تلنگانہ کے سرکاری ملازمین کیلئے 30 فیصد پی آرسی کو منظوری،ہرضلع میں ڈیاگناسٹک سنٹرس،ریاستی کابینہ کے کئی اہم فیصلے

ریاستی خبریں

تلنگانہ کے سرکاری ملازمین کیلئے 30 فیصد پی آرسی کو منظوری،جون سے عمل آوری

ریاست کے ہرضلع میں ڈیاگناسٹک سنٹرس،ریاستی کابینہ کے اجلاس میں کئی اہم فیصلے

حیدرآباد:8۔جون(سحرنیوز ڈاٹ کام)

چیف منسٹر تلنگانہ کے۔چندراشیکھرراؤ کی قیادت میں آج پرگتی بھون میں منعقدہ ریاستی کابینہ کے اجلاس میںریاست میں جاری لاک ڈاؤن میں مزید دس دنوں کی توسیع ،لاک ڈاؤن کے اؤقات میں مزید چارگھنٹوں کے اضافہ کیساتھ ساتھ کئی ایک اہم فیصلے لیے گئے۔

تاہم اس دؤران کوویڈ قوانین پر سختی کیساتھ عمل کرنا لازمی ہوگا۔اور شام 6 بجے سے صبح 6بجے تک اس لاک ڈاؤن پر انتہائی سختی کیساتھ عمل کرنے کی عوام اور انتظامیہ کو ہدایت دی گئی ہے۔

تاہم کورونا معاملات میں اضافہ کے پیش نظر ریاست کے سات اسمبلی حلقوں ناگرجنا ساگر، نلگنڈہ ،ستو پلی، مدھیرا،منو گوڑو،دیورکنڈہ، مریال گوڑہ میں لاک ڈاؤن کے وقفہ میں اضافہ نہیں کیا گیا ہے جہاں صرف صبح 6 بجےسے دوبجے دن تک ہی لاک ڈاؤن میں نرمی برتی جائے گی۔

 

سرکاری ملازمین ،کنٹراکٹ ملازمین، آؤٹ سورسینگ ملازمین اور وظیفہ یاب ملازمین سرکارکیلئے چیف منسٹر کے ۔چندراشیکھر راؤ نے چند ماہ قبل ریاستی اسمبلی میں 30 فیصد پے رویژن کمیشن (پی آرسی) دینے کا اعلان کیا تھاجسے آج منعقدہ ریاستی کابینہ کے اجلاس میں منظوری دی گئی اس کا اطلاق ماہ جون کی تنخواہوں کی ادائیگی کیساتھ ہوگا۔ جس سے ریاست کے 9,21,037افراد کو فائدہ پہنچے گا۔

 کابینہ کے اس اجلاس میں مستحق خاندانوں کو راشن کارڈس کی اندرون پندرہ یوم اجرائی کا فیصلہ کیا گیا اس اجلاس میں بتایا گیا کہ ریاست میں راشن کارڈ س کیلئے جن 4,46,169 افراد نے اس سے قبل درخواستیں داخل کی ہیں ان میں تمام مستحقین کو راشن کارڈس جاری کیے جائیں۔

وہیں اس اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ریاست کے تمام سرکاری اسپتالوں کی حالت درست کرنے اور ان میں بہتر علاج کی سہولتیں فراہم کرنے کے اقدامات کیے جائیں اسکے لیے ایک سب کمیٹی کی تشکیل کا فیصلہ کیا گیا اورجس کے صدرنشین ریاستی وزیر فینانس ٹی۔ ہریش راؤ ہونگے جبکہ ریاستی وزراء جگدیش ریڈی،تلسانی سرینواس یادو، ویمولہ پرشانت ریڈی، سرینواس گوڑ، پی۔سبیتا اندراریڈی اور ستیہ وتی راتھوڑ اس سب کمیٹی کے ارکان ہونگے۔

چیف منسٹر کے۔ چندراشیکھرراؤ نے ایرہ گڈہ حیدرآباد کے چیسٹ اسپتال کے احاطہ میں ایک سوپر ملٹی اسپیشالٹی اسپتال کی تعمیر کیلئے خصوصی منظوری دی۔

ریاست میں موجود تمام سرکاری اسپتالوں میں مریضوں کے ساتھ آنیوالے رشتہ داروں کی رہائش کیلئے گیسٹ ہاؤس کی تعمیر کیلئے فوری طور اقدامات کرنے کی محکمہ صحت کے عہدیداروں کو ہدایت دی گئی۔

 ریاستی کابینہ کے اس اجلاس میں طئے کیا گیا کہ کل ریاست کے جن 19 اضلاع میں ڈیاگناسٹک سنٹرس کا افتتاح عمل میں لایا جانے والا ہے اسی طرز کے ڈیاگناسٹک سنٹرس ریاست کے دیگر سرکاری اسپتالوں میں بھی قائم کیے جائیں اور ساتھ ہی حیدرآباد ، ورنگل اور سدی پیٹ میں ڈائلاسیس سنٹرس قائم کیے جائیں۔اسی طرح ریاست کے سرکاری اسپتالوں میں موجود بلڈبینکس کو مزید ترقی دیتے ہوئے انہیں عصری بنایا جائے۔

اس کابینی اجلاس میں ورنگل کی جیل کے مقام پر تمام عصری سہولتوں سے لیس ایمس کی طرز پر ایک سوپر اسپیشالٹی اسپتال قائم کیے جانے کی بھی منظوری دی گئی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے