مانو سے پی ایچ ڈی کی تکمیل پر ڈاکٹر آفرین بیگم کو جمعیۃ علماء وقار آباد ضلع کی جانب سےتہنیت

ریاستی خبریں ضلعی خبریں

مانو سے پی ایچ ڈی کی تکمیل پر ڈاکٹر آفرین بیگم کو
جمعیۃ علماء وقار آباد ضلع کی جانب سے تہنیت

وقارآباد/تانڈور: 19۔فروری(سحرنیوزڈاٹ کام)

مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی(مانو) سے پی ایچ ڈی کی تکمیل کرنے پر تانڈور کی طالبہ ڈاکٹر آفرین بیگم کو جمعیۃ علماء ضلع وقار آباد کی جانب سے اس کے دفتر واقع تانڈور میں تہنیت پیش کی گئی اورانہیں ایک یادگار مومنٹو بھی پیش کیا گیا۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے مولانا محمد عبداللہ اظہر قاسمی صدر جمعیۃ علماء ضلع وقارآباد نے کہا کہ مسلم معاشرہ میں شرح خواندگی میں اضافہ کرنا اور ہنر مند طلباء کی ہمت افزائی کرنا جمعیۃ علماء کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔

انہوں نے ڈاکٹر آفرین بیگم کی ستائش کرتے ہوئے کہا کہ ایک سادہ اور عام مسلم گھرانے سے تعلق رکھنے والی طالبہ کا اردو زبان سے ابتدائی تعلیم کرتے ہوئے مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی (مانو )کے اسکول آف کامرس و بزنس مینجمنٹ سے” سرکاری ملازمین کی سرمایہ کاری کا رویہ۔ بحوالہ تلنگانہ” کے موضوع پر پی ایچ ڈی کی تکمیل کرنا اپنے آپ میں ایک کارنامہ ہے جس کی سراہنا کی جانی چاہئے۔

کیونکہ موجودہ دور میں مسلم طلباء میں استقلال کا ثبوت دیتےہوئے اعلی تعلیم کےحصول کے جذبہ کا فقدان دیکھاجارہا ہے جوکہ انتہائی افسوسناک ہے۔ایسے وقت میں ان طلباء و طالبات کی ہمت افزائی اور ہر لحاظ سے ان کا تعاون اور رہنمائی ہماری ذمہ داری ہے۔اس موقع پرجمعیۃعلماء کی جانب سے ڈاکٹر آفرین بیگم اور ان کے والد کو مبارکباد دیتے ہوئے ان کے بہتر مستقبل کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور ان کی شال پوشی کے بعد انہیں تیقن دیا گیا کہ اگلے تمام مراحل میں جمعیۃ علماء ان کےشانہ بشانہ کھڑی ہے اور ہرقسم کے تعاون کے لیے تیار ہے۔

اس موقع پر مقامی شعراء فاروق ساحلؔ اور قیوم یاورؔ نے بھی ڈاکٹر آفرین بیگم کی ستائش کرتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹر آفرین بیگم نے اردو زبان کے متعلق پائی جانے والی غلط فہمیوں اور اس کے زوال پذیر ہونے کے خدشات کو دور کرتے ہوئے تانڈور اور وقارآباد ضلع کی پہلی پی ایچ ڈی سی اسکالر ہونے کا اعزاز اپنے نام کرلیا۔ساتھ اس طالبہ نے قوم اور معاشرہ کے دیگر طلبا و طالبات کو ایک راہ دکھاتےہوئے یہ ثابت کر دیا ہے کہ اردو زبان کی اہمیت اور افادیت آج بھی قائم ہے۔فاروق ساحلؔ اور قیوم یاورؔ نے ڈاکٹر آفرین بیگم کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اپنے والدین،اساتذہ،بالخصوص تانڈور اورضلع وقارآباد کے اردو داں طبقہ کا سر فخر سے بلند کر دیا ہے۔

اس تہنیتی تقریب میں جمعیتہ علماء ضلع وقار آباد کے عہدیداران ڈاکٹر حافظ عبدالسلام،مولانا آصف الدین رشیدی،مولانا عبدالرحمن اطہر قاسمی، حافظ محمد رئیس الدین،محمد نصیرالدین ساگر(ساگر پرنٹرس)،حافظ مقبول احمد،مولاناسید فراست علی قاسمی،مولانا اظہر الدین قاسمی،مفتی سید شکیل احمد قاسمی، مولانا کاشف الدین تبریز قاسمی اور محمد منیر احمد کے علاوہ دیگر شریک تھے۔

 

آفرین بیگم کی جانب سے پی ایچ ڈی کی تکمیل سےمتعلق تفصیلی رپورٹ اس لنک پر پڑھی جاسکتی ہے۔"

مولانا آزادنیشنل اردو یونیورسٹی سے آفرین بیگم کی کامرس میں پی ایچ ڈی کی تکمیل، اردو میڈیم سرکاری اسکول سے پی ایچ ڈی تک کا بے مثال سفر

 

سحر نیوز ڈاٹ کام
ایک ماہر مترجم کی ضرورت ہے۔
جن کا تعلق اردو صحافت سے ہو اور جو انگریزی سے گوگل ترجمہ کی مدد لیے بغیر اردو ترجمہ کرسکتے ہوں۔
خواہشمند خواتین اور مرد اس ای۔میل پر رابطہ قائم کرسکتے ہیں۔
sahernews.com@gmail.com

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے