فضائی آلودگی اورخراب سڑکوں کے خلاف تانڈور بند اور احتجاج کامیاب، رکن اسمبلی نے 6 ماہ میں تمام مسائل کے حل کا تیقن دیا

فضائی آلودگی اورخراب سڑکوں کے خلاف تانڈور بند اور احتجاج کامیاب
احتجاجی قائدین گرفتار،گرفتاری کے خلاف اندرا چوک پر راستہ روکو احتجاج
رکن اسمبلی نے 6 ماہ میں تمام مسائل کے حل کا تیقن دیا،احتجاج اور زنجیری بھوک ہڑتال ختم

وقارآباد/تانڈور: 04۔ڈسمبر(سحرنیوزڈاٹ کام)

وقارآباد ضلع کا تانڈور ٹاؤن گزشتہ کئی سال سے خطرناک فضائی آلودگی کی زد میں ہے اور یہاں کی خراب سڑکیں عوام کے لیے وبال جان بنی ہوئی ہیں۔

سوشل میڈیا پر اور وقفہ وقفہ سے عوامی احتجاج کے باؤجود حکومتی سطح پر کوئی اقدامات نہ کیے جانے کے خلاف یہاں مختلف ذمہ داران اور سماجی نمائندوں نے تانڈور ڈیولپمنٹ فورم تشکیل دیتے ہوئے پانچ اہم مسائل کی یکسوئی کے مطالبہ کے تحت آج بیوپاریوں،تاجرین اور عوام سے رضاکارانہ طورپر تانڈور بند کی اپیل کی تھی۔اور آج ہی سے تانڈور کے امبیڈکرچوک پرغیر معینہ مدت کی زنجیری بھوک ہڑتال کا آغاز کیاگیا تھا جو کہ انتہائی کامیاب رہا۔

امبیڈکر چوک پر پولیس نے صبح ہی زنجیری بھوک ہڑتال کے آغاز کے لیے کیمپ لگانے کی اجازت نہیں دی جس پر تانڈور ڈیولپمنٹ فورم کی قیادت میں مختلف تجارتی اور کاروباری تنظیموں کے نمائندوں اور نوجوانوں کی بڑی تعداد نے امبیڈکر چوک پر بناء کیمپ کے ہی زنجیری بھوک ہڑتال کا آغاز کردیا۔

جس پر پولیس نے مداخلت کرتے ہوئے تانڈور ڈیولپمنٹ فورم کے نمائندوں سید کمال اطہر،گوپال بھاگرے،راما کرشنا،سباراؤ اور رامو سمیت دیگر کو اپنی تحویل میں لے کر پولیس اسٹیشن منتقل کیا۔اس موقع پر احتجاجیوں اور پولیس کے درمیان زبردست دھکم پیل ہوئی، حکومت اور عوامی نمائندوں کے خلاف نعرہ بازی کی گئی۔

ان نمائندوں کی گرفتاری کے فوری بعد برہم نوجوانوں اورتنظیموں کے ذمہ داران ریالی کی شکل میں اندرا چوک پہنچے اور وہاں انسانی زنجیر بناتے ہوئے زائداز دیڑھ گھنٹے تک احتجاج کرتے ہوئے راستہ روکومنظم کیا۔جس کے باعث اس مصروف اندراچوک پر ٹریفک نظام مفلوج ہوگیا۔

ڈی ایس پی تانڈورلکشمی نارائنا اور سرکل انسپکٹر پولیس راجندرریڈی نے مظاہرین سے احتجاج ختم کرنے کی اپیل کی تاہم احتجاجی بضد تھے کہ رکن اسمبلی تانڈور پائلٹ روہت ریڈی جائے احتجاج پر پہنچ کر مثبت تیقن دیں تو ہی اس احتجاج کو ختم کیا جائے گا۔

جس کے بعد رکن اسمبلی جائے احتجاج پر پہنچ گئے تو مظاہرین کا مطالبہ تھا کہ پولیس کی جانب سے گرفتار کیے گئے تانڈور ڈیولپمنٹ فورم کے نمائندوں سید کمال اطہر، گوپال بھاگرے اور دیگر کو فوری رہا کرتے ہوئے جائے احتجاج پر لایا جائے۔جس کے بعد پولیس نے ان تمام نمائندوں کو وہاں منتقل کیا۔

اس موقع پر تانڈور ڈیولپمنٹ فورم کے نمائندوں سید کمال اطہر، گوپال بھاگرے اور دیگرنے رکن اسمبلی کو بتایا کہ فضائی آلودگی کے باعث تانڈور میں امراض قلب،گردوں کا عارضہ، دمہ،سانس کی بیماریاں،جلدی بیماریوں سمیت مختلف بیماریاں عام ہوگئی ہیں۔

اور خراب سڑکوں سے حادثات ہورہے ہیں ساتھ انہوں نے قدیم تانڈور کے ریلوے گیٹ پر فلائی اوور بریج کی تعمیر،تانڈور میں میڈیکل کالج کا قیام اور تانڈور میں آوارہ کتوں کی کثرت کو کم کرنے کا مطالبہ کیا اور کہا کہ ان پانچ مطالبات کے حل تک احتجاج جاری رکھا جائے گا۔

تمام مطالبات کی سماعت کے بعد اس موقع پر اندرا چوک پر احتجاجیوں سے خطاب کرتے ہوئے رکن اسمبلی تانڈور پائلٹ روہت ریڈی نے کہا کہ عوام نے جس یقین کے ساتھ انہیں منتخب کیا ہے وہ اس یقین کو کبھی نہیں توڑیں گے اور نہ ہی عوام کو دھوکہ دیں گے۔

انہوں نے اعلان کیا کہ اندرون 6 ماہ تانڈور میں موجود فضائی آلودگی کے خاتمہ کو یقینی بنائیں گے۔

رکن اسمبلی نے کہاکہ تانڈور کی ترقی ان کی اولین ترجیح ہے اوران کی نمائندگی پر یہاں سڑکوں کی تعمیر اور مرمت کے لیے فنڈس منظور کیے گئے ہیں۔

انہوں نے تیقن دیا کہ آئندہ مانسون تک یہاں کی تمام سڑکوں کو بہتر بنایا جائے گا اور انہوں نے بلدی عہدیداروں کو ہدایت دی کہ تب تک فضائی آلودگی کو روکنے کے لیے روزآنہ تین وقت سڑکوں پر پانی کا چھڑکاؤ کیا جائے۔

رکن اسمبلی پائلٹ روہت ریڈی نے کہا کہ اس سے قبل وہ اپنے ذاتی صرف سے سڑکوں کی مرمت کرواچکے ہیں اور شہر میں ٹریفک نظام کو کم کرنے آلودگی کو روکنے کی غرض سے آؤٹررنگ روڈ کی تعمیر جاری ہے جسے جلد مکمل کرلیا جائے گا۔اسی طرح پتھر کی صنعتوں کو منتقل کرنے کی غرض سے انڈسٹریل پارک کی بھی جلد تکمیل کا تیقن دیا۔

رکن اسمبلی تانڈور پائلٹ روہت ریڈی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کاگنا ندی کے بریج کے ٹوٹ جانے کے بعد 24 گھنٹوں میں اس کی مرمت کی گئی تھی۔انہوں نے تیقن دیا کہ کاگنا ندی پر تعمیر جدید بریج کے دیگر کاموں کی جلد تکمیل کرتے ہوئے اس بریج کا باقاعدہ آغاز عمل میں لایا جائے گا۔

رکن اسمبلی نے یہ تیقن بھی دیا کہ تانڈور میں میڈیکل کالج کے قیام کے لیے وہ حکومت سے موثر نمائندگی کریں گے۔انہوں نے کہا کہ چند مخالف طاقتیں یہاں یہ غلط پروپگنڈہ کررہی ہیں کہ آئندہ انتخابات تک تانڈور کی کوئی ترقی نہیں ہوگی انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ ایسی افواہوں پر یقین نہ کریں۔

رکن اسمبلی تانڈور پائلٹ روہت ریڈی نے اس موقع پر تیقن دیا کہ اندرون 6 ماہ وہ تانڈور کے تمام مسائل کو حل کرتے ہوئے اسے ایک مثالی ٹاؤن بنائیں گے۔اس موقع پر مقامی ٹی آرایس قائدین موجود بھی تھے۔

رکن اسمبلی کے ان تیقنات کے بعد احتجاج، تانڈور بند اور آج سے ہی آغاز کی گئی زنجیری بھوک ہڑتال ختم کردی گئی۔