بھائی کی جانب سے راکھی باندھ لینے سے انکار، دلبرداشتہ بہن نے پھانسی لگاکر خودکشی کرلی

جرائم و حادثات ریاستی خبریں ضلعی خبریں

بھائی کی جانب سے راکھی باندھ لینے سے انکار
دلبرداشتہ بہن نے پھانسی لگاکر خودکشی کرلی

حیدرآباد/ظہیرآباد: 22۔اگست(سحرنیوزڈاٹ کام)

رکھشا بندھن تہوار کو غیرمسلم برادران وطن میں بہن اوربھائی کے درمیان ایک مقدس رشتہ کے تہوار کے طورپر منایا جاتا ہے اس ثقافتی رکھشا بندھن تیوہار کے دن بہنیں چھوٹی ہوں یا بڑی اپنے بھائیوں چھوٹے ہوں یا بڑے کی کلائی پر راکھی باندھ کر اپنے بھائیوں سے لازوال محبت،عقیدت،قربت ،دوستی اور بھروسے کے اٹوٹ رشتے کا اظہار کرتی ہیں اور اپنے بھائیوں کیلئے درازیء عمر کیلئے دعاء کرتی ہیں۔

وہیں بھائی بھی اپنی بہنوں کے تحفظ کا وعدہ کرتے ہیں اور انہیں تحفے تحائف سے نوازتے ہیں۔رکھشا بندھن کے دن غیرمسلم برادران وطن کے مکانات میں عید جیسا ماحول ہوتا ہے۔بہنیں کسی بھی شہر میں ہوں وہ اپنے بھائیوں کو راکھی باندھنے کے لیے اپنے مائیکہ اور بھائیوں کے گھر ضرور پہنچ جاتی ہیں۔

تاہم ریاست تلنگانہ کے ضلع سنگاریڈی کے ظہیر آباد کے ایک مکان میں آج رکھشا بندھن کے دن اس وقت غم کی لہر دؤڑ گئی جب ایک بہن نے بھائی کی جانب سے راکھی باندھ لینے سے انکار کیے جانے سے دلبرداشتہ ہو کر پھانسی لگاکر خودکشی کرلی۔

میڈیا اطلاعات کے مطابق ظہیرآباد کی چناریڈی کالونی میں پیش آئے اس افسوسناک واقعہ کے مطابق بڑے بھائی نے جب اپنی چھوٹی بہن ممتا 20 سالہ کی جانب سے راکھی باندھ لینے سے انکار کردیا تو ممتا نے مکان میں ہی خودکشی کرلی۔

اس واقعہ کی اطلاع پر فوری پولیس نے جائے مقام پر پہنچ کر جائزہ لیا اور افراد خاندان سے تفصیلات حاصل کیں۔اس سلسلہ میں ظہیر آباد پولیس ایک کیس درج رجسٹر کرکے تحقیقات میں مصروف ہے۔

پولیس اس خودکشی کے معاملہ کی مختلف زاویوں سے تحقیقات میں مصروف ہے کہ بھائی کی جانب سے راکھی نہ باندھ لیے جانے کے باعث ممتا نے خودکشی کی ہے یا اس انتہائی اقدام کی کوئی اور وجہ ہے؟

رکھشا بندھن کے دن ممتا کی جانب سے خودکشی جیسے اقدام کے باعث سارے خاندان اور کالونی میں غم کی لہر دؤڑگئی ہے۔بھائی اور بہن کے درمیان کس بات پر اختلافات ہیں یہ الگ بات ہے لیکن بہن اور بھائی کے درمیان منائے جانے والے اس تہوار کے دن افسوسناک واقعہ اس خاندان کے لیے انتہائی تکلیف دہ ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے