گورنمنٹ ڈگری کالج ظہیر آباد کے طلبہ کا ووکسن یونیورسٹی کا مطالعاتی دورہ
ظہیر آباد : 27۔ڈسمبر
(پریس نوٹ/سحرنیوزڈاٹ کام)
گورنمنٹ ڈگری کالج ظہیر آبادکے شعبہ کامرس اور سماجی علوم کےطلباء و طالبات کے ایک گروپ نے کالج لیکچررس کے ساتھ کمکول سنگاریڈی ضلع میں واقع بین الاقوامی”ووکسن یونیورسٹی”کامطالعاتی دورہ کیا۔ پروفیسر ووکسن یونیورسٹی شلپا اگروال کی دعوت پر اس مطالعاتی دورہ کا اہتمام کیا گیا تھا۔
اس بین الاقوامی یونیورسٹی میں طلباء و طالبات نے لائبریری،ریسرچ سنٹر، کامرس لیب کے علاوہ دیگرتعلیمی سرگرمیوں کا مشاہدہ کیا۔یونیورسٹی میں منعقدہ کامرس کوئز میں طلبہ کو شامل کیا گیا۔اور طلباء کو شعبہ مینجمنٹ، کامرس اور فینانس لٹرسی کے تعلق سے شعور بیداری کی گئی۔
ظہرانے کے بعد یونیورسٹی کی جانب سے قریبی مقامات کو یونیورسٹی سے جوڑنے اور غریب و مستحق طلباء کی مالی امداد کےلیے شروع کیے گئے اختراعی پروگرام” فینانس اسٹوڈیو“ کی افتتاحی تقریب میں کالج کے پرنسپل لیکچررس اور طلباء نے شرکت کی۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے پرنسپل گورنمنٹ ڈگری کالج ظہیر آباد ڈاکٹر محمد اسلم فاروقی نے ووکسن یونیورسٹی کے انتظامیہ اور اساتذہ سے تشکر کا اظہارکرتے ہوئے کہا کہ گورنمنٹ ڈگری کالج ظہیر آباد اور ووکسن یونیورسٹی سنگاریڈی اور ظہیر آباد علاقوں میں خواندگی کو فروغ دینے اور طلباء کوتعلیم کے شعبہ میں ہونے والی ترقی سے واقف کروانے کے لیے باہمی تعاون کے طور پر کام کرسکتے ہیں۔پرنسپل ڈاکٹر محمد اسلم فاروقی نے ڈاکٹر شلپا اگروال سے اظہار تشکر کیا جنہوں نے گورنمنٹ ڈگری کالج پہنچ کر طلباء کے لیے مالیاتی خواندگی سے متعلق خصوصی توسیعی لیکچر دیا اور طلباء کو ووکسن یونیورسٹی کا مطالعاتی دورہ کرنے کی دعوت دی۔
بین الاقوامی”ووکسن یونیورسٹی”کے اس مطالعاتی دورہ میں کالج کے لیکچررز ڈاکٹر رویندر ریڈی،ڈاکٹر محمد غوث،ڈاکٹر راجندر کما، محمدمظفر،محمد تنویر، بدر سلطانہ کے علاوہ انگریزی، تلگو اور اردو میڈیم کے طلباء و طالبات نے شریک تھے۔



