سب رجسٹرار بالانگر نظام الدین اور ڈاکیومنٹ رائٹرضیاالدین،شیخ شریف کی شکایت پر
بطور رشوت 75 ہزار روپئے لیتے ہوئے رنگے ہاتھوں اے سی بی کے جال میں
حیدرآباد:07۔ستمبر(سحرنیوزڈاٹ کام)
محکمہ اینٹی کرپشن بیورو (اے سی بی) کی جانب سے ہر دوسرے ،تیسرے دن رشوت کے خاتمہ کے لیے کارروائیوں کے دؤران رشوت خور عہدیدار رشوت لیتے ہوئے گرفتار ہوتے رہتے ہیں پھر بھی کئی سرکاری محکمہ جات میں چند ایسے رشوت خور عہدیدار اب بھی موجود ہیں جو بناء رشوت کوئی کام کرنے تیار نہیں ہوتے!
ضلع رنگاریڈی کے بالا نگر سب رجسٹرار آفس میں آج محکمہ اینٹی کرپشن بیورو کے عہدیداروں نے جال بچھاکر رشوت کی رقم طلب اور قبول کرتے ہوئے آج شام سب رجسٹرار بالانگر نظام الدین اور اسی دفتر کے ڈاکیومنٹ رائٹر ضیاء الدین کو رنگے ہاتھوں دبوچ لیا اس سلسلہ میں اینٹی کرپشن بیورو کے عہدیدار دفتر سب رجسٹرار میں مزید تلاشی میں مصروف ہیں۔
محکمہ اینٹی کرپشن بیورو کے عہدیداروں کے مطابق شیخ شریف نے محکمہ اینٹی کرپشن بیورو(اے سی بی )سے شکایت کی کہ ان کی اراضی کا سیل ڈیڈ رجسٹریشن کروانے کی غرض سے جب وہ دفتر سب رجسٹرا ر بالانگر سے رجو ع ہوئے تو ان سے بطور رشوت 75 ہزار روپئے طلب کیے گئے۔اور رشوت کی رقم ادا نہ کرنے پر انہیں دفتر کے چکر لگانے پر مجبور کیا جارہا ہے۔
شیخ شریف کی اس شکایت پر محکمہ اینٹی کرپشن بیورو کے عہدیداروں نے آج دفتر سب رجسٹرار بالانگر میں اپنا جال بچھا دیا اور اراضی مالک شیخ شریف سے 75 ہزار روپئے بطور رشوت حاصل کرتے ہوئے سب رجسٹرار نظام الدین اور ڈاکیومنٹ رائٹر ضیاء الدین کو رنگے ہاتھوں دبوچ لیا۔
اطلاع ہے کہ اس سلسلہ میں محکمہ اینٹی کرپشن بیورو کے عہدیدار سب رجسٹرار نظام الدین سے مزید پوچھ تاچھ میں مصروف ہیں اور دفتر سب رجسٹرار میں مختلف فائلس کی تلاشی لی جارہی ہے۔اس سلسلہ میں مزید تفصیلات کا انتظار ہے۔