تانڈور کی اسٹون انڈسٹری میں بچہ مزدوروں سے کام نہ کروایا جائے، پتھرصنعت کے تمام یونٹس مالکین کو اہم اطلاع

تانڈور کی اسٹون انڈسٹری میں بچہ مزدوروں سے کام نہ کروایا جائے
پتھرصنعت کے تمام یونٹس مالکین کو اہم اطلاع،قانونی کارروائی یقینی

وقارآباد/تانڈور: (سحرنیوزڈاٹ کام)

صدر تانڈور اسٹون مرچنٹس ویلفیئر اسوسی ایشن ایم اے قیوم (عبدالغنی البقشان)،سیکریٹری کنچم مرلی اور صدر تانڈور منڈل کواری اونرس ویلفیئر اسوسی ایشن محمد یٰسین خان(انورخان )،سیکریٹری ایم۔وینکٹ رام ریڈی نے اپنے صحافتی بیان میں حلقہ اسمبلی تانڈور میں موجود تمام پتھر پالشنگ و پتھرکٹنگ صنعتوں کے تمام مالکین اور کرایہ داروں کو اس بات سے دوبارہ واقف کروایا ہے کہ اپنی صنعتوں اور معدنیات میں 18 سال سے کم عمر کے بچوں سے مزدوری یا دیگر سخت محنت طلب کام کروانا غیرقانونی اور”چائلڈ لیبر(بچہ مزدوری)” کے قوانین کے تحت سخت جرم ہے۔

محکمہ لیبر کے عہدیداروں نے سخت انتباہ دیاہے کہ تلنگانہ حکومت کی جانب 18 سال سے کم عمرکے بچوں سے محنت اور مزدوری کروانے پرصنعتوں میں کام کرنے والے دیگر ملازمین اور ان کے مالکین و کرایہ داروں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔

تانڈور اسٹون مرچنٹس ویلفیئراسوسی ایشن آپ تمام کو اس بات سے واقف کرواتی ہے اور مشورہ دیتی ہے کہ اپنی پتھر کی صنعتوں میں چائلڈ لیبر ہرگز نہ رکھیں۔

ان قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں اور بچوں سے مزدوری کروانے والوں کے خلاف اگر کوئی قانونی کارروائی حکومت اورعہدیداروں کی جانب سے کی جاتی ہے تو اس کے نتائج کے لیے خود متعلقہ صنعتوں کے مالکان/کرایہ دار ذمہ دار ہوں گے۔اور انہیں خود اپنی جانب سے قانونی کارروائی کا سامنا کرنا ہوگا۔اس سلسلہ میں تانڈوراسٹون مرچنٹس ویلفیئر اسوسی ایشن کسی بھی قسم کی مدد یا تعاون کے لیے آگے نہیں آئے گی اور نہ ہی اس معاملہ میں کسی سے بھی کوئی نمائندگی کرے گی۔

لہذاٰ تمام پتھرصنعت مالکین کو ہمارا مشورہ اور ان سے ہماری خواہش ہے کہ و ہ چائلڈ لیبر قوانین کا احترام کرتے ہوئے سختی کیساتھ اس کے نفاذ کو یقینی بنائیں۔

اس سلسلہ میں دیگر ارکان کو بھی واقف کروائیں کہ پولیس اور سرکاری عہدیداروں کی جانب سے بچہ مزدوری کے خلاف مہم کا آغاز بھی ہوچکا ہے اور بچہ مزدوری کروانے والوں کے خلاف قانونی کارروائی بھی کی جارہی ہے۔