تانڈور کے ریلوے برقی سب اسٹیشن میں آگ کے شعلے بھڑک اُٹھے
وقارآباد/تانڈور :07۔ستمبر(سحرنیوزڈاٹ کام)
وقارآباد ضلع کے تانڈور میں موجود محکمہ ریلوے کے برقی سب اسٹیشن میں آج رات اچانک آگ بھڑک اُٹھی۔تانڈور۔حیدرآباد روٹ پر،بریلنٹ ہائی اسکول کے قریب موجود محکمہ ریلوے کے اس برقی سب اسٹیشن میں یہ واقعہ پیش آیا۔
ریلوے حکام نے اس سلسلہ میں بتایا کہ ریلوے کے اس برقی سب اسٹیشن میں موجود کیاپاسیٹر Capacitor جو کہ استعمال میں نہیں تھا اور اس کیاپاسیٹر کو اسپیئر میں رکھا گیا تھا کہ اچانک پھٹ گیا اور اس میں آگ کے شعلے بھڑک اٹھے۔

محکمہ ریلوے کے اس برقی سب اسٹیشن میں موجود عملہ نے آگ بجھانے والے آلوں کی مدد سے اس کیاپاسیٹر میں لگی آگ کو بجھادیا۔جس کی وجہ سے اس سب اسٹیشن میں بڑا حادثہ پیش آنے سے رہ گیا۔
بتایا جاتا ہے کہ اگر ریلوے کے اس برقی سب اسٹیشن کے کارکرد کیاپاسیٹر میں آگ لگ جاتی تو اس روٹ پر اس وقت دؤڑ رہیں ٹرینیں رُک جاتیں! چونکہ غیر کارکرد کیاپاسیٹر میں یہ آگ لگی تھی تو اس برقی سب اسٹیشن کے تعلق رکھنے والے ریلوے اسٹیشن یا ٹرینوں پر اس کے کوئی اثرات مرتب نہیں ہوئے۔
" حادثہ سے متعلق ویڈیو "
محکمہ ریلوے کی جانب سے اس کیاپاسیٹر Capacitor میں اس طرح اچانک دھماکہ اور آگ بھڑکنے کی وجوہات کا پتہ لگایا جارہا ہے۔

