پالتو بِلّی کھوگئی،پولیس میں شکایت
تلاش کرکے لانے یا اطلاع دینے والوں کو 35 ہزار روپئے کا انعام
بنگلورو: 24۔جنوری(سحرنیوزڈاٹ کام/ایجنسیز)
گزشتہ چند سال سے جانوروں کے شوقین افراد بڑی تعداد میں اپنے مکانات میں پرشین بلیوں PersianCats# کی پرورش کررہے ہیں۔جن کی قیمت خرید ہزاروں روپیوں میں جبکہ ان کے پرورش اور کھانے پینے پر ماہانہ ہزاروں روپئے خرچ ہوتے ہیں۔
ان بلیوں کی پرورش بھی بالکل خاندان کے ایک فرد کی حیثیت سے کی جاتی ہے۔ان کے بہتر کھانے پینے کے ساتھ ساتھ ان کے بیمار پڑجانے پر ان کا علاج معالجہ بھی بڑی ہی ذمہ داری کے ساتھ کرتے ہیں۔زیادہ تر لوگ ان کی پالتو بلی کے لاپتہ ہوجانے پر پریشان بھی بہت ہوتے ہیں!

دوسری جانب پاکستان کے اردو روزنامہ اوصاف کی ویب سائٹ پر لکھے گئے ایک تفصیلی اور طویل مضمون میں یہ انکشاف کیا گیا ہے کہ”ماہرین کے مطابق بلی کے لمس میں "اللہ نے ڈپریشن کے مرض کا علاج رکھا ہے،اس کے بالوں میں خاص قسم کے بیکٹیریا پائے جاتے ہیں جو انسانی جسم میں ڈپریشن کو کم کرنے میں مدد دیتے ہیں”۔
چنانچہ پالتو بلی کو اپنے ساتھ لپٹا کر بٹھایا اور سلایا جائے،یہ نہ صرف آپ کی بلی کو خوش کرے گا بلکہ آپ کو ڈپریشن سے بھی نجات دلائے گا "۔
(اس معلوماتی اور مکمل مضمون کو اس لنک پر پڑھا جاسکتا ہے)
https://dailyausaf.com/interesting-and-weird/news-202008-69089.html
کرناٹک کے دارالحکومت بنگلورو میں ایسے ہی ایک پرشین کیاٹ کے مالک کی بلی گزشتہ دنوں لاپتہ ہوگئی ہے۔گمشدہ بلی سے ان کی اُنسیت اور لگاؤ کا اندازہ اس بات سے لگایا جاسکتا ہے کہ انہوں نے اس بلی کو تلاش کرکے لانے والوں یا اس کے بارے میں اطلاع دینے والوں کے لیے 35،000 روپئے نقد رقم کا اعلان بھی کیا ہے۔جبکہ انہوں نے باقاعدہ اس بلی کی گمشدگی کی شکایت پولیس میں بھی درج کروائی ہے۔
مصباح شریف جو کہ بنگلور کے جیہ نگر میں راجنا لے آؤٹ کے رہائشی ہیں نے اپنے مکان میں تین سال سے ایک سفید رنگ کی پرشین کیاٹ(بلی) اور ایک خرگوش کو پال رکھا تھا جو کہ ایک دوسرے کے ساتھ بہت زیادہ گھل مل گئے تھے۔اس بلی کا نام انہوں نے "الیزی” رکھا تھا۔جو کہ 15 جنوری کو اچانک لاپتہ ہوگئی۔
"گمشدہ بلی اور خرگوش کا ایک پرانہ ویڈیو یہاں دیکھا جاسکتا ہے”
جس پر پریشان مصباح شریف نے اس علاقے کے تمام مکانات،اپارٹمنٹس اور دیگر قریبی مقامات اور تمام گلی کوچوں میں اپنی گمشدہ پرشین کیاٹ الیزی کو تلاش کیا لیکن اس کا کوئی سراغ نہیں مل پایا۔بعدازاں مصباح شریف نے تلک نگر پولیس اسٹیشن میں اپنی بلی کی گمشدگی کی شکایت بھی درج کروائی۔

مصباح شریف نے نیوزچینلس سے بات کرتے ہوئے اور سوشل میڈیا کے ذریعہ اس بلی کے ساتھ لی گئیں تصاویر اور ویڈیوز کو شیئر کرتے ہوئے اور ساتھ ہی اپنے علاقہ میں اور قریبی علاقوں میں اپنی گمشدہ بلی الیزی کی تصویر کے ساتھ ایک پوسٹر جاری کیا ہے۔
جس میں انہوں اعلان کیا ہے کہ جو کوئی ان کی گمشدہ بلی کو تلاش کرکے ان کے حوالے کریں گے یا اس کا پتہ بتائیں گے تو وہ انہیں 35،000 روپئے کا نقد انعام دیں گے۔

