وقارآباد ضلع ٹاسک فورس نے
کرناٹک سے منتقل کیا جارہا دو لاکھ روپئے مالیتی گٹکھا ضبط کرلیا
قدیم تانڈور کا ایک شخص اور کار پولیس تحویل میں
وقارآباد: 08۔جنوری (سحرنیوزڈاٹ کام)
وقارآباد ضلع ٹاسک فورس پولیس نے آج صبح کی اولین ساعتوں میں حلقہ اسمبلی تانڈور کے پدیمول منڈل میں ایک کار سے بڑی مقدار میں ممنوعہ گٹکھا ضبط کرتے ہوئے ایک شخص کو اپنی تحویل میں لے لیا ہے۔ٹاسک فورس کے مطابق یہ ممنوعہ گٹکھا پڑوسی ریاست کرناٹک سے تانڈور منتقل کیا جارہا تھا۔
ٹاسک فورس کے مطابق گٹکھا کی منتقلی سے متعلق مصدقہ اطلاع ملنے کے بعد ٹاسک فورس پولیس نے آج 8 جنوری کی صبح کی اولین ساعتوں میں قدیم تانڈور کا ساکن ایک شخص پڑوسی ریاست کرناٹک سے کار کے ذریعہ ممنوعہ گٹکھا منتقل کررہا تھا کہ ٹاسک فورس کے عہدیداروں نے پدیمول منڈل کے غاضی پور میں پٹرول پمپ کے قریب اس کار کو روک کر تلاشی لی تو اس میں مختلف اقسام کے لاکھوں گٹکھا کے پیاکٹ موجود تھے۔

وقارآباد ٹاسک فورس نے اس کار سے اسمگل کیے جارہے مختلف اقسام کے گٹکھا کے جملہ 1,11,840 پیاکٹ ضبط کیے ہیں جن کی جملہ مالیت 1,83,215 بتائی گئی ہے۔
ممنوعہ گٹکھا کی ضبطی کے بعد ٹاسک فورس ٹیم کے عہدیداروں نے ضبط شدہ گٹکھا،تحویل میں لیے گئے شخص اور کار کو مزید کارروائی کی غرض سے پدیمول پولیس کے حوالے کردیا۔
اس سلسلہ میں ایس پی ضلع وقارآباد مسٹر این۔کوٹی ریڈی نے انتباہ دیا ہے کہ اس طرح کی غیر قانونی اور غیر سماجی حرکتوں کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔گٹکھا سمیت شراب اور دیگر نشیلی اشیاء کی پڑوسی ریاست کرناٹک سے منتقلی پر گہری نظر رکھی جارہی ہے۔
اور ضلع وقارآباد سے ملحق کرناٹک کی سرحدات پر موجود چیک پوسٹس کے ذریعہ ایسی غیر قانونی سرگرمیوں کو روکنے کے لیے مزید سخت اقدامات کیے جائیں گے۔ضلع ایس پی وقارآباد مسٹر این۔کوٹی ریڈی نے عوام سے بھی خؤاہش کی ہے کہ وہ غیر قانونی سرگرمیوں کی اطلاع پولیس کو دیں۔

