وقارآباد ضلع میں موسم سرما کی دستک
تانڈورسمیت کئی مقامات گھنٹوں تک شدید کہر کی لپیٹ میں
وقارآباد/تانڈور: 11۔اکتوبر (سحرنیوزڈاٹ کام)

اب جبکہ موسم سرما کا آغاز آغاز ہے وہیں وقفہ وقفہ سے بارش کا سلسلہ بھی جارہی ہے۔جس سے موسم انتہائی سرد ہوگیا ہے۔
اکثر ماہ اکتوبر میں وقارآباد ضلع میں موسم سرما کے آغاز کے بعد ماہِ نومبر کے اختتام یا ڈسمبر اور جنوری میں وقارآباد کے اسمبلی حلقہ جات تانڈور، وقارآباد، کوڑنگل اور پرگی سمیت ضلع کے 18 منڈلات میں رات کے وقت شدید سردی کی لہر اور صبح کی اولین ساعتوں میں کہر عام بات ہے۔
وہیں وقارآباد ضلع کے سیاحتی مرکز اننت گیری ہلز میں موسم سرما کے آغاز کے ساتھ ہی صبح اور شام کے اؤقات میں بہت زیادہ کہر اور شبنم دیکھی جاتی ہے۔

ایسے میں آج 11 اکتوبر کی صبح ضلع وقارآباد کے کئی مقامات پر جب عوام نیند سے بیدار ہوئے تو باہر کا نظارہ انتہائی دلکش اور خوبصورت تھا۔ایسا نظرآرہا تھا کہ کسی ہل اسٹیشن کا منظر ہو! ہر طرف گہرے کہر کی ایسی چادر کہ قریب کا منظر بھی نظرآنا مشکل تھا۔
ضلع وقارآباد کا شہر تانڈور بھی آج صبح کئی گھنٹوں تک شدید کہر کی لپیٹ میں رہا۔
” ضلع وقارآباد کے سیاحتی مقام اننت گیری ہلز پر شبنم اور گہرے کہر کا منظر ” (ویڈیو)
صبح کے 9 بجے تک بھی کہر کی شدت اتنی تھی کہ گاڑیوں کے ہیڈ لائٹس کی رؤشنی میں گاڑیاں چلانی پڑیں اور ساتھ ہی شبنم کی پھوار کی شدت موسلادھار بارش کی طرح نظر آرہی تھی۔9 بجے صبح کے بعد ہی کہر کی شدت کم ہوئی اور سورج کی رؤشنی نظر آئی۔

بتایا جاتا ہے کہ صبح کی اولین ساعتوں میں 5 بجے سے ہی کہر نے سارے شہر کو اپنی لپیٹ میں لے لیا تھا۔کوڑنگل روڈ،حیدرآباد روڈ اور گوتاپور روڈ جہاں سے سینکڑوں مال بردار گاڑیاں گزرتی ہیں اس شدید کہر کی چادر کو دیکھتے ہوئے شہر کے باہر ہی روک لی گئیں تاکہ حادثات سے بچا جاسکے۔
وہیں شہر کے اہم علاقوں اور بلدی حلقہ جات میں اسٹریٹ لائٹس ہنوز صبح 8 بجے تک رؤشن رہیں۔

