وقارآباد ضلع: تانڈور کی راجیوگروہا کالونی میں پولیس کا کارڈین اینڈ سرچ،موٹر سیکلیں اور آٹورکشا ضبط

تانڈور کی راجیوگروہاکالونی میں پولیس کا کارڈین اینڈ سرچ،موٹرسیکلیں اور آٹورکشا ضبط
مکینوں کی تفصیلات کا حصول،انسپکٹران سمیت 104 ملازمین پولیس نے تلاشی مہم میں حصہ لیا

وقارآباد/تانڈور: 02۔اکتوبر (سحرنیوزڈاٹ کام)

ضلع وقار آباد کے تانڈور کے بلدی حدود میں حیدرآباد روڈ پر موجود راجیوگروہا کالونی میں آج صبح کی اولین ساعتوں میں ڈی ایس پی تانڈورلکشمی نارائنا کی قیادت میں پولیس کی جانب سے کارڈین اینڈ سرچ سرچ انجام دیاگیا۔اس کارڈین اینڈ سرچ کی ایڈیشنل ایس پی وقارآباد ضلع ایم اے رشید نے نگرانی کی۔

صبح کی ابتدائی ساعتوں میں 30-5 بجے سرکل انسپکٹر پولیس تانڈور (رورل) جلندر ریڈی کے علاوہ اس کارڈین اینڈ سرچ میں تانڈور پولیس اسٹیشن اور تانڈور پولیس سب ڈویثرن کے پدیمول،یالال،بشیر آباد اور تانڈور رورل پولیس اسٹیشن سے وابستہ 84 پولیس جوانوں نے اور ان کے علاوہ 20 اسپیشل پولیس کے جوانوں نے حصہ لیا۔

اس کارڈین اینڈ سرچ سے قبل پوری راجیو گروہا کالونی کا پولیس نے محاصرہ کرلیا تھا کسی کو بھی کالونی کے اندر یا باہر نکلنے کی اجازت نہیں دی گئی۔

مکینوں کے بموجب پولیس نے اس کارڈین اینڈ سرچ کے دؤران تمام مکانات کی تلاشی لی اور اس کالونی کے مکینوں کی تفصیلات حاصل کی گئیں۔

اس موقع پر ایڈیشنل ایس پی ضلع وقارآباد ایم اے رشید نے کالونی کے مکینوں سے بات چیت کرتے ہوئے مشتبہ افراد کی غیر قانونی سرگرمیوں سے متعلق جانکاری حاصل کی۔

بعد ازاں انہوں نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ امن و امان کی برقراری اور عوام کے تحفظ کی غرض سے ہی کارڈین اینڈ سرچ منظم کیے جاتے ہیں تاکہ عوام میں اعتماد بحال رہے۔ انہوں نے کہا کہ ذمہ دار اور شریف شہریوں کے درمیان داخل ہونے والے سماج دشمن عناصر کو پکڑنا بھی اس تلاشی مہم کا ایک حصہ ہوتاہے۔

ایڈیشنل ایس پی ایم اے رشید نے کہا کہ اس کالونی میں سی سی کیمروں کی تنصیب کے لیے مکینوں کا آگے آنا ایک بہترین عمل ہے جس سے ساری کالونی محفوظ رہے گی۔

 ساتھ ہی اس کارڈین اینڈ سرچ کے دؤران مناسب دستاویزات نہ ہونے اور چند گاڑیوں پر چالانات کی رقم ادا شدنی ہونے پر پولیس نے راجیو گروہا کالونی سے 37 موٹر سیکلوں، 14 آٹو رکشاؤں اور ایک کار کو اپنی تحویل میں لیتے ہوئے مالکین کو ہدایت دی کہ ان گاڑیوں کے کاغذات پیش کرتے ہوئے اور چالانات کی رقم ادا کرنے اپنی گاڑیاں حاصل کرلیں۔

یاد رہے کہ تانڈور کی اس راجیو گروہا کالونی میں زائد از 800 مکانات ہیں جن میں ہزاروں مکین رہتے ہیں۔