ایک دوسرے کے مذاہب کا احترام کریں،پُرامن طریقہ سے گنیش تیوہار منائیں
تانڈور میں امن اجلاس سے ایس پی ضلع وقارآباد نارائنا کا خطاب
وقارآباد/تانڈور: 07۔ستمبر(سحرنیوزڈاٹ کام)
سپرنٹنڈنٹ آف پولیس وقارآبادضلع مسٹر ایم۔نارائنا نے کہاہیکہ تمام مذاہب کا پیغام امن اور بھائی چارگی ہے اور ساتھ ہی انسانوں اور انسانیت سے محبت کا پیغام بھی تمام مذاہب کی اولین تلقین ہے۔
وہ آج شام گنیش تہوار کے پیش نظر محکمہ پولیس تانڈور کی جانب سے آریہ ویشیاء کلیانہ منڈپم میں منعقدہ امن اجلاس سے خطاب کررہے تھے جس میں ایڈیشنل ایس پی ایم اے رشید،ڈی ایس پی تانڈورلکشمی نارائنا،صدر نشین بلدیہ تاٹی کونڈا سواپنا پریمل،آرڈی او تانڈور اشوک کمار،نائب بلدیہ دیپا نرسملو،اے ڈی محکمہ برقی آدی نارائنا،سرکل انسپکٹران پولیس تانڈور اربن و رورل راجندرریڈی،جلندرریڈی،ہندو اتسو سمیتی اور مسلم ویلفیئر اسوسی ایشن کے عہدیداران،ارکان بلدیہ،مختلف سیاسی جماعتوں کے علاوہ سماجی تنظیموں کے قائدین اور نمائندوں نے شرکت کی۔
اس اجلاس سے اپنا خطاب جاری رکھتے ہوئے ایس پی ضلع وقارآباد ایم۔نارائنانے کہا کہ امن و امان کی برقراری کے ذریعہ ہی سب کی ترقی ممکن ہے اور امن و امان کی برقراری کیلئے سب کا بھی تعاون لازمی ہے انہوں نے کہا کہ ضرورت ایک دوسرے کے مذہبی جذبات کا احترام کرتے ہوئے انسانیت کا پرچم بلند کیا جائے۔
ایس پی ضلع وقارآباد مسٹر ایم۔نارائنا نے اپنے خطاب میں کہا کہ سماج کو خوش حال اور پرامن رکھنے کیلئے ضروری ہیکہ تمام مذاہب کے لوگ ایک خاندان کی طرح مل جل کررہیں۔
انہوں نے کہا کہ اس دؤران سماج دشمن عناصر کی جانب سے دونوں فرقوں میں تفرقہ پیدا کرنے کی غرض سے سوشل میڈیا کے ذریعہ پھیلائے جانے والے جھوٹ ، اکسانے اور امن کو خراب کرنے والی خبروں پر ہرگز یقین نہ کریں اور اگر کوئی ایسے مواد کو سوشل میڈیا پر پھیلاتا ہے تو اسکی شکایت فوری پولیس سے کی جائے۔
ضلع ایس پی وقارآباد ایم۔نارائنا نے انتباہ بھی دیا کہ نفرت انگیز مواد سوشل میڈیا پر پھیلانے والوں کیخلاف سخت کاروائی کی جائے گی۔
انہوں نے تانڈور کی ہندو۔مسلم یکجہتی کی ستائش کرتے ہوئے کہا کہ ماضی میں جب بھی یہاں کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش آیا ہے تو فوری طور پر دونوں جانب کے ذمہ داران نے آپس میں مل بیٹھ کر اس مسئلہ کو حل کرتے ہوئے امن کی برقراری کو یقینی بنایا ہے۔
ضلع ایس پی نے کہا کہ آنے والا گنیش تیوہار بھی تمام طبقات امن و امان کے ساتھ بہتر تعاون کے ذریعہ منائیں۔انہوں نے کہا کہ گنیش منڈپوں میں سپریم کورٹ کے قواعد کے تحت رات دس بجے کے بعد لاؤڈ اسپیکر کا استعمال نہ کیا جائے،شارٹ سرکٹ سے گنیش منڈپوں کو آگ سے بچانے کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کیے جائیں،گنیش منڈپوں میں شراب نوشی نہ کی جائے اور نہ تاش کھیلا جائے، دیگر مذاہب کی عبادت گاہوں کا بھی تقدس قائم رکھتے ہوئے عبادت کے اؤقات میں لاؤڈ اسپیکر کا استعمال نہ کرتے ہوئے امن و بھائی چارہ کو فروغ دیا جائے۔
قبل ازیں ڈی ایس پی لکشمی نارائنا نے اپنے خطاب میں کہا کہ گنیش منڈپوں اور نمرجن کے موقع پر ڈی جے کے استعمال پر پابندی رہے گی،دوسروں کے مذاہب کا بھی احترام کیا جائے، نمرجن کے دن تاخیر نہ کی جائے انہوں نے مشن بھاگیرتا کے عہدیداروں اور بلدیہ سے کہا کہ سڑکوں پر موجود گڑھوں کو پر کیا جائے۔
اس امن اجلاس سے ایڈیشنل ایس پی ضلع وقارآباد مسٹر ایم اے رشید نے بھی خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دونوں طبقات مل جل کر قومی یکجہتی کا مظاہر ہ کرتے ہوئے پرامن طورپر گنیش تیوہار منائیں۔
اس اجلاس سے دونوں جانب کے ذمہ داران نے بھی خطاب کرتے ہوئے ایک دوسرے کے ساتھ بہتر تعاون کے ذریعہ گنیش تہوار کے انعقاد کا تیقن دیا۔