سیدہ فاطمہ النساء اسماء کوشاتا واہنا یونیورسٹی کریم نگر سے اردو میں ڈاکٹریٹ
ایم اے گولڈ میڈلسٹ کو شعبہء اردو کی پہلی اسکالر بننے کا اعزاز
کریم نگر : 18۔فروری (پریس نوٹ)
کنٹرولر آف ایگزامینیشنس،ڈاکٹر این وی سری رنگا پرا ساد،شاتا واہنا یونیورسٹی کریم نگر کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفیکیشن کے مطابق سیدہ فاطمہ النساء اسماء بنت سید امین الدین قادری صاحب (محبوب نگر) زوجہ سید تقی الدین قادری(کریم نگر) کو فیکلٹی آف آرٹس،شاتاواہنا یونیورسٹی نے اردو میں ان کے پیش کردہ تحقیقی مقالہ” اسلم مرزا حیات شخصیت اور فن ” پر ڈاکٹریٹ کی سند کی مستحق قرار دیا۔
سیدہ فاطمہ النساء اسماء شعبہ اردو شاتا واہنا یونیورسٹی کریم نگر کے پہلے بیاچ کی ایم اے گولڈ میڈلسٹ کے ساتھ یونیورسٹی کی پہلی یو جی سی نیٹ کامیاب طالبہ ہیں اور انہیں یہ اعزاز بھی حاصل ہوا ہے کہ وہ شاتا واہنا یونیورسٹی کے شعبہ اردو کی پہلی پی ایچ ڈی اسکالر بن گئی ہیں۔
سیدہ فاطمہ النساء اسماءنے اپنامقالہ ڈاکٹر محمد جعفر جری،صدرشعبۂ اردو و پرنسپل کالج آف آرٹس اینڈ سوشیل سائنس،شاتا واہنا یونیورسٹی، کریم نگر کی نگرانی میں تحریر کیا۔اگزامینر پروفیسر ایس اے شکور صاحب،سابق صدر شعبہء اردو جامعہ عثمانیہ حیدرآباد اور ڈاکٹر محمد ابرار الباقی، ایسوسی ایٹ پروفیسرشاتا واہنا یونیورسٹی کریم نگر تھے۔
ڈاکٹر حمیراتسلیم،چیرپرسن بورڈ آف اسٹڈیز،ساتاواہنا یونیورسٹی، ڈاکٹر ناظم الدین منور صاحب اسسٹنٹ پروفیسر شعبہ اردو اور ڈاکٹر کلیم محی الدین صاحب گورنمنٹ ویمنس کالج ، کریم نگر کےعلاوہ کالج کے دیگر اساتذہ،ریسرچ اسکالرس،عزیز و اقارب اور دوست احباب نے سیدہ فاطمہ النساء اسماء کو پی ایچ ڈی کی تکمیل پر انہیں مبارکباد پیش کرتے ہوئے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔

