شدید ترین بارش کی پیش قیاسی،تلنگانہ کے 20 اضلاع میں کنٹرول روم قائم کیے جائیں
ٹیلی کانفرنس کے ذریعہ چیف سیکریٹری سومیش کمار کی ضلع کلکٹرس کو ہدایت
حیدرآباد :07۔ستمبر(سحرنیوزڈاٹ کام)
ریاست تلنگانہ میں جاری مسلسل بارش اورمحکمہ موسمیات کی جانب سے مزید شدید ترین بارش کی پیش قیاسی کے پیش نظر چیف منسٹر کے۔چندراشیکھرراؤ کی ہدایت پر ریاستی چیف سیکریٹری سومیش کمار نے آج ٹیلی کانفرنس کے ذریعہ ریاست کے 20 اضلاع کے ضلع کلکٹران کو ہدایت دی ہے کہ ان اضلاع میں حالات سے نمٹنے کے لیے خصوصی کنٹرول روم قائم کیے جائیں۔
دہلی میں مقیم چیف منسٹر کے۔چندراشیکھر راؤ فون کے ذریعہ چیف سیکریٹری سومیش کمار کے ربط میں ہیں اور جاریہ بارش کے دؤران تمامتر اقدامات کو یقینی بنانے کی ہدایت دی ہے۔
భారీ వర్షాల నేపథ్యంలో రాష్ట్రంలో ప్రస్తుత పరిస్థితిని ఢిల్లీ నుంచి సీఎం శ్రీ కేసీఆర్ సమీక్షించారు. ఈ మేరకు సీఎస్ శ్రీ సోమేశ్ కుమార్ తో ఫోన్లో మాట్లాడి తగు ఆదేశాలు జారీచేశారు. కలెక్టర్లు, ప్రభుత్వ యంత్రాంగం అప్రమత్తంగా ఉండాలని, ఎప్పటికప్పుడు తగిన చర్యలు చేపట్టాలని సీఎం ఆదేశించారు
— Telangana CMO (@TelanganaCMO) September 7, 2021
ساتھ ہی دیگر اضلاع کے کلکٹران کو بھی چیف سیکریٹری سومیش کمار نے کنٹرول رومس کے قیام کی ہدایت دیتے ہوئے کہا ہے کہ اضلاع کے عہدیدار مستقر پر ہی رہیں۔اسی طرح نشیبی علاقوں کی نشاندہی کرتے ہوئے ضرورت پڑنے پر وہاں کے عوام کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کی بھی ہدایت دی ہے۔
اس ٹیلی کانفرنس کے ذریعہ چیف سیکریٹری سومیش کمار نے ضلع کلکٹران کو بتایا کہ ریاست میں جاری بارش کے باعث عوام کو مشکلات پیش نہ آئیں اس کے لیے تمامتر اقدامات کرنے کی چیف منسٹر کے۔چندراشیکھرراؤ نے ہدایت دی ہے اور چیف منسٹر بھی ریاست میں ہونے والی بارش اور کیے جانے والے اقدامات پر نظر رکھے ہوئے ہیں۔
چیف سیکریٹر ی سومیش کمار نے کہا کہ گزشتہ دو دنوں سے جاری بارش کے باعث ریاست میں موجود تمام ذخائر آب،پراجکٹ،ندیاں اور تالاب لبریز ہوگئے ہیں اس کے پیش نظر ان تمام ذخائر آب پر گہری نظر رکھی جائے۔
20 اضلاع کے ضلع کلکٹران کو چیف سیکریٹری سومیش کمار نے ہدایت دی کہ بالخصوص تالابوں کے پشتوں کا جائزہ لیا جائے اور ضرورت پڑنے پر نیشنل ڈیزاسٹر ریسپانس فورس (این ڈی آرایف) کی خدمات سے استفادہ کیا جائے۔اور کوئی بھی واقعہ پیش نہ آئے اس کے لیے احتیاطی اقدامات کیے جائیں۔
ریاستی چیف سیکریٹری سومیش کمار نے ضلع کلکٹران کو ہدایت دی کہ اہم ذخائر آب،تالابوں اور ندیوں میں سیلابی پانی کے بہاؤ کے دؤران عوام کو چوکس کیا جائے کہ وہ ان ندی نالوں کوعبور کرنے کی کوشش نہ کریں۔
اس ٹیلی کانفرنس کے موقع پر اسپیشل سیکریٹری سنیل شرما آئی اے ایس ،سیکریٹری محکمہ آفات سماوی راہول بجاج آئی اے ایس ، سیکریٹری پنچایت راج سندیپ کمار سلطانیہ موجود تھے ۔
اس ٹیلی کانفرنس کے ذریعہ چیف سیکریٹری سومیش کمار نے ریاست کے 20 اضلاع عادل آباد ، کومرم بھیم آصف آباد،نرمل ،جگتیال، منچریال، نظام آباد ،پیدا پلی ،راجنا سرسلہ ،کاماریڈی ،کریم نگر، جنگاؤں، جئے شنکر بھوپال پلی، سدی پیٹ ،میدک ، ورنگل، ملگ، ورنگل اربن،بھدرادری کوتہ گوڑم، محبوب آباد اور کھمم کے ضلع کلکٹران سے ٹیلی کانفرنس کے ذریعہ بات کی۔
یاد رہے کہ ان اضلاع میں شدید ترین بارش کی پیش قیاسی کرتے ہوئے محکمہ موسمیات کی جانب سے ریڈ الرٹ جاری کیا گیا ہے۔