وبائی دؤر میں بھی انسانیت کی خدمت کا جذبہ قابل تحسین،کوویڈسے متحد ہوکر لڑنے کی ضرورت
جمعیۃ علماءضلع وقارآباد کے خون کا عطیہ کیمپ سے سرکل انسپکٹر پولیس تانڈور راجندر ریڈی کا خطاب
وقارآباد/تانڈور:8۔جون (سحرنیوزڈاٹ کام)
جمعیۃ علماء ضلع وقارآباد کی جانب سے آج اردو گھرو شادی خانہ تانڈور میں گورنمنٹ ضلع اسپتال تانڈور کے انتظامیہ کی اپیل پر ایک خون کا عطیہ کیمپ منعقد کیا گیا۔
اس کیمپ سے خطاب کرتے ہوئے سرکل انسپکٹرپولیس تانڈور (اربن) راجندر ریڈی نے کہا کہ اس وبائی دؤر میں بھی جبکہ ہر انسان دوسرے انسان سے سہما ہوا ہے اور سماجی دوری کو لازمی قرار دیا گیا ہے اپنے گھروں سے باہر نکل کر دوسروں کی جان کے تحفظ کے لیے اپنے قیمتی خون کا عطیہ پیش کرنا نہایت قابل تعریف ہے۔

سرکل انسپکٹرپولیس تانڈور راجندر ریڈی نے کہا کہ اس خیر خواہی کے جذبہ کی جتنی تعریف کی جائے کم ہے انہوں نے کہا کہ کوروونا وائرس کی وباء ایک سخت چیلنج ہے جس سے متحد ہوکر لڑنے کی ضرورت ہے۔جس کا آسان طریقہ یہ ہیکہ اپنی صحت کی جانب بھرپور توجہ دیتے ہوئے سرکاری ہدایات پر سختی سے عمل کیا جائے۔
سرکل انسپکٹر نے جمعیۃ علماء ضلع وقارآباد کی سماجی و فلاحی خدمات اورخون کاعطیہ کیمپ کے انعقاد کی ستائش کرتے ہوئے تیقن دیا کہ جمعیتہ علماء کو محکمہ پولیس کا تعاون ہمیشہ حاصل رہے گا۔
اس موقع پر صدر جمعیۃ علماء ضلع وقارآباد مولانا محمد عبداللہ اظہرقاسمی کے ہاتھوں سرکل انسپکٹرپولیس راجندر ریڈی کی شال پوشی اور یادگار مومنٹو بھی پیش کیا گیا۔
مولانا محمد عبداللہ اظہرقاسمی صدر جمعیۃ علماء ضلع وقارآباد کی زیر نگرانی اس کیمپ میں جوش وخروش سے حصہ لیتے ہوئے 50؍ سے زائد نوجوانوں نے اپنے خون کا عطیہ دیا۔اس کیمپ میں مولانا محمد عبداللہ اظہر قاسمی صدر جمعیۃ علماء ضلع وقارآبادنے بھی اپنے خون کا عطیہ دیا۔

واضح رہیکہ 8؍ڈسمبر2020ء کو بھی کوروناوائرس کی وباء کے دؤران گورنمنٹ ضلع اسپتال تانڈورکے انتظامیہ کی اپیل پرجمعیتہ علماء کی جانب سے خون کا عطیہ کیمپ منعقد کیا گیا تھا جس میں بلا تفریق مذہب 90 سے زائد نوجوانوں نے اپنے خون کا عطیہ دیا تھا۔
اس خون کا عطیہ کیمپ کے انعقاد کے موقع پر محمد بابر صدر مسلم ویلفیئر اسوسی ایشن تانڈور، سید کمال اطہر ریاستی صدر ویلفیئر پارٹی آف انڈیا،مولانا عبدالباسط رشادی و حافظ ڈاکٹر عبدالسلام نائب صدور جمعیۃ علماءضلع وقارآباد،حافظ محمد یوسف جنرل سیکریٹری جمعیۃ علماء کوڑنگل،حافظ محمدرئیس الدین، سیکریٹری جمعیۃ علماء ضلع وقارآباد،مولانا آصف رشیدی،حافظ محمد مقبول،مولانا عبدالرحمن اطہر قاسمی،مولانا سید فراست علی قاسمی،حافظ محمد نصیرالدین کوڑنگل،مولانا عبیداللہ شاکر قاسمی،مفتی سید شکیل قاسمی،مفتی سعید قاسمی اور حافظ زبیر کرنکوٹ کے علاوہ اراکین جمعیۃ کی بڑی تعداد موجود تھی۔

