وقارآباد ضلع میں مندر سے چرائی گئیں 6.2 کلو وزنی چاندی کی مورتی اور دیگر اشیاء برآمد،تین سارق گرفتار
مومن پیٹ پولیس کی کامیاب کارروائی،اندرون 48 گھنٹے کیس کو حل کرلیا،ضلع ایس پی وقارآباد ایم۔نارائنا کی پریس کانفرنس
وقارآباد/تانڈور18۔جون(سحرنیوزڈاٹ کام)
وقارآبادضلع کے مومن پیٹ منڈل میں دو دن قبل ایک مندر سے 6 کلو 200 گرام وزنی چاندی سے بنی ہوئی مورتی اور مندر میں موجود چاندی کی دیگر تمام اشیاء کا سرقہ کرلیے جانے والے حساس معاملہ کو مومن پیٹ پولیس نے انتہائی برق رفتاری کے ساتھ حل کرتے ہوئے اندرون 48 گھنٹے جہاں تین سارقوں کو گرفتار کرلیا وہیں ان کے قبضہ سے مندر سے چوری کی گئیں تمام اشیاء کو بھی بحفاظت برآمد کرلیا۔

سپرنٹنڈنٹ آف پولیس ضلع وقارآباد ایم۔نارائنا نے آج دفتر ایس پی وقارآباد کے کانفرنس ہال میں منعقدہ ایک پریس کانفرنس میں اس سرقہ کی واردات کے متعلق میڈیا کو تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ مومن پیٹ پولیس اسٹیشن کے حدود میں موجود موضع اینکا تلا کی شنیشور مندر سے چاندی سے بنی مورتی اور مندر میں موجود دیگر چاندی کی اشیاء کے سرقہ کی شکایت مومن پیٹ پولیس اسٹیشن میں درج کروائی گئی تھی۔
جس پر ایک کیس درج رجسٹر کرتے ہوئے پولیس نے فوری تحقیقات کا آغاز کردیا گیا تھا اور اس سلسلہ میں اندرون 48 گھنٹے پولیس نے کامیاب سراغ لگاتے ہوئے تین سارقوں معروف ، قدوس اور خلیل کو گرفتار کرلیا اور ان کے قبضہ سے مندر سے سرقہ کی گئی مورتی سمیت تمام چاندی سے بنی ہوئیں اشیاء برآمد کرلیے گئے جن کا وزن 6 کلو 200 گرام ہے۔
ضلع ایس پی ایم۔نارائنا نے میڈیا کو بتایا کہ سارقوں کی یہ ٹولی ایک منصوبہ کے تحت مندر کے عقبی حصہ میں نقب لگاکر داخل ہوئی تھی اور مورتی سمیت دیگر اشیاء کا سرقہ کرلیا تھا۔

ایس پی ضلع وقارآباد ایم۔نارائنا نے مندر سے مورتی اور دیگر اشیاء کے سرقہ کےاس فرقہ وارانہ طور پر حساس معاملہ کی تیز رفتارتحقیقات،تینوں سارقین کی گرفتاری اور تمام مسروقہ اشیاء کی بحفاظت برآمدگی پرسرکل انسپکٹر پولیس مومن پیٹ وینکٹیشم،سب انسپکٹرشیکھر گوڑ،پولیس ملازمین بالو،گوپال،فاروق میاں،ملیش گوڑ،رمیش،نریندر اورستیہ نارائن کی ستائش کرتے ہوئے انہیں نقد ریوارڈس پیش کیے۔
مندر سے سرقہ میں ملوث عادی سارقین کی ٹولی کے تین ارکان معروف ،قدوس اور خلیل کو بعد ازاں عدالتی تحویل میں روانہ کردیا گیا۔

