرف 25فیصد ٹیکس ادا کیا گیا ہے ۔

کمشنر بلدیہ تانڈور مدھوسدھن ریڈی نے انکشاف کیا کہ ٹیکس ادا نہ کرنے والے مالکین جائداد اور بیوپاریوں کو بلدیہ کی جانب سے ریڈ نوٹس جاری کیے گئے ہیں اور انہوں نے متنبہ کیا کہ ان ریڈ نوٹس کو نظر انداز کرنے والوں کی جائدادیں ضبط کی جائیں گی ۔کمشنر بلدیہ نے بتایا کہ جائداد ٹیکس کی وصولی کے لیے وارڈ آفیسرز اور بل کلکٹرز کی ٹیمیں بنائی گئی ہیں ،بیوپاری اور جائدادمالکین ان وارڈآفیسرز اور بِل کلکٹرز کوادا شدنی ٹیکس کی رقم ادا کرکے رسید حاصل کرسکتے ہیں یا پھر آن لائن بھی ٹیکس ادا کرسکتے ہیں۔

کمشنر بلدیہ تانڈور مدھوسدھن ریڈی نے بتایا کہ ٹیکس کی رقم کی وصولی کے لیے دفتر بلدیہ میں خصوصی کاونٹر بھی قائم کیا گیا ہے جس سے استفادہ کیا جاسکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ بالخصوص جدید مکانا ت تعمیر کرلینے والے مالکین رجسٹریشن کرواتے ہوئے ٹیکس ادا کریں۔انہوں نے بتایا کہ سرکاری عمارتوں اور عہدیداروں کو بھی نوٹسیں جاری کی گئی ہیں وہ بھی جلد بلدیہ کوٹیکس ادا کریں۔

دستیاب اطلاعات کے مطابق بلدیہ تانڈور کوخانگی، سرکاری تجارتی اور رہائشی عمارتوں،مکانات اور تجارتی اداروں سے لاکھوں روپئے کا ٹیکس وصول شدنی ہے جس کے باعث تانڈور کے بلدی حدود میں ترقیاتی کام ٹھپ ہیں۔!!