کورونا وباء پر قابوپانے میں سسٹم نہیں مودی حکومت ناکام: سونیا گاندھی
نئی دہلی:07۔مئی(سحرنیوزڈاٹ کام)
کانگریس پارٹی چیف مسز سونیا گاندھی نے جاریہ کوروناوائرس کی دوسری لہر کے قہر پر مودی حکومت پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ کورونا وباء پر قابو پانے میں سسٹم ناکام نہیں ہوا ہے بلکہ مودی حکومت ناکام ہوئی ہے۔کیونکہ ہندوستان کے پاس بہت ساری طاقتیں اور وسائل موجود ہیں اور الزام عائد کیا کہ مودی حکومت ان وسائل کو تعمیری انداز میں استعمال کرنے میں ناکام رہی ہے۔
آج کانگریس پارلیمانی پارٹی سے ویڈیو کانفرنس کے دؤران سونیا گاندھی نے کہا ملک کی عوام سے ہمدردی نہ رکھنے والے حکمرانوں کے باعث آج ملک کے عوام اس کا خمیازہ بھگت رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس کی آنیوالی دوسری لہر سے واقف رہنے کے باؤجود مودی حکومت نے کوئی احتیاطی اقدامات نہیں کیے اوراس معاملہ میں مرکزی حکومت مکمل طورپر ناکام ثابت ہوئی ہے۔
سونیا گاندھی نے تاسف کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ملک کے موجودہ بھیانک حالات کے باؤجود بھی مودی حکومت کو عوام کی کوئی فکر نہیں ہے
کانگریس چیف سونیا گاندھی نے کہا کہ موجودہ صورتحال میں کوئی تاخیر نہیں کرنی چاہئے اس بحران سے نمٹنے کے لئے قابل ، پرسکون اور بصیرت مند قیادت کی ضرورت ہے۔
سونیا گاندھی نے الزام عائد کیا کہ قوم مودی سرکار کی بے حسی اور نااہلی کے بوجھ تلے دب رہی ہے اب وقت آگیا ہے کہ ہم اپنے آپ کو مضبوط بنائیں اور اپنی خدمت آپ کریں۔
سونیا گاندھی نے کہا کہ یہ لڑائی حکومت اور ہمارے درمیان نہیں ہے بلکہ یہ لڑائی ہمارے اور کورونا کے درمیان ہے۔سونیاگاندھی نے حکومت کی ناقص ویکسین پالیسی پر سخت تنقید کرتے ہوئےکہا کہ بجٹ 2021ء میں سب کو مفت ویکسین دینے کے لیے 35,000 کروڑ روپئے مختص کرنے کے باوجود مودی سرکار نے تیسرے مرحلے میں ویکسین کی خریداری کے لیے ریاستی حکومتوں پر دباؤ ڈال دیا۔
سونیا گاندھی نے الزام عائد کیا کہ مودی حکومت کی غیر موزوں ٹیکہ اندازی کی پالیسی میں لاکھوں دلت ، آدیواسی ، دیگر پسماندہ طبقات کے ساتھ ساتھ غریب اور پسماندہ طبقات کو بھی خارج کر دیا جائے گا۔مودی حکومت کی غیر ذمہ داری اور عوام کے خلاف لاپرواہی دیکھ کرسخت حیرت ہوتی ہے۔
سابق وزیر اعظم منموہن سنگھ اور راہول گاندھی کے وزیر اعظم نریندر مودی کو لکھے گئے خطوط کا حوالہ دیتے ہوئے سونیا گاندھی نے کہا کہ یہ سارے مددگار مشورے بہرے کانوں کی نظر ہوگئے کیونکہ حکومت نے ان کا کوئی مثبت جواب نہیں دیا ہے اور اس طرح برتاؤ کیا ہے جیسے اس کے پاس ہی تمام مسائل کا حل پہلے سے موجودہے!
کانگریس چیف سونیا گاندھی نے مرکزی حکومت سے مطالبہ کیا کہ کورونا وائرس معاملہ میں فوری ایک کل جماعتی اجلاس طلب کیا جائے اورکہا کہ پارٹی وابستگیوں سے اوپر اٹھ کراس لڑائی میں ایک ساتھ کھڑے ہونے کی شدید ضرورت ہے۔