سعودی عرب سے واپس ہندوستانی شہری کو کوویڈ ٹسٹ کے نام پر لوٹنے والے 6 افراد گرفتار، این آرآئیزکو محتاط رہنے کی ضرورت

سعودی عرب سے واپس ہندوستانی شہری کو کوویڈ ٹسٹ کے نام پر لوٹنے والے 6 افراد گرفتار
دھوکہ باز اور جعلساز افراد سے این آرآئیز کو محتاط رہنے کی ضرورت

نئی دہلی :02۔اکتوبر (سحرنیوزڈاٹ کام)

گزشتہ دیڑھ سال سے ساری دنیا میں کورونا وبا نے دہشت مچائی ہوئی ہے۔کورونا وائرس کی روک تھام کے لیے تمام ممالک اپنے اپنے طور پر اقدامات میں مصروف ہیں۔دنیا کے کئی ممالک کے درمیان اب بھی سفری پابندیاں عائد ہیں۔

کوویڈ ویکسین کے وجود میں آنے اور وبا میں کمی کے باعث چند ممالک کے درمیان سخت قواعد کے فضائی رابطہ بحال ہوا ہے اور کوویڈ ویکسین کے دو ڈوز لینے والوں کو ہی اپنے اپنے ملک میں داخلہ کی اجازت دی جارہی ہے اس کے لیے کوویڈ ویکسین سرٹیفکیٹ پیش کرنا لازمی ہے اور ساتھ ہی سفر سے تین دن قبل کروائی گئی کوویڈ جانچ کی منفی رپورٹ بھی پیش کرنا ہوگا۔

کئی ممالک کے ساتھ ہندوستان میں بھی یہی شرائط لاگو ہیں کہ غیر ممالک سے آنے والے مسافرین کے لیے اپنے ساتھ کوویڈ ویکسین لے چکے سرٹیفکیٹ اور تین قبل جانچ کے بعد آنے والی کوویڈ کی نگیٹیو رپورٹ اگر پیش کی گئی تو ہی ملک میں داخلہ کی اجازت دی جارہی ہے ورنہ مسافرین کو واپس لوٹادیا جارہا ہے۔

ساری دنیا کوویڈ وبا اور اس کے بعد ہونے والی مشکلات سے پریشان ہے۔کئی غیر ممالک میں ہندوستانی تارکین وطن اپنے ملک واپس ہونے کی کوششوں میں لگے ہوئے ہیں جو کوویڈ وبا کے آغاز کے دیڑھ سال بعد جلد سے جلد اپنوں کے پاس پہنچنا چاہتے ہیں۔

ان میں کئی ایسے تارکین وطن بھی ہیں جو کوویڈ وبا کے دؤران ہندوستان میں اپنے پیاروں کو کھوچکے ہیں۔

ایسے حالات میں بھی چند ایسے شاطر دماغ، دھوکہ باز اور جعلساز مختلف طریقوں سے کوویڈ سرٹیفکیٹ اور جانچ کے نام پر بالخصوص غیر ممالک سے ہندوستان پہنچنے والے تارکین وطن کو لوٹنے میں مصروف ہیں۔

ایسی ہی ایک دھوکہ باز گینگ کو پولیس نے گرفتار کرلیا ہے جس نے سعودی عرب سے دہلی  پہنچے اور دہلی سے بذریعہ ٹرین مغربی بنگال جانے والے ایک تارک وطن کو کوویڈ جانچ کے نام پر لوٹ لیا۔

اس واقعہ کی تفصیلات دہلی کرائم برانچ پولیس کے مطابق مغربی بنگال کے ساکن محمد واسع چند سال سے سعودی عرب میں مقیم ہیں اور حال ہی میں وہ سعودی عرب سے دہلی پہنچے تھے۔اور بذریعہ ٹرین مغربی بنگال روانہ ہونے کی غرض سے دہلی ریلوے اسٹیشن  پہنچے تھے کہ ایک نامعلوم شخص جو کہ عہدیدار نظر آرہا تھا محمد واسع کے پاس پہنچا اور کہا کہ ٹرین میں سوار ہونے سے قبل ان کا کوویڈٹسٹ لازمی ہے اور ان کے پاس کوویڈ ویکسین سرٹیفکیٹ کی موجودگی بھی ضروری ہے ورنہ انہیں ٹرین میں سوار ہونے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

جس پر محمد واسع نے اس شخص کو بتایا کہ وہ ان تمام شرائط کی تکمیل کے بعد ہی دہلی ایرپورٹ سے باہر نکلے ہیں اس کے باؤجود محمد واسع کو اس شخص نے کہا کہ دہلی ایرپورٹ کی جانچ سے انہیں کوئی غرض نہیں ہے اور انہیں اپنا کوویڈ ٹسٹ کروانا ضروری ہے اگر رپورٹ نگیٹیو آئی تو ہی ٹرین میں سفر کرنے کی اجازت دی جائے گی۔

جس کے محمد واسع اپنا کوویڈ ٹسٹ کروانے کی غرض سے اس نامعلوم شخص کے ساتھ روانہ ہوگئے۔

اس شخص نے دہلی کے پہاڑ گنج کے ایک خانگی ہسپتال میں محمد واسع کا کوویڈ ٹسٹ کروایا جس کے بعد ان سے کہا گیا کہ ان کی کوویڈ رپورٹ دوسرے دن 11 بجے آئے گی۔

محمد واسع دوسرے دن صبح اپنی کوویڈ رپورٹ لینے کی غر ض سے اس ہسپتال پہنچے تو وہاں موجود گینگ نے ان سے کہا کہ اپنی کوویڈ رپورٹ کے لیے وہ 897 سعودی ریال (زائد از 18ہزار روپئے) ادا کریں جس پر محمد واسع پریشان ہوگئے اور انہوں نے کہا کہ وہ اتنی رقم ادا نہیں کریں گے۔

جس پر اس گینگ نے چاقوؤں کی مدد سے محمد واسع کو دھمکایا کہ وہ فوری رقم ادا کریں۔اس موقع پر محمد واسع پر حملہ کرتے ہوئے انہیں زدوکوب بھی کیا گیا اوران کے پاس موجود  رقم اور ان کا پاسپورٹ چھین کر انہیں وہاں سے روانہ کردیا۔

اس واقعہ کی اطلاع پر دہلی کرائم برانچ پولیس نے متاثرہ محمد واسع سے اس سلسلہ میں باقاعدہ ایک تحریری شکایت حاصل کی اور محمد واسع کو دھمکانے،ان کے ساتھ مارپیٹ کرنے،ان کی رقم اور پاسپورٹ چھیننے والی گینگ کے 6 افراد کو گرفتار کرلیا اور ان تمام کے خلاف کیس درج رجسٹر کرتے ہوئے انہیں عدالتی تحویل میں روانہ کردیا گیا۔

غیر ممالک سے واپس ہونے والے این آر آئیز کو پولیس نے مشورہ دیا ہے کہ وہ ان معاملات سے چوکس رہیں جو کوویڈ کے نام پر بھولے بھالے عوام بالخصوص تارکین وطن کو نشانہ بناکر انہیں لوٹ رہے ہیں۔